غزل برائے اصلاح - زبیر صدیقی

زبیر صدیقی

محفلین
السلام علیکم؛

میری تازی شمولیت کو قبول فرمائیے۔ میں اکثر اوقات آپ تمام اساتذہ کی باتوں سے مستفید ہوتا رہتا ہوں۔ اللہ آپ سب کو خوش رکھے۔میں چین کے شہر شنگھائی میں قیام پذیر ہوں۔

ایک غزل اصلاح کے لئے پیش کر رہا ہوں۔ امید ہے آپ وقت نکال کر اس پر ایک نظر کریں گے۔

وقت میں نے یہاں جیا جتنا
چاک دامن کیا - سیا جتنا

مجھ کو تو بس وہی ہے صد فیصد
جام ساقی نے بھر دیا جتنا

اُتنا ہی زندگی بھی بدلے گی
سوچ بدلے گی زاویہ جتنا

چھٹتا جاتا ہے ہمدمی کا گِلہ
درد کو فرد کر لیا جتنا

دُشمنی خُو نہیں، عدُو سے بھی
جھگڑا تیرا کیِا - کیِا جتنا

کتنا جاہِل ہوں، یہ کھلا مجھ پر
قلزمِ آگہی پِیا جتنا

اِس قدر بھی نہ کر سکوں گا کیا؟
کر گیا کام اِک دِیا جتنا

رکّھو کچھ اور تم متَن کے لئے
قصّہ اپنا ہے حاشیہ جتنا

بُجھنا تھا، بُجھ گیا ہے دِل، اب تُم
کرنا ہے، کر لو تجزیہ جتنا
 
السلام علیکم؛

میری تازی شمولیت کو قبول فرمائیے۔ میں اکثر اوقات آپ تمام اساتذہ کی باتوں سے مستفید ہوتا رہتا ہوں۔ اللہ آپ سب کو خوش رکھے۔میں چین کے شہر شنگھائی میں قیام پذیر ہوں۔

ایک غزل اصلاح کے لئے پیش کر رہا ہوں۔ امید ہے آپ وقت نکال کر اس پر ایک نظر کریں گے۔

وقت میں نے یہاں جیا جتنا
چاک دامن کیا - سیا جتنا

مجھ کو تو بس وہی ہے صد فیصد
جام ساقی نے بھر دیا جتنا

اُتنا ہی زندگی بھی بدلے گی
سوچ بدلے گی زاویہ جتنا

چھٹتا جاتا ہے ہمدمی کا گِلہ
درد کو فرد کر لیا جتنا

دُشمنی خُو نہیں، عدُو سے بھی
جھگڑا تیرا کیِا - کیِا جتنا

کتنا جاہِل ہوں، یہ کھلا مجھ پر
قلزمِ آگہی پِیا جتنا

اِس قدر بھی نہ کر سکوں گا کیا؟
کر گیا کام اِک دِیا جتنا

رکّھو کچھ اور تم متَن کے لئے
قصّہ اپنا ہے حاشیہ جتنا

بُجھنا تھا، بُجھ گیا ہے دِل، اب تُم
کرنا ہے، کر لو تجزیہ جتنا
اردو محفل فورم میں خوش آمدید جناب۔ گویا اس خوب صورت غزل کے ساتھ دھماکے دار آمد ہے اردو محفل میں آپ کی۔ اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ۔

بس کہیں کہیں کچھ حروف گر کر روانی کو متاثر کر رہے ہیں خاص طور پی آخری شعر میں دونوں مصرعوں کے پہلے الفاظ میں الف کا گرنا۔

اتنا ہی زندگی بھی بدلے گی
میں اتنا کا بھی یہی معاملہ ہے۔
 

زبیر صدیقی

محفلین
اردو محفل فورم میں خوش آمدید جناب۔ گویا اس خوب صورت غزل کے ساتھ دھماکے دار آمد ہے اردو محفل میں آپ کی۔ اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ۔

بس کہیں کہیں کچھ حروف گر کر روانی کو متاثر کر رہے ہیں خاص طور پی آخری شعر میں دونوں مصرعوں کے پہلے الفاظ میں الف کا گرنا۔

اتنا ہی زندگی بھی بدلے گی
میں اتنا کا بھی یہی معاملہ ہے۔


جناب خلیل الرحمٰن صاحب۔ آپ کی عزت افزائی کے بے حد شکریہ۔ اور رہنمائی کا بھی۔ آپ کی آراء کے تناظر میں کچھ یوں تبدیلیاں کر دی ہیں۔

زندگی اُس قدر ہی بدلے گی
سوچ بدلے گی زاویہ جتنا

دل کو بجھنا تھا بجھ گیا، اب تم
کر لو، کرنا ہے تجزیہ جتنا

چونکہ “اس قدر “ استعمال ہو گیا تو ساتواں شعر اس طرح کر دیا ہے کہ؛

کیا نہ کر پاؤں گا میں اتنا بھی
کر گیا کام اِک دیا جتنا

و السلام۔
 
کیا نہ کر پاؤں گا میں اتنا بھی
کر گیا کام اِک دیا جتنا
مجھے تو یہی صورت زیادہ بھا رہی ہے۔
اِس قدر بھی نہ کر سکوں گا کیا؟
کر گیا کام اِک دِیا جتنا

الفاظ و تراکیب ایک سے زیادہ دفعہ استعمال کرنا کوئی عیب تو نہیں۔ :)
 

سید عاطف علی

لائبریرین
خوش آمدید زبیر صدیقی صاحب۔ بہت اچھی غزل پیش کی ہے ۔ماشاءاللہ۔

"وقت جینا" ایک عجیب ناپختہ سا محاوراتی اسلوب ہے ۔اچھے مطلع کو کمزور کرتا ہے۔

متن کے تلفظ میں دراصل ت ساکن ہوتی ہے لہذا کچھ عجیب لگ رہا ہے ۔
اور اگلے مصرع میں حاشیہ سے کیوں کہ اختصار کی طرف اشارہ ہے اس لیے " کچھ اور" کے بجائے کچھ اور ہونا چاہیئے ، جو اختصار کو تقویت دے اور زیادہ موافق ہو ۔ جیسے "متن کے واسطے رکھو گے کیا" ؟ اس طرح قصہ حاشیہ میں بہتر سمٹتا ہے۔

باقی زبان و بیان اور خیال پسند آیا۔
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
دئے والے شعر کی جو بھی صورت شاعر کو خود قبول ہو، اسے ہی رکھا جائے۔
اس قدر یا کوئی بھی لفظ یا ترکیب دو متصل اشعار میں نہ ہو تو بری نہیں لگتی۔ یہاں تو دوسرے اور ساتویں اشعار میں دہرایا جا رہا ہے!
دیکھا یہ فائدہ ہوا نا فورم میں پوسٹ کرنے سے!
احباب کو بتا دوں کہ عزیزی زبیر نے ذاتی مکالمے میں اس کی اصلاح کی خواہش کی تھئ تو میں نے یہی جواب دیا تھا کہ فورم میں پوست کریں
 

زبیر صدیقی

محفلین
اللّہ اکبر: آپ سب کے مشورے اور صلاح کا شکریہ۔ جتنی باریکیوں کی نشاندہی کیں وہ سب یقیناً بہت زبردست ہیں۔ میں خیال رکھوں گا۔ پسندیدگی کا بھی شکریہ۔

جناب الف عین صاحب : آپ نے صحیح فرمایا تھا۔ اصل میں یہ اردو محفل میں میرا پہلا تجربہ تھا۔ ان شااللّہ خیال رکھوں گا۔

و السلام۔
 
Top