عالم تری نگہ سے ہے سرشار دیکھنا (ماہ لقا چندا)

غدیر زھرا

لائبریرین
عالم تری نگہ سے ہے سرشار دیکھنا
میری طرف بھی ٹک تو بھلا یار دیکھنا

ناداں سے اک عمر رہا مجھ کو ربط عشق
دانا سے اب پڑا ہے سروکار دیکھنا

گردش سے تیری چشم کے مدت سے ہوں خراب
تس پر کرے ہے مجھ سے یہ اقرار دیکھنا

ناصح عبث کرے ہے منع مجھ کو عشق سے
آ جائے وہ نظر تو پھر انکار دیکھنا

چندا کو تم سے چشم یہ ہے یا علی کہ ہو
خاکِ نجف کو سرمہء ابصار دیکھنا

(ماہ لقا چندا)
 
Top