طبی خبریں۔۔۔۔

زین

لائبریرین
سورج کی روشنی بچوں کو نزدیک کی نظرکمزور ہونے سے بچاتی ہے۔ طبی تحقیق
سڈنی ................جدید طبی تحقیق کے مطابق دھوپ میں چند گھنٹے گزارنے کا عمل بچوں کو نظر کی کمزوری سے محفوظ بناتا ہے۔ خاص طور پر نزدیک کی نظر کی کمزوری سے بچنے کےلئے سورج کی شعاعیں خاص طور پر مفید ثابت ہوتی ہیں۔ آسٹریلیا میںہونے والی اس طبی تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ دھوپ میں دو سے تین گھنٹے گزارنے کا عمل صرف نظر کی کمزوری سے ہی نہیں بچاتا بلکہ جسمانی نشوونما میں بھی مدد دیتا ہے۔ آسٹریلین ریسرچ کونسل کے زیر اہتمام ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مایوپیا آنکھوں کی ایک خطرناک بیماری ہے جو زیادہ پڑھنے لکھنے والوں کو آخری عمر میں لاحق ہوجاتی ہے مگر بچوں میں اس بیماری کی بڑھتی ہوئی شرح سے طبی ماہرین پریشان تھے۔ ماہرین نے دیکھا کہ جو بچے سورج کی روشنی سے استفادہ نہیں کرتے وہ بہت جلد اس کا شکار ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین نے دوران تحقیق دیکھا کہ ہانگ کانگ، تائیوان، جاپان، کوریا اورچین میں لاکھوں بچے پرائمری سطح پر ہی مایوپیا کا شکار ہوچکے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
پریشانی اور ذہنی دباﺅ عارضہ قلب کا باعث بنتا ہے۔ طبی ماہرین
لندن ............جدید طبی تحقیق کے مطابق لمبے عرصے تک پریشانیوں اور ذہنی دباﺅ کا عمل فرد کو عارضہ قلب میں مبتلا کردیتا ہے۔ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ عارضہ قلب جسمانی وجوہات سے ہی نہیں بلکہ ذہنی وجوہات کی وجہ سے بھی لاحق ہوتا ہے۔ گوئیجین گورے ہنیگرین انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پرسکون زندگی گزارنے والے افراد میں عارضہ قلب کی شرح نمایاں طور پر کم دیکھی گئی جبکہ ذہنی پریشانیوں کے حامل افراد میں یہی شرح خاصی بلند تھی۔ اس تحقیق میں 200 کے قریب مرد اور خواتین کی ذہنی اور جسمانی صحت کا تجزیہ کیا گیا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
دل کے مریضوں کی نگہداشت ہسپتال کی بجائے گھر میں زیادہ بہتر طریقے سے کی جاسکتی ہے۔ طبی تحقیق
نیویارک ............جدید طبی تحقیق کے مطابق دل کے مریضوں کی نگہداشت ہسپتال کی بجائے گھر میں زیادہ بہتر طریقے سے کی جاسکتی ہے۔ گھر کا ماحول مریض کو سنبھلنے میں زیادہ مدد دیتا ہے۔ امریکہ میں ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق گھر پر دل کے مریض کی نگہداشت کا پروگرام تیار کر لیا جائے تو وہ ہسپتال کے اندر نگہداشت سے زیادہ بہتر ہوتا ہے کیونکہ گھر پر مریض اپنے عزیز واقارب کو نزدیک پاکر زیادہ تیزی سے صحت یاب ہوتا ہے۔ اس تحقیق میں 10 ہزار سے زیادہ مریضوں کے کوائف کو سامنے رکھ کر صحت مندی کی شرح دیکھی گئی تھی جس میں حیرت انگیز طور پر گھروں میں رہنے والے مریضوں کی تعداد زیادہ دیکھی گئی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
 
Top