شوق نے زندگی بدل دی ہے

عظیم

محفلین
شوق نے زندگی بدل دی ہے
اب تو بس فکر مجھ کو کل کی ہے

کھل گیا ہے یہ کس جہان کا در
جس میں خواہش بس اک مچلتی ہے

کھویا رہتا ہوں رات دن میں کہیں
مجھ پہ اپنی نہ اک بھی چلتی ہے

کھینچتا جا رہا ہے اپنی اور
مجھ کو بھی اس طرف کی جلدی ہے

ہوش کہتے ہیں کس کو کیا معلوم
بس یہ ہے زندگی گزرتی ہے

سر کا تحفہ بھی پیش اس کے حضور
لے نہ لے اب یہ اس کی مرضی ہے

ہم کو چلنا ہے صرف اپنی راہ
دنیا اپنی ڈگر پہ چلتی ہے

عظیم بھائی، آپ اس زمرے میں کہاں؟؟؟ :)
مطلع اچھا، جاندار کہا ہے آپ نے

کھویا رہتا ہوں رات دن میں کہیں
مجھ پہ اپنی نہ اک بھی چلتی ہے
دوسرے مصرعے میں مجھ کو خود سے بدل دیں تو کیسا رہے گا؟ ویسے یہاں ’’پر‘‘ آ سکتا ہے تو تخفیف کیوں؟
ع۔ خود پر اپنی نہ ایک چلتی ہے؟؟؟

کھینچتا جا رہا ہے اپنی اور
مجھ کو بھی اس طرف کی جلدی ہے
کون؟

ہم کو چلنا ہے صرف اپنی راہ
دنیا اپنی ڈگر پہ چلتی ہے
یہاں چلتی ہے کے بجائے ’’چلتی رہے‘‘ ہوتا تو شاید معنی بہتر طریقے سے ادا ہو پاتا ۔۔۔
 
عظیم

محفلین
عظیم بھائی، آپ اس زمرے میں کہاں؟؟؟ :)
مطلع اچھا، جاندار کہا ہے آپ نے
**جزاک اللہ خیر

دوسرے مصرعے میں مجھ کو خود سے بدل دیں تو کیسا رہے گا؟ ویسے یہاں ’’پر‘‘ آ سکتا ہے تو تخفیف کیوں؟
ع۔ خود پر اپنی نہ ایک چلتی ہے؟؟؟

**'پر' میں نے اس لیے استعمال نہیں کیا کہ مجھے کچھ تکلف لگا پ رپنی تقطیع ہونے میں۔

کون؟
**یہاں میں سمجھتا ہوں کہ واضح کرنے کی ضرورت نہیں۔ اس طرح بھی مطلب ادا ہو رہا ہے

یہاں چلتی ہے کے بجائے ’’چلتی رہے‘‘ ہوتا تو شاید معنی بہتر طریقے سے ادا ہو پاتا ۔۔۔
**یوں بھی مجھے بہتر لگ رہا ہے، جس طرح ہے
 
بھائی آپ کی غزل ہے، جیسے چاہیں برت سکتے ہیں ۔۔۔
آپ نے اصلاحِ سخن میں پوسٹ کی اور تبصرے کے لیے کسی قسم کی تحدید بھی نہیں کی، اس لیے ہم اپنی رائے پیش کردی جو، آپ کے مراسلے کی ترشی سے، لگتا ہے آپ کو پسند نہیں آئی ۔۔۔ بہر حال آئندہ احتیاط کریں گے۔
وصال الف کو پرتکلف آپ نے خوب کہا ۔۔۔ جبکہ یہ اساتذہ کے یہاں زیادہ پسندیدہ ہے۔
 
مراسلے میں ترشی نہیں ہے بھائی۔ بس میں سمائیلیز استعمال نہیں کرتا شاید اس لیے لگا ہو۔ وصال الف کے بارے میں میں نے لکھا ہے کہ 'مجھے کچھ تکلف لگا'۔ آپ کے مشوروں کا بہت شکریہ لیکن میں نے اپنا خیال پیش کیا ہے کہ مجھے یوں لگتا ہے۔
 
الف عین

لائبریرین
مجھ یا خود مجھے دونوں قبول ہیں، لیکن
خود پر اپنی نہ ایک چلتی ہے
بھی مجھے رواں نہیں لگ رہا
ایک اپنی نہ مجھ پہ چلتی ہے
شاید بہتر ہو
کھینچتا جا... والے شعر میں اگرچہ فاعل واضح نہیں مگر چل سکتا ہے
چلتی ہے تو ردیف ہی ہے، دنیا چلتی ہے بھی درست ہے، تمہارا مصرع تھیک ہے، لیکن پہلے مصرع میں محنت کی ضرورت تھی
میں تو بس اپنی راہ چلتا ہوں
جیسا کوئی رواں مصرع کو تو بہتر ہے
اور یہ مصرع
بس یہ ہے زندگی گزرتی ہے
بہتری چاہتا ہے
یوں ہے، بس زندگی....
پر غور کرو
 
عظیم

محفلین
کھویا رہتا ہوں رات دن میں کہیں
اک بھی اپنی نہ مجھ پہ چلتی ہے

ہوش کہتے ہیں کس کو کیا معلوم
یوں ہے، بس زندگی گزرتی ہے

مجھ کو چلنا ہے راہ پر اپنی
دنیا اپنی ڈگر پہ چلتی ہے
 
Top