طارق شاہ
محفلین
غزل
یہ حُسنِ عُمرِ دو روزہ تغیّرات سے ہے
ثباتِ رنگ اِسی رنگِ بے ثبات سے ہے
پرودِیئے مِرے آنسوسَحر کی کِرنوں نے
مگر وہ درد، جو پہلوُ میں پچھلی رات سے ہے
یہ کارخانۂ سُود و زیانِ مہر و وفا
نہ تیری جیت سے قائم، نہ میری مات سے ہے
مجھے تو فُرصتِ سیرِ صِفاتِ حُسن نہیں
یہاں جو کام ہے، وابستہ تیری ذات سے ہے
ہر اِک سراب سے چمکا ہے ظرفِ سیرابی
ہر ایک سِلسِلۂ تشنگی فُرات سے ہے
تعلّقات کی گہرائیوں کا اندازہ
خُدا گواہ، کہ ترکِ تعلّقات سے ہے
ہنوز سنگ میں رقصاں ہے جُوئے شِیر، اے شاؔد
ہنوز، آس کِسی تیشہ زن کے ہات سے ہے
شاؔذ تمکنت
Shaz Tamkanat - Profile & Biography | Rekhta
آخری تدوین: