سچن ٹرائی سیریز، ایشیا کپ سے باہر

سچن ٹرائی سیریز، ایشیا کپ سے باہر


’ٹندولکر مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں‘
بھارتی بلے باز سچن ٹندولکر گروئن میں تکلیف کی وجہ سے بنگلہ دیش میں ہونے والی سہ ملکی سیریز اور پاکستان میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
ٹندولکر نے گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں اس تکلیف کی وجہ سے حصہ نہیں لیا تھا اور بعد ازاں وہ آئی پی ایل کے کچھ میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری نرنجن شاہ نے ٹندولکر کے ان فٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ’ ٹندولکر بھارتی ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ وہ مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں‘۔

بنگلہ دیش میں آٹھ جون سے شروع ہونے والی سہ ملکی سیریز میں بھارت کے علاوہ میزبان بنگلہ دیش اور پاکستان بھی حصہ لے رہے ہیں جبکہ چوبیس جون سے چھ جولائی تک کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں ان تین ممالک کے علاوہ سری لنکا، ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات بھی حصہ لیں گے۔

 
Top