رو پڑا ناگہاں مُسکرانے کے بعد - ڈاکٹر احمد علی برقیؔ اعظمی

شمشاد

لائبریرین
رو پڑا ناگہاں مُسکرانے کے بعد
یاد آئی بہت اُس کی جانے کے بعد

میری آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں
وہ نظر آیا جب اک زمانے کے بعد

روح پرور تھا اس کا یہ طرز عمل
روٹھ جانا دوبارہ منانے کے بعد

روٹھنے اور منانے کی دلکش ادا
ہے بہت دلنشیں دل لگانے کے بعد

دل کو دل سے ملاتی ہے یہ دل لگی
اس کا ہونا پشیماں ستانے کے بعد

تلخ و شیریں ہے رودادِ دلبستگی
مُنکشف یہ ہوا آزمانے کے بعد

حاصل زندگی تھا یہ میرے لیے
شمع دل کو جلانا بجھانے کے بعد

کیفیت دل کی تھی میرے ناگفتہ بہہ
جب نہ آیا تھا وہ، اس کے جانے کے بعد

شخصیت کا مری بن گیا ایک جز
میرے قلب و جگر میں سمانے کے بعد

ہے یہ برقیؔ حسینوں کی فطرت کا جز
وعدہ کر کے نہ آنا بلانے کے بعد
(ڈاکٹر احمد علی برقیؔ اعظمی)
 
Top