نصیر الدین نصیر دل ہوا جس وقت یک سو جب بھی تنہائی ملی - پیر سید نصیر الدین نصیرؔ گیلانی

دل ہوا جس وقت یک سُو ،جب بھی تنہائی مِلی
ہم کو محبوبِ خدا کی جلوہ آرائی مِلی

سلسبیل و کوثر و تسنیم مولا کا کرم
ہر قدم پر حشر میں ہم کو پزیرائی ملِی

آنکھ کھولی تھی جنہوں نے شرک کے ماحول میں
ایسے اندھوں کو بھی اُن کے در سے بینائی مِلی

ہو سکی حاصل نہ جس کو نسبتِ خیرالورٰی
دو جہاں میں اس سِیہ قسمت کو رُسوائی مِلی

اللہ اللہ ، یہ نگاہِ مصطفےٰ کا معجزہ
سنگ ریزے بول اُٹّھے اُن کو گویائی مِلی

ان کے صدقے میں ملا کیا کچھ نہ خالق سے ہمیں
علم و حکمت ہاتھ آئے ، فہم و دانائی مِلی

ہم ہُوئے کچھ اور گُم اُن کے تصور میں نصیرؔ
جس گھڑی فرصت مِلی ، جس وقت تنہائی مِلی​
پیر سید نصیر الدین نصیر گیلانی
 
Top