تیرہویں سالگرہ دربار عام: اراکین عملہ کٹہرے میں

جو حضرات معطل کیے جاتے ہیں ان کی معطلی کا سبب بسا اوقات موقع پر غیر حاضر محفلین کو معلوم نہیں ہوپاتا۔ اس لیے معطلی کا باقاعدہ اعلان"اعلانات" کے زمرے ہونا چاہیے۔ اور ساتھ ہی معطلی کی وجہ مع مختصر داستان :)
چاہے اعلان کے ساتھ ہی اس لڑی کو مقفل کر دیا جائے۔ :):):)
آپ کی بات اس لحاظ سے بجا ہے کہ بعض معاملات شفاف ہوں تو بدگمانیوں کا امکان کم رہتا ہے۔ کئی دفعہ ہماری کوشش بھی ہوتی ہے کہ مراسلوں کی تحذیف یا تدوین کی جائے تو صاحب مراسلہ کو اس کی اطلاع دے دی جائے یا کسی نے کچھ رپورٹ کیا ہو تو اس پر ہوئی کاروائی سے انھیں آگاہ رکھا جائے، جو کہ کئی دفعہ ممکن نہیں ہوتا۔ البتہ ہر بات کا عام معلومات میں لایا جانا اور خاص کر تعطل جیسے منفی نوعیت کے اقدامات، ان اراکین کے لیے ایک مسلسل کوفت کا باعث ہو سکتا ہے۔ کسی کو معطل کر کے ہماری کوشش محض محفل کے ماحول کو بہتر بنانے کی ہوتی ہے، نا کہ کسی رکن کو شرمندہ کرنے یا اذیت دینے کی۔ :) :) :)
 
ارے نہیں نہیں۔۔ سب کو معاف کیا۔۔سوائے فرقان احمد بھیا کے۔۔۔ان کے جرائم یا یوں کہیے میری طرف سے شکوے شکایات کی 'نکی" سی فہرست کچھ یوں ہے
1: اتنے سٹریٹ فارورڈ کیوں ہیں۔۔ کہ بندہ دوسری بات کرنے کی جرات ہی نا کرسکے۔۔:unsure:
2: آپ اتنے چھپے رستم کیوں ہیں؟
3: کوئی بات ہوتی ہے جو صرف آپ سے مشورہ کرنے والی ہو(کسی بھی صورتحال میں ایسا ہوسکتا ہے) اور سب سے بڑھ کر ذاتی پیغام میں۔۔ تو بندہ یا بندی رابطہ کس طرح کرے؟
4: آپ نے اپنے کوائف نامے پہ تبصرے کی آپشن تک بند کررکھی ہے۔۔ بندہ پوچھے آپ کا انوکھا کوائف نامہ ہے( سوری کچھ زیادہ تو نہیں ہوگیا۔۔:heehee:)
فی الحال چار ہی بہت ہیں۔۔ کہیں اپنی مدیرانہ صلاحتیں یہاں نا دکھانا شروع کردیں آپ۔۔:laugh:
صرف دل کی بھڑاس ہی نکالنی ہے یا عملی اقدام بھی ہوسکتا۔۔:rollingonthefloor:
یہ سب چھوٹے چھوٹے شکوے ہیں۔۔ اس مطلب یہ نہیں کہ ہمیں کوئی اختلاف ہے بھیا سے۔۔ ہی از سچ اے نائس پرسن۔۔ اللہ پاک خوش رکھے بھیا کو۔۔آمین
عملی اقدامات کا کھلا ہوا ثبوت یہ ہے کہ اب برادرم فرقان احمد سے رابطے کے کئی در وا ہو چکے ہیں۔ ہماری خادمانہ قوتوں کے زیر اثر ہمیں موصوف کی اس پردہ اندازی کا اندازہ نہ تھا ورنہ یہ مسئلہ کب کا حل ہو چکا ہوتا۔ :) :) :)
 

جاسمن

لائبریرین
محفل میں معطلیوں کا قصہ بھی عجیب ہے، اس پر جتنی بھی بات کی جائے کم معلوم پڑتی ہے۔ اسپیمرز کو چھوڑ کر باقی کسی بھی رکن کو معطل کرنا انتظامیہ کے لیے انتہائی تکلیف دہ کام ہوتا ہے۔ ہماری ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ تکنیکی گہوارہ ہونے کے ساتھ ساتھ اظہار رائے کے ایک آزاد علمی پلیٹ فارم کے طور پر محفل کی شناخت برقرار رہے۔ یہاں لوگ اپنے وہ افکار بھی آزادی سے شریک کر سکیں جو مروتاً یا کسی خوف کے باعث اپنے آس پاس کے لوگوں کے سامنے ظاہر نہ کر سکتے ہوں۔ یہاں اس بات کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ ازادی اظہار رائے کا مطلب شر انگیزی کی دعوت نہیں۔ ایسے میں کسی کو معطل کرنا بجائے خود اس مقصد کے منافی ہے۔ البتہ، اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم سبھی من حیث المحفلین بلوغت، رواداری، اور برداشت کا ثبوت دیں۔ اس میں اراکین عملہ کا کردار فقط گفتگو کی فضا کو سازگار بنائے رکھنے اور غیر ضروری آلائشوں کو صاف کرتے رہنے تک محدود ہوتا ہے۔ عین ممکن ہے کہ وہ اپنی انفرادی حیثیت سے کسی ایک رائے کے ساتھ ہوں، لیکن ان کے کسی ادارتی یا انتظامی عمل کو جانبداری کا نام دینا زیادتی ہے۔ ویسے ادارتی کاروائیوں میں غیر محسوس قسم کی فطری جانبداری کے امکانات کو ختم کرنے کا ایک طریقہ اراکین عملہ کا تنوع ہے۔ ہماری مسلسل کوشش رہتی ہے کہ اراکین عملہ میں مختلف آرا و سوچ کے حاملین شامل ہوں۔ بس بنیادی شرط یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنے ادارتی کاموں کو اپنے فکری جھکاؤ سے الگ رکھ کر انجام دے سکیں اور بہت زیادہ جاسوس طبیعت کے حامل نہ ہوں جنھیں ہر رکن کے بارے میں غیر ضروری چھان بین کی عادت ہو، کیونکہ اس سے اراکین کی رازداری متاثر ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ :) :) :)

ویسے ہر معطلی کے اپنے اپنے اسباب و اثرات ہوتے ہیں۔ کچھ معطلیاں عارضی ہوتی ہیں تو کچھ قدرے دیر پا یا دائمی۔ کئی دفعہ بظاہر نسبتاً چھوٹا نظر آنے والا سبب اس کا باعث بن جاتا ہے، لیکن اس کی مثال کسی پتھر کو توڑ دینے والی ہتھوڑے کی اس سویں چوٹ کی سی ہوتی ہے جس سے پہلے کی ننیانوے چوٹوں کا بظاہر یا بباطن مجموعی اثر بھی اس نتیجے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ عموماً ہر معطلی سے قبل متعلقہ اراکین کو محبتاً، کنایتاً، مفرداً، یا اجتماعی بنیادوں پر اعلانیہ یا ذاتی طور پر توجہ دلا کر درخواست، سرزنش، یا تنبیہ ضرور کی جاتی ہے۔ ان میں سے کچھ تو گھاگ اور چکنے گھڑے ہوتے ہیں جن پر ایسی کسی بات کا اثر ہی نہیں ہوتا، کچھ اسے للکار سمجھ کر اعلانیہ اظہار تلذذ کرتے پھرتے ہیں، اور کچھ اپنے وقتی تاثرات کے چلتے ضد کا شکار ہو جاتے ہیں۔ جو ان سب سے مستثنیٰ ہوں ان کے ساتھ تعطل کی نوبت کبھی نہیں آتی، اور اگر آئے تو اسے انتظامیہ کی غلطی یا غلط فہمی تصور کی جانی چاہیے، جس کے لیے ہم معافی کے خواستگار ہیں۔ :) :) :)

پچھلے دنوں جب کئی اراکین معطل ہوئے اس وقت محفل کی فضا کچھ عجیب سی ہو گئی تھی، ہر کوئی شاکی نظر آ رہا تھا۔ ہر کسی کا اپنا اپنا موقف تھا اور ہر کوئی اپنی آدھی ادھوری یک طرفہ معلومات کی بنیاد پر حتمی رائے قائم کیے بیٹھا تھا۔ اس پر طرہ یہ کہ لوگ منتظمین اور محفل کے خلاف احتجاج اور محاذ آرائی پر اتر آئے۔ بجائے کسی تعمیری موضوع پر گفتگو کر کے اس پلیٹ فارم سے استفادہ کرنے کے، اپنی توانائیاں الزام تراشی پر صرف کرنے لگے اور اپنے جھگڑوں کو منتظمین کے سر منڈھ دیا۔ الزامات وہی پرانے تھے کہ انتظامیہ کسی ایک فریق کو غیر ضروری ڈھیل دے رہی ہے اور دوسرے کی نکیل کس رہی ہے۔ جبکہ انتظامیہ کا موقف ایسے معاملات میں یہ رہا ہے کہ ماحول کو درست کرنے کی غرض سے حد سے زیادہ غیر ضروری شور و شر پھیلانے والوں کی آواز کچھ دیر کے لیے دھیمی کر دی جائے، ان کی کسی مخصوص رائے کی وجہ سے نہیں بلکہ غیر مناسب طریقہ اظہار کے باعث۔ ایسے میں منتظمین کے پاس دو چارہ کار تھے، یا تو وہ ہر کسی کی شکایات کا فرداً فرداً جواب دیتے اور الزامات پر صفائیاں دیتے، جس کے نتیجے میں فوری طور پر لوگوں کی بدگمانیاں دور ہونا بعید از امکان تھا، یا پھر وہ خاموشی اختیار کرتے اور ماحول کے کسی قدر ٹھیک ہونے کا انتظار کرتے۔ اپنی مصروفیات و ترجیحات کے چلتے انھوں نے مؤخر الذکر کا انتخاب کیا۔ البتہ جو لوگ مسلسل احتجاجات کے باعث محفل کے ماحول کو بہتری کی طرف لوٹنے کی راہ میں حارج ہو رہے تھے انھیں عارضی طور پر معطل کر دیا۔ کچھ عرصہ بعد جب محفل کا ماحول قدرے بہتری کی طرف گامزن ہوا تو امید کی جاتی تھی کہ عارضی تعطل ختم ہونے پر لوگ اس بہتر ماحول کا حصہ بنیں گے، لیکن ان میں سے کچھ کے شکوے ابھی تمام نہیں ہوئے تھے جس کے چلتے وہ آتے ہی پھر وہی راگ الاپنے لگے۔ ایسے میں انھیں کھلی چھوٹ دی جاتی تو پہلے جیسا تناؤ کا ماحول پھر بن جاتا جو کسی کے لیے مناسب نہ تھا۔ :) :) :)

معطلیوں کو لے کر ایک بات ایسی ہے جو آپ میں سے بیشتر کے لیے نئی ہو گی۔ یوں تو برادرم نبیل کے بارے میں یہ بات عام ہے کہ وہ بہت جلدی لوگوں کو معطل کرنے لگتے ہیں، لیکن یہ بات بہت ہی کم لوگوں کے علم میں ہے کہ انتظامی گفتگو کے دوران وہی اکثر اس بات کو سامنے لاتے ہیں کہ تمام اسباب ایک طرف، بس کچھ ایک کو چھوڑ کر باقی سبھی کا تعطل ختم کرنے کے بارے میں آپ لوگوں کی کیا رائے ہے؟ نتیجتاً کچھ لوگوں کا تعطل ختم کر دیا جاتا ہے اور کچھ کا فیصلہ مستقبل پر ٹال دیا جاتا ہے۔ عموماً کسی کا تعطل نہ ختم ہونے کا سبب اس بات کا عدم یقین ہوتا ہے کہ وہ اپنی پرانی روش پر نہیں لوٹیں گے۔ ماضی میں ہم نے کچھ عادی لوگوں کو اپنی ضمانت پر "ایک دفعہ اور سہی" کہہ کر بحال کروایا اور جلدی ہی نادم ہوئے۔ بہر کیف، مذہب و سیاست کے زمرہ جات کی مناسب ادارت ہوتی رہے تو حالات خراب ہونے کا امکان کم رہتا ہے۔ نئے مدیران نے اب تک اس کام کو نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیا ہے۔ ساتھ ہی انتظامی اور ادارتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کئی تکنیکی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔ مستقبل میں مزید احباب کو اراکین عملہ میں شریک کر کے بہتری کی مسلسل کوششیں جاری رہیں گی۔ :) :) :)

یقین مانیں بہت سکون ملا ہے یہ مراسلہ پڑھ کے۔ بہت جامع، مثبت،دوستانہ، مدلل اور غلط فہمیاں و بدگمانیاں مٹانے والا۔
جزاک اللہ خیرا کثیرا۔
 
ایک سوال تمام عملے سے:

اردو ویب اور محفل ماضی میں گپ شپ اور تبادلۂ خیال کے ساتھ ساتھ اردو کمپیوٹنگ اور انٹرنیٹ کے لئے اہم منصوبوں میں پیش پیش رہے ہیں۔ اس کام کو جاری رکھنے یا اس کے احیا کے لئے آپ کیا کر رہے ہیں؟
پچھلے چند برسوں میں اردو کمپیوٹنگ کے منصوبہ جات پر پیش رفت تقریباً رکی ہوئی ہے اور جتنی ہوئی ہے وہ تسلی بخش نہیں۔ ماضی میں عموماً نئے منصوبے اراکین کی طرف سے پیش کیے جاتے رہے ہیں اور عموماً وہی ان کو آگے بڑھانے کا کام بھی کرتے رہے ہیں۔ اس میں انتظامیہ کا کردار وسائل و افرادی قوت کی فراہمی اور مشاورت وغیرہ رہی ہے۔ وقت کے ساتھ جس رفتار سے انٹرنیٹ پر اردو لکھنے پڑھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا اس تناسب سے اردو ویب کے عملے میں توسیع نہ ہو سکی۔ نتیجتاَ فیصلہ کن اختیارات اور قوتوں کا ایک طرح کا ارتکاز ہو گیا، جبکہ صاحب اختیار لوگوں کی دیگر ترجیحات نے ان کی توجہ بھی ایں جانب کچھ کم کر دی۔ غالباً محفلین کا انتظامیہ سے بڑھتا فاصلہ بھی اس کا ذمہ دار قرار دیا جا سکتا ہے جس کے چلتے نئے لوگ آگے بڑھ کر نئے منصوبوں کی داغ بیل ڈالنے یا پرانے منصوبوں کو آگے بڑھانے سے ہچکچاتے ہیں۔ :) :) :)

بہر کیف اردو ویب ایک ایسا تجربہ تھا جو فطری طور پر قدرے غیر متوقع انداز میں پھلتا پھولتا اس حالت تک آ پہنچا ہے۔ ایسے میں اس کی تنظیم نو کی ضرورت کافی عرصہ سے محسوس کی جاتی رہی ہے۔ تقریباً تین برس قبل ہم نے چند چنندہ احباب کے ساتھ ذاتی مکالمے میں اردو ویب نسخہ دوم منصوبے پر مشاورت شروع کی جس میں اسے بڑے پیمانے پر تبدیل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ حالیہ مہینوں میں کچھ عملی تجربات بھی کیے گئے۔ در اصل لوگوں کی دیگر ترجیحات کے چلتے ان تجربات کو بہت سرعت کے ساتھ انجام دینا ممکن نہیں جس کے باعث اس عمل میں کچھ وقت صرف ہو رہا ہے۔ کچھ عرصہ بعد اس پر عمومی فورم میں مشاورت کا ارادہ ہے۔ امید ہے کہ اس سے اردو کمپیوٹنگ سمیت انٹرنیٹ پر اردو کی ترویج کو مہمیز ملے گی۔ :) :) :)
 
تاہم میں اس وقت کے لیے جب کبھی اگر میں اپنی کسی بات پر معطل کر دی جاؤں پوچھنا چاہوں گی کہ جب میں معطل ہوں تو فورم پر دوبارہ آنے کے لیے اپنی معذرت اور اقرار نامہ کس لڑی میں اور کس طرح کروں؟

کسی زمانے میں فورم میں رابطے کا لنک کام کرتا تھا جہاں سے معطل ارکان ہمیں بے نقط سنایا کرتے تھے۔ :)
ابن سعید بتا سکیں گے کہ آیا یہ لنک اب کام کرتا ہے یا نہیں۔
محفل کے زیریں حصہ میں عمومی ربطہ کا ربط موجود ہے۔ البتہ کچھ عرصہ سے یہ سہولت کسی مسئلے کا شکار ہے کیونکہ اس کی مدد سے ارسال کردہ پیغامات متوقع ای میل ان باکس میں موصول نہیں ہو رہے ہیں۔ اس مسئلے کا جائزہ لے کر اسے درست کرنے کی ضرورت ہے، لیکن فی الحال ہمارے پاس اس کے لیے وقت دستیاب نہیں۔ ویسے جو احباب ہم تک پہنچنا چاہتے ہیں وہ عموماً سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے رابطہ کر لیتے ہیں۔ :) :) :)
 
محفل کے منتظم اراکین میں آپ کے علاوہ اور کون کون شامل ہیں ؟
ماضی میں مختلف لوگ اراکین عملہ کا حصہ اور ان میں سے کچھ لوگ منتظم رہے ہیں۔ فی الحال موجودہ اراکین عملہ کی فہرست اس ربط پر ملاحظہ فرما سکتے ہیں۔ گو کہ ہمارے نام کے ساتھ خادم لکھا نظر آتا ہے، کہ ہم پر یہی مناسب ہے، لیکن اختیارات اور ذمہ داریاں ہمارے پاس بھی منتظمین والی ہی ہیں۔ دو برس قبل تک برادرم محمد وارث بھی منتظم ہوا کرتے تھے اور اس سے کچھ عرصہ قبل تک برادرم زیک بھی، بلکہ ایں جناب تو محفل کے بانیان میں سے ہیں۔ علاوہ ازیں دو لاکھ سے زائد مراسلوں والے شمشاد بھائی بھی محفل کے منتظم رہ چکے ہیں۔ البتہ تمام احباب سے درخواست کی جاتی ہے کہ جو لوگ اپنی ان خدمات سے سبک دوش ہو چکے ہیں ان پر خصوصی اختیارات وغیرہ کا لا یعنی الزام نہ لگایا جائے۔ :) :) :)
 
لائبریری والا پراجیکٹ کب دوبارہ شروع کئیے جانے کا امکان ہے؟
جی ہاں، اس کا پورا امکان موجود ہے۔ در اصل اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری کے بیک اینڈ اور فرنٹ اینڈ کے لیے باقاعدہ سافٹوئر تیار کیے گئے تھے جو اب بھی فعال ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ ان کی دیکھ ریکھ نہ کے برابر ہو رہی ہے۔ اس پروجیکٹ کے بعض مراحل کے لیے کسی قدر ٹریننگ کی ضرورت ہے اس لیے اس کو ہر کسی کے لیے کھلا نہیں چھوڑا گیا اور اس کے بعد ہماری مصروفیات کچھ ایسی بڑھیں کہ ہم اسے توجہ ہی نہ دے سکے۔ در اصل اس کی سائٹ کی اجرا کے موقع پر ہم نے ایک تفصیلی مضمون بھی لکھا تھا جو بعض وجوہات کے چلتے کبھی منظر عام پر نہیں لایا گیا، گو کہ اسے عام کرنے میں اب کوئی مضائقہ نہیں۔ اگلی دفعہ اس پر کچھ کام کر سکے تو اسے گٹ ہب جیسے آزاد پلیٹ فارم پر ترتیب دیں گے جہاں اس پر تواتر کے ساتھ کام کر پانا اور لوگوں کی خدمات سے استفادہ سہل ہوگا، البتہ کچھ سہولیات سے سمجھوتہ کرنا پڑ سکتا ہے۔ :) :) :)
 

یاسر شاہ

محفلین
ابن سعید صاحب السلام علیکم

آپ بھی تو بات کر رہے ہیں قرینے سے -زیادہ استغناء بھی غیرضروری ہی نہیں نا شائستہ ہے -ہمیں محفل میں ایک دوسرے کی ضرورت ہے -یہ کیا کہ رہنا ہے رہو 'جا تے ہو جاؤ -چلتے پھرتے نظر آؤ -رستہ ناپو -سکّہ اٹھاؤ وغیرہ وغیرہ

اردو محفل بہر حال ایک ادبی فارم ہے جس کا روحِ رواں ادبی طبقہ ہے-اگر ادیبوں کی ہی قدر نہ کی گئی تو یہ محفل تفریح طبع کا مرکز تو بن جائے گی ادبی تسکین ذوق کا سامان نہ کر پائے گی -آپ بھی جانتے ہیں کہ ماضی قریب میں ایک ادب نواز طبقہ یہاں سے رخصت ہو چلا ہے- جو ہیں وہ بھی بے اعتنائی سی برت رہےہیں -

بھلے دنوں کی بات ہے ادب دوست یہاں محفل آرا ہوا کرتے تھے - نام سے تو ان کے میں واقف نہیں ہوں مگر خاصے معقول آدمی تھے -خوب شعر کہتے تھے-انھیں بھی معطل کر دیا گیا -یہ مناسب نہیں ہے -

ہر اک مکان کو ہے مکیں سے شرف اسد
مجنوں جو مر گیا ہے تو جنگل اداس ہے


معطلی اگر دفعِ شر و فساد کے لئے ہی عمل میں آتی ہے تو اس قضیے کا آسان حل ہے -جس سے گمانِ شر ہو ایسے ممبر کے مراسلوں کی جانچ پڑتال کی جائے -اگر سو مراسلوں میں سے آخری دو ہی شر انگیز ہوں تو ایسےآدمی کے ساتھ رعایت برتی جائے کہ یہ صاحب مشتعل تو ہو سکتے ہیں شریر نہیں -البتّہ جس ممبر کے سو مراسلوں میں سے اسّی ہی شرا نگیز ہوں اس کو تعطیل پر بھیج دیں' معطل اگر نہ کر سکیں -محفل امن کا گہوارہ بن جائے گی -بات یہ ہے کہ پیچھے سے سوئی چبھونے والا تو اکثر نظر نہیں آتا 'درد سے چلانے والا سب کو دکھ جاتا ہے -

اک آدمی کی رہائی سے بھی تو ہو جاتا
جو شہر بھر کی گرفتاریوں کے بعد ہوا

یہاں رہائی سےمیری مراد مذکورہ بالا تعطیل ہے -



قصّہ مختصر معطلیاں بحال کر دیں -اور اسی کٹہرے میں رہ کر اصل مظلوموں کی فریادیں سنیں -با قی ہمارا تو کچھ گیا نہیں -

یاسر
 
برادرم فلک شیر کیا ہمارے پچھلے مراسلوں میں آپ کے تمام سوالات کے جوابات موجود ہیں؟ اگر نہیں تو آپ قدرے تخصیص کے ساتھ اپنے تشنہ سوالات دہرا سکتے ہیں۔ ہم نے فرداً فرداً جوابات دینے کے بجائے بعض اہم موضوعات پر کئی سوالات کی تلخیص جمع کر کے انھیں ایک ساتھ نمٹانے کی کوشش کی ہے، لہٰذا عین ممکن ہے کہ کچھ رہ گیا ہو۔ :) :) :)
 

سین خے

محفلین
جی ہاں، اس کا پورا امکان موجود ہے۔ در اصل اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری کے بیک اینڈ اور فرنٹ اینڈ کے لیے باقاعدہ سافٹوئر تیار کیے گئے تھے جو اب بھی فعال ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ ان کی دیکھ ریکھ نہ کے برابر ہو رہی ہے۔ اس پروجیکٹ کے بعض مراحل کے لیے کسی قدر ٹریننگ کی ضرورت ہے اس لیے اس کو ہر کسی کے لیے کھلا نہیں چھوڑا گیا اور اس کے بعد ہماری مصروفیات کچھ ایسی بڑھیں کہ ہم اسے توجہ ہی نہ دے سکے۔ در اصل اس کی سائٹ کی اجرا کے موقع پر ہم نے ایک تفصیلی مضمون بھی لکھا تھا جو بعض وجوہات کے چلتے کبھی منظر عام پر نہیں لایا گیا، گو کہ اسے عام کرنے میں اب کوئی مضائقہ نہیں۔ اگلی دفعہ اس پر کچھ کام کر سکے تو اسے گٹ ہب جیسے آزاد پلیٹ فارم پر ترتیب دیں گے جہاں اس پر تواتر کے ساتھ کام کر پانا اور لوگوں کی خدمات سے استفادہ سہل ہوگا، البتہ کچھ سہولیات سے سمجھوتہ کرنا پڑ سکتا ہے۔ :) :) :)

خوب :) اگر اس سلسلے میں کچھ جلدی ہو سکے تو بہت ہی اچھا ہوگا :)
 
خوب :) اگر اس سلسلے میں کچھ جلدی ہو سکے تو بہت ہی اچھا ہوگا :)
کتابوں کے انتخاب، ٹائپنگ اور پروف ریڈنگ وغیرہ کا کام تو کبھی بھی کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ اس سلسلے میں کچھ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں تو ہم آپ کو لائبریرین بنا دیں گے۔ پھر ایک ٹیم تشکیل دے کر متعلقہ زمرے میں کام شروع کر سکتی ہیں۔ مواد تیار ہو جائے تو عمومی سائٹ پر اس کی اجرا کا کام کیا جا سکے گا۔ :) :) :)
 

سین خے

محفلین
کتابوں کے انتخاب، ٹائپنگ اور پروف ریڈنگ وغیرہ کا کام تو کبھی بھی کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ اس سلسلے میں کچھ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں تو ہم آپ کو لائبریرین بنا دیں گے۔ پھر ایک ٹیم تشکیل دے کر متعلقہ زمرے میں کام شروع کر سکتی ہیں۔ مواد تیار ہو جائے تو عمومی سائٹ پر اس کی اجرا کا کام کیا جا سکے گا۔ :) :) :)

جی میں یہی چاہ رہی تھی کہ مجھے لائبریری کا کام مل جائے۔ بہت شکریہ سعود بھائی :) میں نے اسی لحاظ سے پوچھا تھا کہ اگر یہ کام شروع ہو جائے تو کیا ہی اچھا ہو :)
 
ہم سوچ رہے ہیں کہ شاید سعود بھیا نے اپنے "خالص ہتھوڑے مارکہ دہلوی ہتھیاروں" کے زنگ آلود ہونے کے خطرہ سے یہ لڑی شروع کی ہے تاکہ وہ اندازہ کرسکیں کہ ان کی کاٹ پہلے کی طرح ہی ہے یا ان کی کسی قدر مرمت کی ضرورت ہے۔ :)
اب تک کے مشاہدے کے بعد ہم "تصدیق" کرتے ہیں کہ سعود بھائی! زیادہ چنتا مت کریں۔ سب اوزار ٹھیک ٹھیک کام کر رہے ہیں۔ :):):)
 
ہم سوچ رہے ہیں کہ شاید سعود بھیا نے اپنے "خالص ہتھوڑے مارکہ دہلوی ہتھیاروں" کے زنگ آلود ہونے کے خطرہ سے یہ لڑی شروع کی ہے تاکہ وہ اندازہ کرسکیں کہ ان کی کاٹ پہلے کی طرح ہی ہے یا ان کی کسی قدر مرمت کی ضرورت ہے۔ :)
اب تک کے مشاہدے کے بعد ہم "تصدیق" کرتے ہیں کہ سعود بھائی! زیادہ چنتا مت کریں۔ سب اوزار ٹھیک ٹھیک کام کر رہے ہیں۔ :):):)
حالانکہ بعض احباب کا تاثر اس کے بر عکس ہے! :) :) :)
یہاں بہت سارے دوستوں نے کرشن چندر کا افسانہ "تائی ایسری" پڑھا ہوگا، اس میں اُن کے وہ مشہور جملے ہیں ” بہت سی عورتوں کو دیکھ کر یہ خیال بھی آتا ہے کہ جوانی میں کیسی رہی ہوں گی۔ مگر تائی ایسری کو دیکھ کر کبھی یہ خیال بھی نہ آیا۔ ہمیشہ یہی خیال آتا ہے کہ تائی ایسری شاید بچپن سے بلکہ جنم ہی سے ایسی پیدا ہوئی ہوں گی۔ پیدا ہوتے ہی انہوں نے اپنی ماں کو ہاتھ پھیلا کر آشیرواد دی ہوگی اور شاید بڑے میٹھے مہربان لہجے میں یہ بھی کہا ہوگا۔ تجھے میرے لئے بہت دکھ اٹھانے پڑے۔ اس لئے یہ لو ایک چونی!“
آج ہم یہی جملے سعود بھائی کے لیے پیش کر رہے ہیں، ایسا لگتا ہے یہ پیدائشی ہی ایسے ہی شفیق و مہربان اور میٹھی زبان کے حامل تھے اور ہاں! شاید انہوں نے بھی اپنی والدہ کو آشیرواد دی ہو:)
 

عثمان

محفلین
جی میں یہی چاہ رہی تھی کہ مجھے لائبریری کا کام مل جائے۔ بہت شکریہ سعود بھائی :) میں نے اسی لحاظ سے پوچھا تھا کہ اگر یہ کام شروع ہو جائے تو کیا ہی اچھا ہو :)
وی بُلیٹن کے زمانے میں لائبریرین کو گلابی ہونے پر مبارکباد دی جاتی تھی۔ خیر یہاں ایسے ہی مبارکباد وصول کریں۔ :)
 
Top