ذاتی شخصی اشار
ذاتی شخصی اشار کی چھ قسموں میں سے ہر ایک قسم کی آگے دو دو شکلیں ہیں۔ ایک عام شکل اور دوسری امالی شکل (جو اشاروں کے بعد امالیہ آنے سے بنتی ہے۔
امالیے: نے؛ کو؛ میں ، سے، پر، تک، پہ؛ کا/کے/ کی، والا/والے/والی/والیاں ؛ جیسا/ جیسی/ جیسے ؛ سا/ سی/ سے؛ بارے، وغیرہ)۔
جنس کے لحاظ سے یہ مشترک ہیں یعنی مذکر اور مؤنث دونوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
ان کی تفصیل ذیل کے جدول میں دی گئی ہے:
شخص کی حیثیت | واحد یا جمع | عام شکل | امالی شکل |
متکلم | واحد | میں | مجھ* |
// | جمع | ہم | ہم |
مخاطَب | واحد | تو | تجھ* |
// | جمع | تم | تم |
// | واحد/ جمع (احترامی) | آپ | آپ |
قریب /موجود | واحد | یہ | اِس |
// | جمع | یہ | اِن** |
دور/غائب | واحد | وہ | اُس |
// | جمع | وہ | اُن**
|
نا معلوم | واحد | کون | کس |
// | جمع | کون | کن** |
غیر معین | واحد | جو | جس |
// | جمع | جو | جن** |
* لفظ 'نے' کے ساتھ مجھ اور تجھ کے بجائے میں اور تو استعمال ہوتے ہیں۔ جیسے: میں نے دیکھا۔ تونے کھایا وغیرہ۔
** لفظ 'نے' کے ساتھ اِن، اُن، کِن، جِن کے بجائے اِنھوں، اُنھوں، کِنھوں، جِنھوں استعمال ہوتے ہیں۔ جیسے: انھوں نے دیکھا۔ جنھوں نے کھایا ، کِنھوں نے منگوایا؟ وغیرہ۔
وضاحت کے لیے مثالیں:
میں گھر گیا۔ میں نے کھانا کھایا۔ مجھ سےدودھ گر گیا۔ مجھ میں کوئی گھمنڈ نہیں۔ مجھ پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔مجھ تک اطلاع نہیں پہنچی۔ وغیرہ
ہم گھر گئے۔ ہم نے کھانا کھایا۔ ہم سےدودھ گر گیا۔ ہم میں کوئی گھمنڈ نہیں۔ ہم پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ہم تک اطلاع نہیں پہنچی۔ وغیرہ
تو گھر گیا۔ تو نے کھانا کھایا۔ تجھ سےدودھ گر گیا۔ تجھ میں کوئی گھمنڈ نہیں۔ تجھ پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔تجھ تک اطلاع نہیں پہنچی۔ وغیرہ
وہ گھر گیا۔ اُس نے کھانا کھایا۔ اُس سےدودھ گر گیا۔ اُس میں کوئی گھمنڈ نہیں۔ اُس پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔اُس تک اطلاع نہیں پہنچی۔ وغیرہ
تم جمع کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے اور واحد کے لیے بھی۔
تُو صرف انتہائی قریبی اور بے تکلف افراد کے لیے استعمال ہوتا ہے یا ان افراد کے لیے جنھیں متکلم حقیر سمجھتا ہو۔
خدا کو پکارنے کے لیے لفظ ٰتُوٰ استعمال ہوتا ہے کیونکہ خدا کی ہستی ہر ایک کے انتہائی قریب ہے اس کے علاوہ توحید بھی ایک وجہ ہے کہ خدا ایک ہے تو اس کے لیے واحد کا لفظ استعمال کیا جائے۔
تُو، تم اور آپ کے استعمال کا عمروں سے بھی تعلق ہے۔ بچوں کے لیے ایک دوسرے کو تُو سے پکارنا عام سی بات ہے۔ لڑکے لڑکیاں ایک دوسرے کو تم کہ کر بلاتے ہیں۔ جبکہ بڑی عمر کے افراد ایک دوسرے کو آپ کہ کر بلاتے ہیں۔ بڑی عمر کا فرد اگر بڑے کو تم کہ کر بلائے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ مرتبے میں اس سے کم ہے۔