ساغر صدیقی :::: حادثے کیا کیا تمہاری بے رُخی سے ہو گئے

طارق شاہ

محفلین
غزلِ
ساغرصدیقی

حادثے کیا کیا تُمہاری بے رُخی سے ہو گئے
ساری دُنیا کے لیے ہم اجنبی سے ہو گئے

کچُھ تمہارے گیسوؤں کی برہمی نے کر دئیے !
کچُھ اندھیرے میرے گھر میں روشنی سے ہو گئے

بندہ پرور، کُھل گیا ہے آستانوں کا بَھرم
آشنا کچھ لوگ رازِ بندگی سے ہو گئے

گردشِ دَوراں، زمانے کی نظر، آنکھوں کی نیند !
کتنے دُشمن، ایک رسمِ دوستی سے ہو گئے

زندگی آگاہ تھی صیّاد کی تدبیر سے !
ہم، اسیرِ دامِ گُل اپنی خوشی سے ہو گئے

اب کہاں اے دوست، چشمِ منتظر کی آبرو
اب تو اُن کے عہد و پیماں ہر کِسی سے ہو گئے

ہر قدم ساغر! نظر آنے لگی ہیں منزلیں
مرحلے کچُھ طے مِری آوارگی سے ہو گئے

ساغرصدیقی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نوٹ: یہ غزل پہلے میں نے ساغر نظامی کی سمجھ کر زیرِعنوانِ ساغر نظامی لگائی تھی ۔
بعد ازاں توجہ دلانے اور تصدیق پر، بنام ساغر صدیقی منتقل کی ہے

 
آخری تدوین:
بالا غزل میں نے ساغر صدیقی کے ایک انتخاب میں دیکھی تھی۔ آج خبر ہوئی کہ یہ بھی ساغر نظامی کی ہے۔ مزیدبرآں ایک شعر جو ساغر صدیقی سے منسوب کیا جاتا ہے:
آؤ اک سجدہ کریں عالمِ مدہوشی میں
لوگ کہتے ہیں کہ ساغر کو خدا یاد نہیں​
یہ بھی ساغرؔ نظامی ہی کا ہے۔
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
یہ غزل کلیاتِ ساغر میں موجود ہے تو پھر یہ ساغر نظامی کی کیسے ہو سکتی ہے؟
قطع نظر اس کے کہ شاعر کون ہے، غزل زبردست ہے۔
جواب کا منتظر رہوں گا۔
آداب
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
منیب احمد فاتح بھائی
آؤ اک سجدہ کریں عالمِ مدہوشی میں
لوگ کہتے ہیں کہ ساغر کو خدا یاد نہیں
یہ بھی ساغرؔ نظامی ہی کا ہے۔
جہاں تک مجھے علم ہے، بالا شعر ساغر صدیقی کا ہی ہے جبکہ ساغر نظامی کا شعر ایسے ہے
آؤ اک سجدہ کریں عالمِ بد مستی میں
لوگ کہتے ہیں کہ ساغر کو خدا یاد نہیں

دونوں اشعار میں فرق صرف "مدہوشی" اور "بد مستی" کا ہی ہے۔
مکمل غزلیں یہاں دیکھی جا سکتی ہیں۔
http://www.urduweb.org/mehfil/threads/ساغر-صدیقی-اور-ساغر-نظامی.49922/
 

طارق شاہ

محفلین
بالا غزل میں نے ساغر صدیقی کے ایک انتخاب میں دیکھی تھی۔ آج خبر ہوئی کہ یہ بھی ساغر نظامی کی ہے۔ مزیدبرآں ایک شعر جو ساغر صدیقی سے منسوب کیا جاتا ہے:
آؤ اک سجدہ کریں عالمِ مدہوشی میں
لوگ کہتے ہیں کہ ساغر کو خدا یاد نہیں​
یہ بھی ساغرؔ نظامی ہی کا ہے۔
انتخاب کا مکمل حال احوال لکھ کرکچھ لکھتے توبات صاف ہوتی اور ہمارے علم میں بھی
یہ اضافہ ہوتا کے کس ادارہ نے، پبلشر ، ناشر نے غلط انتخاب یا صحیح انتخاب میں یا ہم نے غلط ٹیگ میں غزل دے ماری ہے ۔

آؤ اک سجدہ کریں عالم مدہوشی میں
لوگ کہتے ہیں کہ ساغر کو خدا یاد نہیں

بالا مشہورِ زمانہ شعر ساغر صدیقی صاحب ہی کے مشہور اور خُوب غزل
" ہے دعا یاد مگر حرف دعا یاد نہیں "
سے ہے، جو کلیّات ساغر میں ہے

تشکّر


 
آخری تدوین:

طارق شاہ

محفلین
یہ غزل کلیاتِ ساغر میں موجود ہے تو پھر یہ ساغر نظامی کی کیسے ہو سکتی ہے؟
قطع نظر اس کے کہ شاعر کون ہے، غزل زبردست ہے۔
جواب کا منتظر رہوں گا۔
آداب
محمد بلال اعظم صاحب!
کلیّات کا نہیں بلکہ کسی انتخاب میں دیکھنے کی کہہ رہے ہیں،
یا کہہ رہے تھے منیب احمد صاحب ۔
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
محمد بلال اعظم صاحب!
کلیّات کا نہیں بلکہ کسی انتخاب میں دیکھنے کی کہہ رہے ہیں،
یا کہہ رہے تھے منیب احمد صاحب ۔
میں دراصل یہ کہہ رہا تھا کہ آپ نے ساغر نظامی کا ٹیگ لگایا ہے جبکہ جہاں تک مجھے یاد ہے، میں نے یہ ساغر صدیقی کے کلیات میں پڑی ہے۔ بہرحال میں کل دیکھتا ہوں کہ اس کلیات کا ناشر، پبلشر وغیرہ کون ہے۔
 

طارق شاہ

محفلین
میں دراصل یہ کہہ رہا تھا کہ آپ نے ساغر نظامی کا ٹیگ لگایا ہے جبکہ جہاں تک مجھے یاد ہے، میں نے یہ ساغر صدیقی کے کلیات میں پڑی ہے۔ بہرحال میں کل دیکھتا ہوں کہ اس کلیات کا ناشر، پبلشر وغیرہ کون ہے۔
دیکھ کر ہی لکھتے تو کیا ہی اچھا ہوتا صاحب، خواہ جب بھی لکھتے :)
منتظر رہوں گا ، تشکّر جناب
 

طارق شاہ

محفلین
کوشش تو یہی کرتا ہوں لیکن اس وقت کتاب میسر نہیں ہے۔
محمد بلال اعظم صاحب!
کتاب گھر شکاگو کے جناب سرور صاحب نے، کلیّات ساغر (از ساغر صدیقی)
دیکھ کر اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ بالا غزل ساغر صدیقی صاحب کی ہی ہے
منیب احمد صاحب کی انتخاب والی بات صحیح ، اور آپ کا خیال درست ہوا
( آپ کی بات اس وجہ سے بھی نہیں سمجھ سکا کہ اسکا مخاطب میں ہوں سمجھ نہ آئی تھی )

میں غلطی پر تھا ، سو آپ دونوں حضرات (منیب احمد فاتح صاحب اور محمد بلال احمد صاحب) سے معذرت ! غزل میں تبدیلی کردی ہے کہ : حق بہ حقدار برسید

ایک بار پھر سے آپ دونوں حضرات کا شکریہ ۔ اور میری معذرت،
آئندہ" ساغر " والی تخلیقات سے ہوشیار رہوں گا
بہت خوش رہیں :)
 
آخری تدوین:
Top