جاوید میانداد ڈائریکٹر جنرل مقرر

فہیم

لائبریرین
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چئرمین اعجاز بٹ نے عہدہ سنبھالتے ہی دو باتوں پر زور دیا تھا ایک تو یہ کہ وہ اپنی نئی انتظامی ٹیم بنائیں گے جب کہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کرکٹ بورڈ میں اہم عہدوں پر سابق کرکٹرز کو تعینات کیا جائے گا کیونکہ ان کے بقول پاکستان میں کرکٹ اور کرکٹ بورڈ انہی عظیم کھلاڑیوں کے سبب ہے۔

اعجاز بٹ نے آتے ہی پہلے سلیم الطاف کو کرکٹ بورڈ کا نیا ڈائریکٹر جنرل بنایا تھا لیکن بعد ازاں سلیم الطاف گورنگ بورڈ کی منظوری کے بعد پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر مقرر کر دیے گئے اور خالی ہونے والی ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ پر جاوید میاں داد کو مقرر کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ میں بحثیت ڈائرکٹر جنرل جاوید میاں داد کی ذمہ داریاں کیا ہوں گی اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں اور پاکستان سے باہر کرکٹ سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔

جاوید میاں داد کا کہنا ہے کہ ان کی ترجیح ہے کہ وہ اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اس ذمہ داری کو اچھی طرح نبھائیں اور پاکستان میں کرکٹ کے نیچے جاتے گراف کو اوپر لایا جائے۔

جاوید میاں داد جو پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں پی سی بی کے سابق چئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ توقیر ضیاء کے دور میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ تھے لیکن بعد میں آنے والے پی سی بی کے دونوں سربراہان شہر یار خان اور ڈاکٹر نسیم اشرف کے دور میں انہیں کوئی ذمہ داری نہیں دی گئی۔
جاوید میاں داد ان دونوں ادوار میں کرکٹ بورڈ کے معاملات سے نالاں رہے خاص طور پر ڈاکٹر نسیم اشرف کے دور میں کرکٹ بورڈ کے فیصلوں کو جاوید میاں داد اکثر تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔

جاوید میاں داد غیر ملکی کوچ کے فیصلے پر بھی تنقید کرتے رہے اور جب سابق دور میں جیف لاسن اور ڈیو واٹمور میں سے کسی ایک کو پاکستان کی ٹیم کا کوچ بنانے کا سلسلہ چلا تو جاوید میاں داد ڈیو واٹمور کے زیادہ حامی رہے۔

اعجاز بٹ کے چئرمین آنے کے بعد جاوید میاں داد کو پاکستان کی ٹیم کے کوچ کے لیے بھی مضبوط امیدوار سمجھا گیا تھا لیکن اس کام کے لیے انتخاب عالم کو ترجیح دی گئی۔





 
Top