جانثار اختر :::: تو اس قدر مجھے اپنے قریب لگتا ہے -- Jaan Nisar Akhtar

طارق شاہ

محفلین

غزلِ

جانثار اختر

تو اِس قدر مجھے اپنے قریب لگتا ہے
تجھے الگ سے جو سوچُوں، عجیب لگتا ہے

جسے نہ حُسن سے مطلب، نہ عشق سے سَروکار
وہ شخص، مجھ کو بہت بدنصیب لگتا ہے

حدودِ ذات سے باہر نکل کے دیکھ ذرا !
نہ کوئی غیر، نہ کوئی رقِیب لگتا ہے

یہ دوستی، یہ مراسم، یہ چاہتیں، یہ خلوص
کبھی کبھی یہ سبھی کچھ، عجیب لگتا ہے

اُفق پہ دُور چمکتا ہُوا کوئی تارا
مجھے چراغِ دیارِ حبیب لگتا ہے

نجانے کب کوئی طوفان آئے گا یارو
بُلند موج سے ساحل قریب لگتا ہے

جان نثار اختر
 
Top