الف نظامی
لائبریرین
کراچی (اسٹاف رپورٹر) طلبہ کے تعاون سے انوائرمینٹل اسٹڈیز کی طرح جامعہ کراچی کے دیگر شعبوں میں سولرانرجی جیسے بجلی کے متبادل ذرائع سے انرجی حاصل کی جائے گی۔انرجی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے دی ویمن ان انرجی پاکستان اور جامعہ کراچی مل کرکام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار دی ویمن ان انرجی پاکستان کی چیئرپرسن سینیٹر انجینئر رخسانہ زبیری نے اپنے ادارے اور جامعہ کراچی کے درمیان تعاون کی ایک یاداشت پر دستخط کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سائنس میں ایک تقریب میں کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرپیرزادہ قاسم نے کہاکہ انرجی اہم مسئلہ ہے تاہم انرجی کے زیاں کو روک کراور متبادل ذرائع اپناکراس مسئلے کوحل کیاجاسکتا ہے۔انجینئررخسانہ زبیری اور ان کے ادارے کا تعاون جامعہ کراچی کے ساتھ قابل تعریف ہے ان کے تعاون سے جامعہ کراچی ایک ماڈل کا کردار اداکرسکتی ہے۔جامعہ کراچی کے دیگر شعبوں میں بھی سولر سسٹم سے انرجی حاصل کی جائے گی لوگوں کی آگہی کے لیے یہاں سولر پارک بھی بنایا جاسکتا ہے۔تقریب میں پرووائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کہاکہ اس یاداشت پردستخط ایک تاریخی کارنامہ ہے ۔ہمارے ملک میں دھوپ کی کوئی کمی نہیں ہم سولرسسٹم سے بھی انرجی حاصل کرسکتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹردرخشاں حلیم نے کہاکہ دونوں اداروں کے تعاون سے ملک میں موجود انرجی بحران کوحل کرنے میں مدد ملے گی ہمارے طلبہ میں شاندار ذہنی وتکنیکی صلاحیتیں ہیں۔تقریب کے آخر میں شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کی انچارج انجینئر شگفتہ اشتیاق نے مہمانوں کوشکریہ اداکرتے ہوئے انجینئر رخسانہ زبیری کے تعاون کوسراہا۔