برائے اصلاح

سید احسان

محفلین
حمد باری تعالی

کروں ذکر تیرا میں ہر دم خدایا
ہے جس کے لئے تو نے مجھ کو بنایا

یہ جنگل ، یہ بیلہ ، یہ صحرا ، یہ دریا
ہر اک شے پہ تیرا ہی پرتو ہے چھایا

گلستاں کی ہر ہر روش میں ہے تو ہی
گل و لالہ و ارغواں میں سمایا

بوقت سحر جس طرف بھی نظر کی
ترا نور ہر جا نظر مجھ کو آیا

تری ذات ترجیح اول ہو میری
معلم نے میرے مجھے یہ سکھایا

میں اللہ کی رسی کو مضبوط تھاموں
سمجھ لو کہ میں نے تفرق مٹایا

محبت کا محور تری ذات عالی۔۔۔۔
محمد نے امت کو مژدہ سنایا

سوئے عرش جا کر یہ عقدہ کھلا جب
ہے شہ رگ سے نزدیک آ کر بتایا

نہیں میرے پلے بجز معصیت کے
وسیلہ ترے در پہ نبیوں کو لایا

کرم ہی کرم تو عطا ہی عطا ہے
گناہوں نے میرے یہ مجھ کو بتایا

میں ہر دم فنا ہوں بقا صرف تم ہو
یہ جاں کر بھی کیوں ہوں گرفتار مایا

اگر نور وحدت مرا ہو نصیبا۔۔۔۔
تو سمجھوں گا جینا مرا کام آیا

تری حمد کہنی جو احساں نے چاہی
زباں لڑکھڑائی ، قلم لکھ نہ پایا


سید احسان
 

الف عین

لائبریرین
کروں ذکر تیرا میں ہر دم خدایا
ہے جس کے لئے تو نے مجھ کو بنایا
۔۔۔ درست

یہ جنگل ، یہ بیلہ ، یہ صحرا ، یہ دریا
ہر اک شے پہ تیرا ہی پرتو ہے چھایا
۔۔۔بیلہ؟ مجھے یہ لفظ نہیں معلوم۔ دوسرے مصرع میں پرتو کا چھانا غلط محاورہ ہے۔

گلستاں کی ہر ہر روش میں ہے تو ہی
گل و لالہ و ارغواں میں سمایا
۔۔دوسرے مصرع میں فاعل کی کمی ہے۔
تو ہی لالہ و ارغواں۔۔ ممکن ہے

بوقت سحر جس طرف بھی نظر کی
ترا نور ہر جا نظر مجھ کو آیا
۔۔۔درست

تری ذات ترجیح اول ہو میری
معلم نے میرے مجھے یہ سکھایا
۔۔۔درست

میں اللہ کی رسی کو مضبوط تھاموں
سمجھ لو کہ میں نے تفرق مٹایا
۔۔۔کن دو اشیاء کے درمیان تفرق مٹایا؟

محبت کا محور تری ذات عالی۔۔۔۔
محمد نے امت کو مژدہ سنایا
۔۔۔ دو لخت محسوس ہوتا ہے

سوئے عرش جا کر یہ عقدہ کھلا جب
ہے شہ رگ سے نزدیک آ کر بتایا
۔۔۔ عجز بیان ہے۔ کیا معراج نبی سے پہلے نبی کو یہ علم نہیں تھا؟

نہیں میرے پلے بجز معصیت کے
وسیلہ ترے در پہ نبیوں کو لایا
۔۔۔ٹھیک
کرم ہی کرم تو عطا ہی عطا ہے
گناہوں نے میرے یہ مجھ کو بتایا
۔۔۔ ٹھیک
میں ہر دم فنا ہوں بقا صرف تم ہو
یہ جاں کر بھی کیوں ہوں گرفتار مایا
۔۔۔ مایا ہندی لفظ ہے۔ گرفتار کے ساتھ نہیں آ سکتا

اگر نور وحدت مرا ہو نصیبا۔۔۔۔
تو سمجھوں گا جینا مرا کام آیا
۔۔۔اس کا نور وحدت سے تعلق؟

تری حمد کہنی جو احساں نے چاہی
زباں لڑکھڑائی ، قلم لکھ نہ پایا
۔۔۔درست
 
Top