برائے اصلاح۔۔مری پرواز سے آگے فلک ہے

نمرہ

محفلین
مری پرواز ہے اوجِ فلک تک
مری پرواز سے آگے فلک ہے
نظر ہی اک ہے آئینہ جہاں میں
کہ منظر تب ہے ناظر جب تلک ہے
بھروسا غیر پر کیونکر کریں ہم؟
ابھی تک اپنی ہستی پر ہی شک ہے
ہر اس قریے میں پہنچے جستجو میں
نظر آئی جہاں اپنی جھلک ہے
یہ دیوانہ ہی سچ کہتا ہو شاید
نہ لہجے میں حلاوت ، نے کھنک ہے
بھلا کیوں ڈر نہ ہو ظلمت کو مجھ سے؟
مری مٹی میں تاروں کی چمک ہے
 
الف عین

لائبریرین
مری پرواز ہے اوجِ فلک تک
مری پرواز سے آگے فلک ہے
اگر پہلے مصرع میں ’تری‘ کر دیا جائے تو مطلب واضح ہو جاتا ہے۔

نظر ہی اک ہے آئینہ جہاں میں
کہ منظر تب ہے ناظر جب تلک ہے
//خیال اچھا ہے، لیکن لہجہ رواں نہیں
نظر ہی ہے وہ آئینہ جہاں میں
سے بہتر ہو سکتا ہے۔

بھروسا غیر پر کیونکر کریں ہم؟
ابھی تک اپنی ہستی پر ہی شک ہے
//درست

ہر اس قریے میں پہنچے جستجو میں
نظر آئی جہاں اپنی جھلک ہے
//اس کو یوں کہو تو بات مزید بن جائے
ہر اس رستے پہ لے گئی تیری امید
نظر آئی جہاں اپنی جھلک ہے

یہ دیوانہ ہی سچ کہتا ہو شاید
نہ لہجے میں حلاوت ، نے کھنک ہے
//درست

بھلا کیوں ڈر نہ ہو ظلمت کو مجھ سے؟
مری مٹی میں تاروں کی چمک ہے
//درست

اس میں محض ایک بحر استعمال کی جائے، زیادہ تر
مفاعلن مفاعلن مفاعلن فعو/ل
ہے۔ اس میں ہی ڈھالنے کی کوشش کرو۔
 
نمرہ

محفلین
کیا یہ مصرعہ مفاعیلن مفاعیلن فعولن میں ہے ' ہر اس رستے پہ لے گئی تیری امید'؟ پہلے دو اشعار کی اصلاح تو سمجھ میں آ گئی ہے۔
 
کیا یہ مصرعہ مفاعیلن مفاعیلن فعولن میں ہے ' ہر اس رستے پہ لے گئی تیری امید'؟ پہلے دو اشعار کی اصلاح تو سمجھ میں آ گئی ہے۔

اسکا آخری رکن ’’مفاعیل‘‘ مقصور ہے۔ یعنی ’’مفاعیلن مفاعیلن مفاعیل‘‘ ایک ساکن زائد ہے۔ اس طرح بھی جائز ہے۔
 
نمرہ

محفلین
اسکا آخری رکن ’’مفاعیل‘‘ مقصور ہے۔ یعنی ’’مفاعیلن مفاعیلن مفاعیل‘‘ ایک ساکن زائد ہے۔ اس طرح بھی جائز ہے۔
جی، تسبیغ کی تو اجازت ہے اس بحر میں۔
میرا سوال یہ ہے کہ اس کی تقطیع کچھ یوں نہیں ہو گی کیا؟
ہر اس رستے پہ لے گئی تیری امید
ہ-رس-رس-تے پ-لے-گ-ئی ت-ری-ا-می-د
اس طرح تو یہ مفاعیلن مفاعیلن فعولن/ مفاعیل میں نہیں آئے گا۔ کیا 'گئی' کو تقطیع کرتے ہوئے 'گی' شمار کیا جائے گا؟
 
تقطیع استاد جی نے کردی ہے.
آپ نے تیری کو تری پڑھا اسلئے الجھ گئیں.
یہ تیری ہی لکھنے میں آئے گا اور دوسری "ی" تقطیع میں گرے گی.

نوٹ: یہاں زحاف تسبیغ نہیں قصر ہے.
 
Top