باقر زیدی -- یہ آشنا کا ہے، نہ کسی اجنبی کا ہے

طارق شاہ

محفلین
غزلِ​
باقرزیدی​
​
یہ آشنا کا ہے، نہ کسی اجنبی کا ہے​
جو دل میں گھر بناتا ہے، دل تو اُسی کا ہے​
​
میرے ہُنر کا ہے، نہ مِری شاعری کا ہے​
غزلوں سے میری، شہرمیں چرچا اُسی کا ہے​
​
بدلے حَسِیں، تو عشق کی دنیا بدل گئی​
جو دل کسی کا ہوتا تھا، اب ہر کسی کا ہے​
​
کیوں ڈھونڈتے ہیں لوگ کسی اور راہ کو​
سیدھا تو ایک راستہ بس راستی کا ہے​
​
اِس نے تو اورکھول دیے راستے کئی​
اک شورہرطرف جو یہ دہشت گری کا ہے​
​
پڑتا ہے مہرومہ کا اندھیروں سے واسطہ​
ظلمت کے راستوں میں سفر روشنی کا ہے​
​
جن کا رہا ہمیشہ اِجارہ بہار پر​
اب وہ بھی کہہ رہے ہیں کہ گلشن سبھی کا ہے​
​
دل کے معاملات میں دنیا کا دخل کیا​
کچھ جبر کا نہیں ہے یہ سودا خوشی کا ہے​
​
اِس عرصۂ حیات میں نعمت ہے موت بھی ​
جو موت کا خدا ہے، وہی زندگی کا ہے​
​
پنہاں نہیں رہا ہے بصیرت کی چشم سے​
جو قحط سیلِ نُور میں اب روشنی کا ہے​
​
لگتا ہے اعتبار کی دولت مِلی مجھے​
اہلِ نظرمیں ذکر مِری شاعری کا ہے​
​
نسبت کمال سے ہے، ہراہلِ کمال کو​
غالب کو دیکھ لیجیے، بندہ علی کا ہے​
​
باقرزیدی​
( دُرِ دریائے غزل )​
 
محفل فورم صرف مطالعے کے لیے دستیاب ہے۔
Top