ایک ذو مطلع غزل، تنقید و تبصرہ کیلئے ،'' مژدہ جان فزا جان بھی لے سکتا ہے''

مژدہ جان فزا، جان بھی لے سکتا ہے
اک بہانے سے خُدا، جان بھی لے سکتا ہے

کُچھ زُبانوں کا کہا، جان بھی لے سکتا ہے
اور کانوں سے سُنا جان بھی لے سکتا ہے

شادئ مرگ نہ طاری ہو، تُو پیغام وصال
دھیرے دھیرے سے سُنا، جان بھی لے سکتا ہے

کیا مُصیبت ہے کہ ملتے ہو بچھڑ جانے کو
تُم سے ہونا یہ جُدا جان بھی لے سکتا ہے

پھول کے ساتھ ہے ممکن کہ ہو کانٹوں میں زہر
پھول گُلشن میں کھلا جان بھی لے سکتا ہے

دوسروں نے ہو دیا گھاؤ، تو جھیلا جائے
زخم اپنوں کا دیا، جان بھی لے سکتا ہے

اور کُچھ بات ہے اظہر، ترے کہہ دینے کی
تُو کرے گا تو گلہ جان بھی لے سکتا ہے
 

الف عین

لائبریرین
درست ہے غزل، سوائےاس شعر کے جس میں ردیف کا فاعل غائب ہے۔
شادئ مرگ نہ طاری ہو، تُو پیغام وصال
دھیرے دھیرے سے سُنا، جان بھی لے سکتا ہے
کون لے سکتا ہے؟ور
پھول کے ساتھ ہے ممکن کہ ہو کانٹوں میں زہر
زیادہ رواں صورت تب محسوس ہوتی ہے جب زہر کی ’ہ‘ مفتوح ہو۔ جو غلط ہے۔ اس مصرع کو بدلنے کی کوشش کرو
 
درست ہے غزل، سوائےاس شعر کے جس میں ردیف کا فاعل غائب ہے۔
شادئ مرگ نہ طاری ہو، تُو پیغام وصال
دھیرے دھیرے سے سُنا، جان بھی لے سکتا ہے
کون لے سکتا ہے؟ور
پھول کے ساتھ ہے ممکن کہ ہو کانٹوں میں زہر
زیادہ رواں صورت تب محسوس ہوتی ہے جب زہر کی ’ہ‘ مفتوح ہو۔ جو غلط ہے۔ اس مصرع کو بدلنے کی کوشش کرو
یوں دیکھ لیجئے محترم اُستاد


مژدہ جان فزا، جان بھی لے سکتا ہے
اک بہانے سے خُدا، جان بھی لے سکتا ہے

کُچھ زُبانوں کا کہا، جان بھی لے سکتا ہے
اور کانوں سے سُنا جان بھی لے سکتا ہے

شادئ مرگ نا طاری ہو، تُو پیغام وصال
نامہ بر، دھیرے سُنا جان بھی لے سکتا ہے

کیا مُصیبت ہے کہ ملتے ہو بچھڑ جانے کو
تُم سے ہونا یہ جُدا جان بھی لے سکتا ہے

پھول کے ساتھ ہلاہل بھی تو ممکن ہے کہ ہو
پھول گُلشن میں کھلا جان بھی لے سکتا ہے

دوسروں نے ہو دیا گھاؤ، تو جھیلا جائے
زخم اپنوں کا دیا، جان بھی لے سکتا ہے

اور کُچھ بات ہے اظہر، ترے کہہ دینے کی
تُو کرے گا تو گلہ جان بھی لے سکتا ہے
 

الف عین

لائبریرین
شادئ مرگ نا طاری ہو، تُو پیغام وصال
نامہ بر، دھیرے سُنا جان بھی لے سکتا ہے
میرا اعتراض تھا کہ اس کے دوسرے مصرع بلکہ قافئے میں فاعل کا پتہ نہیں لگتا۔
اس کو یوں کہو نا
شادئ مرگ نا طاری ہو،یہ پیغام وصال
نامہ بر، دھیرے سُنا، جان بھی لے سکتا ہے

پھول کے ساتھ ہلاہل بھی تو ممکن ہے کہ ہو
پھول گُلشن میں کھلا جان بھی لے سکتا ہے
کی رواں صورت
اس میں کچھ زہر ہلاہل بھی چھپا ہو شاید
پھول گُلشن میں کھلا جان بھی لے سکتا ہے
پھول دونوں مصرعوں میں دہرایا جانا اچھا نہیں لگتا۔
 
Top