ایشین گیمز میں ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے لئے پہلا گولڈ میڈل حاصل کر لیا

محمداحمد

لائبریرین
انچیون: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو ایشین گیمز کے فائنل میں 4 رنز سے شکست دے کر نا صرف کامیاب دفاع کیا بلکہ ملک کے لئے ایونٹ کا پہلا گولڈ میڈل بھی پاکستان کے نام کرلیا۔

جنوبی کوریا کے شہر انچیون کے یون ہوئی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے بسمہ معروف 24 رنز بناکرنمایاں رہیں جب کہ نین عابدی نے 18، مرینہ اقبال نے 14 اور کپتان ثنا میر اور ندا ڈار نے 10 ، 10 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے رومانہ احمد نے 2 جب کہ جہاں آرا عالم، سلمہ خاتون اور فہمیہ خاتون نے ایک ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔

بنگلہ دیش کی اننگرز کا آغاز ہوتے ہی بارش کا آغاز ہوگیا جس کے سبب میچ کو 7 اوورز تک محدود کردیا گیا اور بنگلہ دیش کو مقررہ اوورز میں جیتنے کے لیے 43 کا ٹارگٹ ملا۔

بنگلہ دیش نے بیٹنگ کا آغاز اطمینان بخش طریقے سے کیا مگر پھر پاکستان بولنگ اٹیک نے بنگلہ دیشی بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور ایک کے ایک کھلاڑی کو پویلین کی جانب چلتا کیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان ثنا میر، سادیہ یوسف اور ندا ڈار نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ 3 بنگلہ دیشی بیٹس ویمن رن آوٹ ہوئیں۔

یاد رہے یہ کہ ایشین گیمز کے رواں سیزن میں پاکستان کی جانب سے یہ پہلا گولڈ میڈل ہے جب کہ 2010 میں بھی پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

ربط
 
Top