ایبٹ آباد آپریشن کے ایک سال بعد!!

ساجد

محفلین
ایبٹ آباد آپریشن کے ایک سال بعد!!
Posted On Monday, April 30, 2012

4-30-2012_6894_l.JPG

……سید شہزاد عالم……
ایبٹ آباد آپریشن کو ایک سال مکمل ہو گیا۔ اس آپریشن میں امریکی میرینز نے خفیہ کاروائی کرتے ہوئے القاعدہ کے چیف اسامہ بن لادن کو ہلاک کردیا اور ان کی لاش اور دیگر سامان و دستاویزات کو لے کر کامیابی کے ساتھ واپس افغانستان کی ملٹری بیس میں پہنچ گئے۔ اس کاروائی میں ایک جدید ترین امریکی ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہوا جس کے ملبے کے حصول کے لئے امریکہ کی بیتابی دیدنی تھی۔ اس خفیہ آپریشن کے بعدپاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں دوریاں پیدا ہوئیں اور ایک دوسرے کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہوئے۔ دنیا بھر میں پاکستان ایک بار پھر موضوع بحث بن گیا۔ پاکستان میں جہاں ملکی خود مختاری کی پامالی اور عدم تحفظ کا احساس شدت سے ابھرا وہیں یہ خبر بھی انتہائی ہولناک تھی کہ امریکاکو انتہائی مطلوب اسامہ بن لادن پاکستان کے ایک حساس فوجی علاقے میں گذشتہ چھ سالوں سے اپنے خاندان کے ساتھ مقیم تھا اور اس آپریشن سے پہلے کسی کو کان و کان خبر نہ ہوئی۔ امریکیوں کے مطابق اسامہ کی لاش کو سمندر برد کردیا گیا لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود نہ تو آپریشن کی تفصیلات جاری کی گئیں، نہ تصاویر اور نہ ہی کوئی وڈیو جاری کی گئی حالانکہ اس آپریشن کی براہ راست کاروائی وائٹ ہاؤس میں صدر اوبامہ اور ان کی ٹیم نے دیکھی جس کی تصویر سرکاری طور پر جاری ہوئی۔ اس آپریشن کے متعلق کئی سوالات اٹھائے گئے لیکن کبھی بھی اس آپریشن کے ذمہ داروں کی طرف سے واضح جوابات نہیں دیے گئے۔ ہر گزرتا دن نہ صرف نئے سوالات لاتا ہے قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ شکوک و شبہات کے سائے بھی گہرے نظر آتے ہیں۔ کئی سوالات ایسے ہیں جن کے شافی جوابات کہیں سے نہیں آتے یادیئے نہیں جاتے۔۔۔!

۱۔ اسامہ کی موجودگی کا سراغ ملنے کے بعد تقریباً چھ ماہ کمپاؤنڈ کی دن رات نگرانی کی گئی ، کیا اس دوران کسی مقامی یا غیرمقامی شخصیت کا اسامہ سے روابط کا پتہ چلا۔۔؟ اگر نہیں تو پھر ہلیری کلنٹن بار بار یہ بات کیوں دہراتی ہیں کہ کوئی تو تھا جسے اسامہ کے بارے میں معلوم تھا؟۔۔۔ یہ وہی ہلیری کلنٹن ہیں جو بارہا کہہ چکی تھیں کہ اسامہ پاکستان میں ہی روپوش ہیں۔

۲۔ کیا امریکہ کے پاس کسی پاکستانی فرد، پارٹی یا ادارے کے بارے میں ایسا ثبوت ہے جس سے اسامہ سے روابط کا پتہ چلتا ہو۔۔ اگر نہیں تو ایبٹ آباد آپریشن میں پاکستان کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیوں ہوا۔۔ اس عدم اعتماد کی کیا وجہ تھی۔۔۔؟

۳۔ اگر کسی وجہ سے پاکستان کو شامل نہیں بھی کیا تو آپریشن کی کامیابی کے بعد عجلت میں اسامہ کی لاش افغانستان کیوں لے گئے؟ اسے امریکی سفارت خانے میں کیوں نہیں پہنچایا تاکہ سب متعلقہ افراد، ادارے اور میڈیا مطمئن ہو جاتے؟

۴۔ اسامہ کو جب زندہ گھیر لیا تھا تو اسے مارنا کیوں ضروری تھا؟ زندہ اسامہ گرفتار ہوتا تو دہشت کردوں کے نہ صرف حوصلے پست ہوتے بلکہ القاعدہ کے بارے میں مفید معلومات ملتیں بلکہ زندہ گرفتار اسامہ سے بہت کچھ حاصل ہو سکتا تھا۔۔۔ لیکن آپریشن ہو نے سے پہلے ہی یہ فیصلہ کرلیا گیا تھا کہ اسامہ کو مار دینا ہے۔ ایسا کرنے کی کیا ٹھوس وجوہات تھیں؟ ابھی تک واضح نہیں۔

۵۔ اس آپریشن کی تصاویر اور وڈیوز جاری کرنے سے انکار کیا گیا، حتیٰ کہ تدوین شدہ وڈیو بھی جاری نہیں کی گئی، آخر ایسا کیا ہے ان تصاویر اور وڈیوز میں جسے دنیا سے پوشیدہ رکھنا ضروری ہے؟

۶۔ کیا تصاویر اور وڈیوز کو خفیہ رکھنا ان قیاس آرائیوں کو تقویت نہیں دیتا کہ درحقیقت اسامہ اس کمپاؤنڈ میں موجود ہی نہیں تھا بلکہ اسے کہیں اور سے زندہ یا مردہ پکڑ کے ایبٹ آباد لا کر برآمد کرنے کا ڈرامہ رچایا گیا؟

۷۔ اگر ڈرامہ رچایا گیا تو اس کا مقصد کیا تھا۔۔۔؟ صرف یہی کہ پاکستانی فوج کے حوصلے پست کئے جائیں اور انہیں قوم کی نظروں میں نیچا دکھایا جائے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے بارے میں قوم کے اعتماد میں کمی لائی جائے؟ یا اس کا کوئی ایسا خفیہ مقصد ہے جس کا پتہ بعد میں چلے گا؟

۸۔ اگر سب کچھ ویسا ہی ہوا جیسا کہ امریکی بتاتے ہیں تو اسامہ کے اہل خانہ کو کیوں کمپاؤنڈ میں چھوڑ گئے، انہیں بھی ساتھ کیوں نہیں لے گئے؟ ۔۔۔ اگر ان کا کوئی مصرف نہیں تھا تو بعد میں رسائی کے لئے کیوں بے قرار تھے؟ پاکستانی حکام نے بھی امریکیوں کو ان تک آزادانہ رسائی نہیں دی، اب جب کہ وہ سعودی عرب منتقل ہو گئے ہیں تو کیا امریکی وہاں رسائی نہیں پا سکتے؟

۹۔ اسامہ کی موت کے بعد اگر بقول امریکیوں کے القاعدہ تتر بتر ہو چکی ہے تو اب اس کے جنگجوؤں کو کون کنٹرول کر رہا ہے اور وہ برادران اسلام کون تھے جو بقول معمر قذافی کے، القاعدہ کے افراد تھے جن کے لئے نیٹو نے خزانوں کے منہ کھول دیئے اور اتنا اسلحہ اور اسٹراٹیجک سپورٹ دی کہ وہ معمر قذافی کی حکومت کا تختہ الٹنے میں نیٹو کے مددگار ثابت ہوئے۔

۱۰۔ ایبٹ آباد آپریشن میں اسامہ کی موت کے ایک سال بعد بھی کیا القاعدہ یا طالبان یا کوئی اور اتنا با اثر اور منظم رہاہے کہ بھارت کو اپنی سرحدوں پر ان کے قدموں کی چاپ سنائی دے رہی ہے ۔۔۔ یا۔۔۔ پھر کسی گہری سازش کا اگلا مرحلہ قریب آ رہا ہے۔۔۔؟
 
Top