اگر کوئی روٹھ جائے تو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ درخواست برائے اصلاح

راجہ

محفلین
کہا تھا تم نے یہ اک دن
میں تم کو چھوڑ جاؤں تو
یہ ناطہ توڑ جاؤں تو
میں تم سےروٹھ جاؤں تو
تمہیں کیا فرق پڑتا ہے

تمہارا یہ بھی کہنا تھا

کسی کے روٹھ جانے سے
یا ناطہ ٹوٹ جانے سے
کسی کو کچھ نہیں ہوتا
ہوائیں چلتی رہتی ہیں
گھٹائِیں آتی جاتی ہیں
نظام زندگانی میں
کوئی ہلچل نہیں مچتی
فغان وسوگ و نوحے کی
کوئی محفل نہیں سجتی

میری جاں بات یہ سچ ہے

کسی کے روٹھ جانے سے
یا دامن چھوٹ جانے سے
کسی کی سانس سے اس کا

تعلق پھر بھی رہتا ہے
یہ سانسیں چلتی رہتی ہیں
اوردل پھربھی دھڑکتا ہے


مگر یہ بھی حقیقت ہے
کسی کے روٹھ جانے سے
یا ناطہ ٹوٹ جانے سے
امیدیں ٹوٹ جاتی ہیں
خوشیاں روٹھ جاتی ہیں
بشرزندہ تو رہتا ہے
مگراک لاش کی مانند
جہاں میں پھرتا رہتا ہے
خس و خاشاک کی مانند
 

الف عین

لائبریرین
محض ان مصرعوں میں گڑبڑ ہے۔
فغان وسوگ و نوحے کی
(سوگ ہندی لفظ ’شوک‘ کی تبدیلی ہے، اور اس کے ساتھ واو عطف جائز نہیں)

اوردل پھربھی دھڑکتا ہے
(اس کو یوں کیا جا سکتا ہے، یہ دل پھر بھی دھڑکتا ہے)
خوشیاں روٹھ جاتی ہیں
(یہاں ایک حرفی لفظ کی کمی ہے افاعیل میں۔ جیسے ’تو خوشیاں ۔۔۔۔۔)
اس کے علاوہ
فغاں ۔۔۔ ونوحے کی
کوئی محفل نہیں سجتی
۔۔۔ غم کی محفل؟ خوشی کی تو ممکن ہے، لیکن غم کی تقریب نہیں ہوتی (یہ حیدر آبادی ’تقریب‘ نہیں ہے جس کو ’تخریب‘ کیا جاتا ہے یہاں)
اس کے علاوہ یہاں ’یا‘ کا الف کا گرنا ذرا ناگوار گزر رہا ہے، اس کو ’کہ‘ کیا جا سکتا ہے۔
یا ناطہ ٹوٹ جانے سے
 

راجہ

محفلین
السلام علیکم مکرمی الف عین صاحب
سب سے پہلے تو شکریہ قبول کیجئے ۔ اللہ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔۔ آمین
آپ کی جانب سے دی گئی رہنمائی کی روشنی میں اسے درست کر لیا ہے
البتہ مندرجہ ذیل مصرعے کا کچھ نہیں بن رہا
سوگ کی جگہ تو میں نے آہ کا اضافہ کر دیا ے
آہ و فغاں یا نوحے کی
کوئی محفل نہیں سجتی
لیکن غم کی محفل سجانے والا سوال تا حال طالب جواب ہے۔
 

الف عین

لائبریرین
مفاعیلن مفاعیلن
بحر میں تقطیع کرو تو آہ اس طرح فٹ نہیں ہوتا جیسا تم نے کیا ہے۔ درست اس صورت میں بھی
فغان و آہ و نوحہ کی
ہو سکتا ہے۔
البتہ محفل سجنے کے بارے میں کچھ سوچنا پڑے گا۔
 

راجہ

محفلین
ویسے ایک خیال ہے ناپختہ سا
کہ اگر محفل کی جگہ مجلس کر لیا جائے تو چل سکتا ہے؟
کیوں کہ مجالس غم کا ذکر تو ملتا ہے۔ یا اس محفل کو مجلس ہی کے مفہوم میں رکھا جائے۔
اس حوالے سے آپ کی کیا رائے ہے؟
 

الف عین

لائبریرین
مجلس تو درست ہے لیکن سجنے کے لئے کچھ سوچنا پڑے گا۔ مجلس بھی سجائی نہیں جاتی۔ہاں
کوئی مجلس نہیں ہوتی
بحالت مجبوری چل سکتا ہے؟
 
مجلس تو درست ہے لیکن سجنے کے لئے کچھ سوچنا پڑے گا۔ مجلس بھی سجائی نہیں جاتی۔ہاں
کوئی مجلس نہیں ہوتی
بحالت مجبوری چل سکتا ہے؟

اُستادِ محترم
کیا محفل لگائی جا سکتے ہے؟
''محفل نہیں لگتی''
کیونکہ محفل یا تو لگائی جاتی ہے یا بپا کی جاتی ہے
شکریہ
اظہر
 
Top