امریکہ، زرداری، طالبان اور فوج

یہ ضروری نہیں کہ امریکی کمانڈر ایڈمرل مائیک مولن کا وعدہ کہ امریکہ پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرے گا ضرور پورا ہی ہو۔ لیکن ایک سخت گیر امریکی فوجی اہلکار سے حالیہ صورتحال میں اس نوعیت کا وعدہ نکلوانا بھی پاکستان کی مشکلات میں گھری منتخب حکومت کے لیے ایک معرکے سے کم حیثیت نہیں رکھتا۔
اگر پاکستان کی سر زمین پر امریکی فوجیوں کی حالیہ یک طرفہ کارروائیوں کو مدنظر رکھا جائے تو مائیک مولن کا وعدہ مسٹر پرویز مشرف کے جانے کے بعد حکومتی اتحاد کے لیے دم لینے کا پہلا وقفہ ہے۔ ایک ایسا وقفہ جو حکومتی نااہلی کی نظر ہو کر پلک جھپکنے میں گزر بھی سکتا ہے یا پھر بہ احسن استعمال سے حکومت کی کامیابی اور پاکستان کے پائیدار مستقبل کی بنیاد بن سکتا ہے۔
ظاہر ہے کہ اس اونٹ کے کسی بھی کروٹ بیٹھنے کا دارومدار پی پی پی کے رہنما آصف علی زرداری پر ہے۔ لیکن آصف زرداری کے آپشنز کا جائزہ لینے سے پہلے ایک نظر دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں ہونے والی نئی صف بندیوں پر۔
حالیہ واقعات، انکشافات اور بیانات سے یہ واضح ہو چکا ہے کہ امریکہ کے صدر جارج بش نے پاکستان کی سر زمین پر براہ راست کارروائی کی منظوری اس سال جولائی میں دی تھی۔ اسی مہینے پاکستان میں صحافیوں کے لیے اعلٰی سطح کی ایک فوجی بریفنگ میں بھی امریکہ کے بدلتے تیوروں کا تفصیلی ذکر کیا گیا تھا۔
اس بریفنگ میں مدعو درجن بھر صحافیوں کو بتایا گیا کہ امریکہ شاید اس بات پر قائل ہو گیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں براہ راست کارروائی کے بغیر وہ القاعدہ کی بڑی مچھلیوں کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔
ظاہر ہے کہ سب سے پہلا سوال یہ اٹھا کہ کیا پاکستان ایسی کارروائیاں روکنے کا اہل ہے اور اگر ہاں تو کیونکر۔ جواب میں پاکستان کے تین اہم ترین فوجی اہلکاروں کی متفقہ رائے تھی کہ پاکستان کے پاس کوئی ایسی گیدڑ سنگھی نہیں جسے سنگھا کر امریکہ جیسے بدمست ہاتھی کو رام کیا جا سکے۔
اس معاملے پر پاکستان کی اعلٰی فوجی قیادت کے ت۔جزیے کا لب لباب یہ تھا کہ اس سال نومبر میں امریکی انتخابات کے پیش نظر بش انتظامیہ کسی منطق یا بین الاقوامی امور کے طے شدہ اصولوں کی مرہون منت نہیں رہی۔ اب اس کی آنکھوں میں خون اترا ہوا ہے اور وہ اس بات پر قائل نظر آتی ہے کہ اگر ریپبلکن پارٹی نے اقتدار بچانا ہے تو اس کی واحد ضمانت پاکستان کے قبائلی علاقوں میں مبینہ طور پر چھپے کسی بڑے القاعدہ رہنما کی گرفتاری یا ہلاکت ہے۔ کوئی بھی ایسی کامیابی بش انتظامیہ سے بدظن وسطی امریکی ووٹروں کو دوبارہ جیت سکتی ہے جس کے بغیر آنے والے امریکی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کا حشر شاید ویسا ہی ہو جیسا پاکستان میں فروری کے انتخابات میں قاف لیگ کا ہوا۔
ایک صحافی کی جانب سے رائے آئی کہ کیوں نہ امریکی کارروائیوں کا جواب عسکری سطح پر ہی دیا جائے۔ جواباً توڑا بوڑا کے پہاڑوں کو یاد کیا گیا اور کچھ دیر کے لیے خاموشی چھا گئی۔ یہ بوجھل خاموشی اس رائے سے ٹوٹی کہ اگر ریپبلکن پارٹی کو اپنا اقتدار بچانے کے لیے پاکستان کی بطور ایک حریف یا بطور ایک بکار ریاست قربانی بھی دینی پڑے تو شاید اسے ایسا کرنے میں کوئی تامل نہ ہو گا۔
اس سے پہلے کی بریفنگ میں موجود صحافی اس بات پر مکمل طور پر قائل ہو جاتے کہ پاکستان کے پاس اب امریکی منشا کے مطابق پٹنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، ایک اور اہم فوجی سربراہ نے بڑے یقین اور اعتماد سے کہا کہ اس صورتحال کا علاج تو ہے بشرطِ کہ معالج فوج کی بجائے منتخب حکومت ہو۔
اس اعلٰی فوجی اہلکار کے مطابق فوجی قیادت کی جانب سے حکومت کو یہ تجویز کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ایک عوامی بحث کے ذریعے درجہ بہ درجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے طریقہ کار پر ایک اتفاق رائے قائم کیا جائے جس کی بنیاد پر حکومت سیاسی اور عسکری دونوں قسم کی کارروائیوں کا فیصلہ کرنے کی مجاز ہو۔ اس اہلکار کے مطابق حکومت کی جانب سے نہ صرف اس تجویز کی حمایت کی گئی ہے بلکہ اس پر عسکری، سیاسی، سفارتی اور فکری سطح پر ہنگامی طور پر عمل درآمد شروع کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔
ابھی تک ہم اس چومکھی حکمت عملی کے دو رخ دیکھ چکے ہیں۔ پہلا سوات اور باجوڑ جیسے قبائلی علاقوں میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کی شکل میں اور دوسرا صدر زرداری کے حالیہ دورۂ برطانیہ کی صورت میں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ماضی کی نسبت قبائلی علاقوں میں جاری حالیہ فوجی کارروائی ایک واضح ہدف سے نتھی نظر آتی ہے جس کا مقصد طالبان کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو روکنا ہے
تحریک طالبان ایک عرصے سے اور بڑی کامیابی سے اپنا اثر و رسوخ قبائلی علاقوں کے آس پاس بندوبستی علاقوں میں بھی قائم کر رہی ہے۔ ان کی حکمت عملی سادہ اور واضح ہونے کی وجہ سے موثر نظر آتی ہے۔ ابھی تک پاکستانی طالبان کا وطیرہ یہ رہا ہے کہ کسی بھی علاقے سے انتظامیہ کو بھگا کر کچھ عرصے کے لیے اسے لاقانونیت کی نظر کر دیا جائے اور جب مقامی آبادی لاقانونیت سے متنفر ہونے لگے تو پھر وہاں طالبان طرز کا انصاف قائم کر دیا جائے۔ یہ حکمت عملی وزیرستان میں طالبان کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ تھی۔
پچھلے چند ہفتوں میں سوات اور باجوڑ میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے طالبان کا بھرپور مقابلہ اور اس کے ساتھ ساتھ طالبان کو اغوا شدہ سکیورٹی اہلکاروں کی رہائی پر مجبور کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ موجودہ حکومت ہر حال میں کم از کم بندوبستی علاقوں کو طالبان کے کنٹرول سے بچانا چاہتی ہے۔
اس کے ساتھ ہی صدر زرداری کے حالیہ دورہ برطانیہ نے اس چومکھی پالیسی کے سفارتی رخ سے بھی نقاب اٹھایا ہے۔ ان کے دورے کی زیادہ تفصیلات تو اب تک سامنے نہیں آئیں لیکن برطانوی اخبارات میں چھپنے والی خبروں اور تبصروں کے مطابق ان کو پاکستان اور امریکہ کے مابین کسی ثالث کی تلاش نہ تھی۔ وہ امریکی عزائم سے قطع نظر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک علاقائی اتفاق رائے کی تلاش میں تھے اور ایسی کاوشوں میں برطانیہ سے زیادہ تجربہ شاید ہی کسی اور ملک کو ہو۔
اگر برطانیہ اس علاقائی اتفاق رائے میں افغانستان، بھارت، چین اور روس کو شامل کر لیتا ہے اور اس اتفاق رائے کی بنیاد آزاد ممالک کی خودمختاری بنتی ہے تو پھر امریکہ کے لیے پاکستان میں یک طرفہ فوجی کارروائیاں ناممکن نہیں تو انتہائی مشکل ضرور ہو جائیں گی۔
موجودہ حکومت اس بات سے اچھی طرح آگاہ ہو گی کہ ان کوششوں سے یہ امید رکھنا کہ ایسا کرنے سے امریکی حملے فوراً رک جائیں گے شاید خام خیالی ہو۔ اور ان کاوشوں کا شاید یہ مقصد بھی نہیں۔ لیکن اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ ایسا کیے بغیر کوئی بھی پاکستانی حکمران اس بات کی ضمانت نہ دے سکے گا کہ آنے والی امریکی حکومت بش پالیسیاں ترک کر دے گی۔
دہشت گردی کے خلاف اپنی چومکھی حکمت عملی کے عسکری اور سفارتی بازو متحرک کرنے کے بعد اب پاکستان کو اس عوامی مباحثے کا انتظار ہے جو اندرون ملک ایک اتفاق رائے کی بنیاد بن سکے۔ اس بحث کو چھیڑنے کے لیے صدر زرداری کو ملک کے آزاد خیال اور باوسائل طبقے کی حمایت درکار ہے جو اس بحث کو انتہا پسندوں کی یلغار سے بچا کے اسے صحیح سمت لے جا سکے۔ یہ صدر زرداری کی بدقسمتی ہے کہ اب تک یہ طبقہ ان کا شدید مخالف رہا ہے۔
ابھی انہیں پاکستان کا صدر بنے اتنا عرصہ نہیں ہوا کہ کسی بھی سطح پر ان کی کارکردگی کا تنقیدی جائزہ لیا جا سکے۔ لیکن اگر وہ جاننا چاہتے ہیں کہ یہاں سے آگے ان کی راستے میں مسائل کی جتنی بھی کہکشائیں ہیں ان سے کیسے نبٹا جائے تو اس کے لیے انہیں ان کے اپنے ہی ماضی سے بہتر سبق اور شاید کہیں سے نہ مل پائے۔ وہ اگر آج ذہنی، جسمانی اور سیاسی طور پر زندہ ہیں تو اس کی بڑی وجہ وہ مستقل مزاجی ہے جو انہوں نے نو سالہ اسیری کے دوران دکھائی۔
اس کے نتائج پر کسی کی بھی خواہ کچھ بھی رائے ہو لیکن اس مستقل مزاجی کی ایک جھلک ان کی معزول ججوں اور مسٹر مشرف سے متعلق پالیسیوں میں بھی نظر آئی۔ اب اگر وہ دہشتگردی کے خلاف اپنی حکومت کی چومکھی پالیسی بھی اسی عزم کے ساتھ آگے بڑھائیں تو کیا بعید کے امریکہ جیسے بدمست ہاتھی کو بھی رام کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔
یہ تو وہ جانتے ہی ہونگے کہ اگر وہ یہاں سے چوکے، تو ان کے مستقبل میں نہ تو میاں نواز شریف والی راحتیں ہیں اور نہ ہی ایک فوجی آمر کو حاصل روایتی دفاعی فصیلیں۔ جن حالات میں انہوں نے اقتدار سنبھالا اور جس تیزی سے وہ اس کی آخری سیڑھی پر آ کھڑے ہوئے ہیں، ایوان صدر سے بے آبرو ہو کر نکلنے کی صورت میں آصف زرداری کے لیے شاید واحد جگہ اس رہنما کا پہلو ہو جو اپنا سارا بوجھ ان کے کندھوں پر پھینک کر پاکستان کا ماضی بن چکی ہے۔
عامر احمد خان
بشکریہ بی بی سی اردو
 

خرم

محفلین
یہ باتیں تو پہلے سے کی جارہی ہیں بھیا۔ شرفو کا جانا، زرداری کا آنا سب ایک حکمت عملی کا حصہ ہے۔
 

امکانات

محفلین
کیا پاکستان امریکہ کو پہلے چارایٹمی مما لک کی گود میں بٹھا کر آج کس منہ سے ان سے خود مختاری کے بلاک پر اتفاق کر وائے گا پاکستان نے امریکہ کو افغانستان لا کر چیں اور روس کی خدمت کی تھی یا ان کی پیٹھ میں خنجر گھونپا تھا اب تو چیں پاکستان سے بھی خوف زدہ وہونے لگا ہے اس نے سنکیانگ مین مسلما نوں کے روزے رکھنے پر پاندی عائد کر دی مسلم علاقوں کے ہوٹل کھلے رکنھے کی ہدائت کر دی ہے وجہ یہ بتائی ہے اس سے مسلما نوں میں انتہا پسندی بڑھتی ہے اگر ہمارے بارے میں چیں کی یہ سوچ ہے تو روس کو جہاد والی نیکی ابھی بھولی نہیں یہ اتفاق رائے کیسے ہوگا امریکہ کے خلاف روس چیں اور ایران پر مشتمل اس بلاک کو بنانے کی کوشیشیں تو پاکستا ن کی وجہ سے پہلے کامیاب نہیں‌ ہوسکیں اب یہ ممالک کیسے پاکستان پر اعتبار کریں گے
 

زینب

محفلین
جی وعدے کے ساتھ ہی اگلا حملہ بھی ہو گیا ہے۔۔۔۔۔۔منتخب حکومت ک امعرکہ پھر کبھی دیکھیے گا۔
 

خرم

محفلین
دیکھئے چین میں جو انتہا پسندی کی لہر آئی اس کا الزام بھی ظالمان پر لگایا گیا تھا۔ شرفو نے ایک دفعہ چین جاکر وہاں کے مسلمانوں سے کہا بھی تھا کہ وہ اپنی حکومت اور ملک کے وفادار رہیں لیکن جب ظالمان پاکستان میں رہتے پاکستان کی بات نہیں مانتے تو چین میں ہماری بات کیوں مانیں گے۔ سو نتیجہ وہی جو ہوا کرتا ہے کہ چینیوں نے حسب عادت گیہوں کے ساتھ گھُن بھی پیسنا شروع کر دیا۔ چین اور پاکستان کا دُکھ تو مشترک ہے لیکن چین سمیت تمام دُنیا کو یہ یقین نہیں کہ پاکستان ظالمان کی سرکوبی و بیخ کُنی کے لئے سنجیدہ ہے۔ یہی سبب ہے پاکستان کی بڑھتی ہوئی تنہائی کا اور امریکہ کا پاکستان کے اندر حملے کرنے کا۔ اگر ہماری قوم اور حکومت دُنیا کو یہ باور کرانے میں کامیاب ہو جائیں کہ ہم بھی ظالمان و شدت پسندی سے سختی اور پوری قوت کے ساتھ نبٹیں گے تو ہماری یہ تنہائی بھی ختم ہو جائے گی اور یہ حملے بھی۔ اس وقت تو سعودی عرب سے لیکر برما تک دنیا کا کوئی بھی ملک دہشت گردی کے معاملے میں ہمارے کردار سے مطمئن نہیں اور اپنی روایتی گُو مگو پالیسیوں کے سبب ہم سو پیاز اورسو جوتے بیک وقت کھا رہیں اور پھُدک رہے ہیں۔ جیسے کہ پہلے عرض کرچُکا ہوں کہ اس صورتحال سے باہر آنے کا صرف ایک طریقہ ہے کہ پوری قوم یکسو ہو کر اس مسئلہ کا مقابلہ کرے اس کے سوا کوئی گیدڑ سنگھی نہیں۔
 

ساجداقبال

محفلین
دیکھئے چین میں جو انتہا پسندی کی لہر آئی اس کا الزام بھی ظالمان پر لگایا گیا تھا۔
کسی کو ہر عالمی معاملے میں صیہونیت نظر آتی ہے اور کسی کو ہر جگہ کی انتہا پسندی میں طالبان۔ کہاں تو طالبان کو بیک ورڈ کہا جاتا ہے اور کہیں اتنا موبلائز کہ سنکیانگ پہنچا دیا۔ مان لیں ہم سب انتہا پسند ہیں۔
 

ایم اے راجا

محفلین
کیا عیسائی لابی بشمول امریکہ و اتحادی ملکوں کو بھی شدت پسند نہیں کہا جاسکتا، وہ بھی تو شدت پسند ہیں کیونکہ ایک سسٹم کو ختم کر کے اپنا سسٹم لانا چاہتے ہیں۔ اور دوسروں پر اپنا سسٹم تھوپنا ( کسی بھی طریقے سے) کیا شدت پسندی نہیں، اور جو لوگ ان لوگوں کی مدد کر رہے ہیں کیا وہ جہاد نہیں کر رہے، جہاد کا مطلب ہے کوشش کرنا اور کسی بھی کام کی کوشش کو جہاد کہا جاسکتا ہے، طالبان اپنے سسٹم کو بچانے کے لیئے جہاد کر رہے ہیں اور عیسائی لابی یہودی لابی کو ساتھ لیکر اپنے سسٹم کو سب کے سر تھوپنے کے لیئے جہاد کر رہی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ طالبان شدت پسند نہیں ( اصل طالبان کی بات کر رہا ہوں نہ کہ قاتل ظالمان کی) کیونکہ وہ اپنے ملک میں اپنا سسٹم رائج کرنا چاہتے ہیں، اصل شدت پسند تو اتحادی ہیں جو ہزاروں میل دور کسی کے گھر سے اسکے مکینوں کو نکالنا اور اس گھر میں اپنا سسٹم رائج کرنا چاہتے ہیں۔ ہر آدمی خود اپنے گھر کا ذمہ دار ہوتا ہے نہ کہ دوسرا۔
اتحادی اپنی شدت پسندی سے نہ صرف اس جنگ کو ہوا دے رہے ہیں بلکہ طالبان کو ایک مضبوط طاقت میں بدل کر لڑنے مرنے کا ایک مضبوط جواز بھی دے رہے ہیں۔ جو کہ ان کے لیئے بلکہ سارے اعتدال پسندوں کے لیئے ایک ایٹم بم سے کم نہیں ہوگا۔
فرانس اور برطانیہ بھی تو قوموں کو محکوم رکھ چکے ہیں اور جن کے منہ خون لگا ہوا ہو وہ کسی صورت خون بہانے اور پینے سے باز نہیں آتے۔
ان اتحادیوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پوری دنیا خطرے کے نشان کے بالکل نزدیک آگئی ہے، ان کو اپنی پالیسیوں پر غور کرنا چاہئیے، نہ کے دوسروں کے گھروں میں جھانکنا چاہئیے۔
یہ ساری جنگ صرف اور صرف تیل کے ذخائر حاصل کرنے تک محدود ہے، امریکہ نے آج تک اپنا تیل استعمال میں نہیں لایا اسلیئے اسے باہر سے بڑی مقدار میں تیل کی ضرورت ہے۔
آئیں ذرا سوچیں کے تیل سونے اور دوسری معدنیات کے بڑے ذخائر تو مسلمانوں کے پاس ہیں تو یورپ اور امریکہ کیسے اتنے دولت مند اور طاقتور ملک بن گئے ہیں، صرف اور صرف لڑاؤ اور کھاؤ کی پالیسی کے باعث۔
 
Top