عدم اس کو کہتے ہیں اچانک ہوش میں آنے کا نام :::: عبدالحمید عدم

اس کو کہتے ہیں اچانک ہوش میں آنے کا نام
رکھ دیا دانش کدہ، رندوں نے میخانے کا نام

حُور ہے، رعنائیِ نسواں کا اک نقلی لباس
خلد ہے، زاہد کے دانستہ بہک جانے کا نام

آپ پر بھی وار ہو دل کا، تو پوچھیں آپ سے
عشق بیماری کا غلبہ ہے کہ افسانے کا نام

بے رُخی کیا ہے؟ لگاوٹ تیز کرنے کا عمل
دلبری کیا ہے؟ مکمل طوق پہنانے کا نام

زندگی ہے، دوسروں کے حکم پر مرنے کا جشن
موت ہے، اپنی رضامندی سے مر جانے کا نام

آگہی کیا ہے؟ مسلسل خود فریبی کا چلن
روشنی کیا ہے؟ فریبِ مستقل کھانے کا نام

ہیں عدم کے ذکر پر، کیوں آپ اتنے پُر غضب
شمع کے ہمراہ، آ جاتا ہے پروانے کا نام

عبدالحمید عدم
 
آخری تدوین:
Top