شاد عظیم آبادی اب بھی اک عمر پہ جینے کا نہ انداز آیا۔شاد عظیم آبادی

اب بھی اک عمر پہ جینے کا نہ انداز آیا
زندگی چھوڑ دے پیچھا مرا میں باز آیا

مژدہ اے روح تجھے عشق سا دم ساز آیا
نکبت فقر گئی شاہ سرافراز آیا

پاس اپنے جو نیا کوئی فسوں ساز آیا
ہو رہے اس کے ہمیں یاد ترا ناز آیا

پیتےپیتےتری اک عمر کٹی اس پر بھی
پینے والے تجھے پینے کا نہ انداز آیا

دل ہو یا روح و جگر کان کھڑے سب کے ہوئے
عشق آیا کہ کوئی مفسدہ پرداز آیا

لے رہا ہے در مے خانہ پہ سن گن واعظ
رندو ہشیار کہ اک مفسدہ پرداز آیا

دل مجبور پہ اس طرح سے پہنچی وہ نگاہ
جیسے عصفور پہ پر تول کے شہباز آیا

کیوں ہے خاموش دلا کس سے یہ سرگوشی ہے
موت آئی کہ ترے واسطے ہم راز آیا

دیکھ لو اشک تواتر کو نہ پوچھو مرا حال
چپ رہو چپ رہو اس بزم میں غماز آیا

اس خرابے میں تو ہم دونوں ہیں یکساں ساقی
ہم کو پینے تجھے دینے کا نہ انداز آیا

نالہ آتا نہیں کن رس ہے فقط اے بلبل
مرد سیاح ہوں سن کر تری آواز آیا

دل جو گھبرائے قفس میں تو ذرا پر کھولوں
زور اتنا بھی نہ اے حسرت پرواز آیا

دیکھیے نالۂ دل جا کے لگائے کس سے
جس کاکھٹکا وہی مفسدہ پرداز آیا

مدعی بستہ زباں کیوں نہ ہو سن کر مرے شعر
کیا چلے سحر کی جب صاحب اعجاز آیا

رند پھیلائے ہیں چلو کو تکلف کیسا
ساقیا ڈھال بھی دے جام خدا ساز آیا

نہ گیا پر نہ گیا شمع کا رونا کسی حال
گو کہ پروانۂ مرحوم سا دم ساز آیا

ایک چپکی میں گلو تم نے نکالے سب کام
غمزہ آیا نہ کرشمہ نہ تمہیں ناز آیا

دھیان رہ رہ کے ادھر کا مجھے دلواتا ہے
دم نہ آیا مرے تن میں کوئی دم ساز آیا

کس طرح موت کو سمجھوں نہ حیات ابدی
آپ آئے کہ کوئی صاحب اعجاز آیا

بے انیسؔ اب چمن نظم ہے ویراں اے شادؔ
ہائے ایسا نہ کوئی زمزمہ پرداز آیا
شادؔعظیم آبادی​
 
Top