نصیر الدین نصیر آپؐ ہیں نُورِ ازل ، محبوبِ ربِ کائنات

یوسف سلطان

محفلین

بادشاہی ماہ سے ہے تابہ ماہی آپؐ کی
یہ زمیں ، یہ چاند ، دیتے ہیں گواہی آپؐ کی

آپؐ ہیں نُورِ ازل ، محبوبِ ربِ کائنات
جان و دل ، ارض و سما پر بادشاہی آپؐ کی

غیر ممکن ہے کسی سے آپؐ کی مدح و ثنا
ہے ثنا خواں آپ جب ذاتِ الہیٰ آپؐ کی

کی امامت انبیاء کی آپؐ نے معراج میں
مان لی اک اک نبیؐ نے سربراہی آپؐ کی

کثرتِ عصیاں سے نادم ہُوں ، نہیں مایوس مَیں
ڈھال ہے میرے لیے عالَم پناہی آپؐ کی

اک نگاہِ لُطف سے سب کام بن گئے
حشر میں کام آئی میرے ، خیر خواہی آپؐ کی

بے نیازِ مال و منصب ہے نصیرِؔ سیر چشم
آپؐ کے خادم کو کافی ہے دُعا ہی آپؐ کی

کلام حضرت الشیخ پیر سید نصیر الدین نصیر جیلانی رحمتہ اللہ تعالی علیہ گولڑہ شریف​
 
Top