آواز کی دلیل خموشی ہوئی اگر

La Alma

لائبریرین
آواز کی دلیل خموشی ہوئی اگر
ہم چُپ رہیں گے بات جو کہنی ہوئی اگر

مانا ابھی شباب میں تنہائی ہے حلیف
سوچو! حریفِ جاں دمِ پیری ہوئی اگر؟

چلیے جو لاکھ بچ کے بھی تیر و تفنگ سے
آ کر رہے گی موت جو آنی ہوئی اگر

اپنے عتاب کا ہوئے ہم آپ ہی شکار
خود کو تسلی دیں گے، ضروری ہوئی اگر

اب کے دلِ شکستہ کی تعمیر ہو بخیر
ہو گی تبھی ہمیں سے بخوبی ہوئی اگر

اتنا ہمیں نہ زود فراموش جانیے
رکھیں گے یاد، یاد بُھلانی ہوئی اگر

مولا! غمِ فراق کا کوئی تو ہو حساب
پھر ہجر ہی چُنیں گے تلافی ہوئی اگر

پی لیں گے جام زہرِ خرابات کا بھی ہم
المٰیؔ مئے نشاط جو تھوڑی ہوئی اگر​
 

امین شارق

محفلین
کیا بات ہے۔۔
مانا ابھی شباب میں تنہائی ہے حلیف
سوچو! حریفِ جاں دمِ پیری ہوئی اگر؟


ہم اچھے شاعروں کے بڑے قدر دان ہیں
تعریف کریں گے غزل اچھی ہوئی اگر
 

محمداحمد

لائبریرین
واہ! بہت خوب !

اچھی غزل ہے۔
آواز کی دلیل خموشی ہوئی اگر
ہم چُپ رہیں گے بات جو کہنی ہوئی اگر
مطلع خوب ہے
مانا ابھی شباب میں تنہائی ہے حلیف
سوچو! حریفِ جاں دمِ پیری ہوئی اگر؟
کیا بات ہے۔

اور سوچنے کی بات بھی ہے۔ :)

اتنا ہمیں نہ زود فراموش جانیے
رکھیں گے یاد، یاد بُھلانی ہوئی اگر
بہت خوب!

ڈھیروں داد!
 
آواز کی دلیل خموشی ہوئی اگر
ہم چُپ رہیں گے بات جو کہنی ہوئی اگر

مانا ابھی شباب میں تنہائی ہے حلیف
سوچو! حریفِ جاں دمِ پیری ہوئی اگر؟

چلیے جو لاکھ بچ کے بھی تیر و تفنگ سے
آ کر رہے گی موت جو آنی ہوئی اگر

اپنے عتاب کا ہوئے ہم آپ ہی شکار
خود کو تسلی دیں گے، ضروری ہوئی اگر

اب کے دلِ شکستہ کی تعمیر ہو بخیر
ہو گی تبھی ہمیں سے بخوبی ہوئی اگر

اتنا ہمیں نہ زود فراموش جانیے
رکھیں گے یاد، یاد بُھلانی ہوئی اگر

مولا! غمِ فراق کا کوئی تو ہو حساب
پھر ہجر ہی چُنیں گے تلافی ہوئی اگر

پی لیں گے جام زہرِ خرابات کا بھی ہم
المٰیؔ مئے نشاط جو تھوڑی ہوئی اگر​
اچھی غزل ہے المیٰ صاحبہ ! داد حاضر ہے .
 
Top