آؤ اتنی مجال کر دیکھیں

آؤ اتنی مجال کر دیکھیں
سب اکٹھے وبال کر دیکھیں

کر رکھی تھیں جو ان سے وابستہ
وہ امیدیں بحال کر دیکھیں

بکھرے انداز اپنے جینے کے
کچھ نہ کچھ تو سنبھال کر دیکھیں

اژدہے جو گھسے ہیں سوچوں میں
ان کو باہر نکال کر دیکھیں

انکی مرضی جواب جو بھی دیں
ہم تو اپنا سوال کر دیکھیں

ہار ہے یا کہ جیت ہے اپنی
آؤ سکہ اچھال کر دیکھیں

اپنی خواہش کو بر ملا کہہ دیں
آج یہ بھی کمال کر دیکھیں

اس کی فولاد سی طبیعت کو
اپنی بھٹی میں ڈال کر دیکھیں

اپنی گندی قبا کسی صورت
انکی خاطر اجال کر دیکھیں

جتنی فرمائشیں ہیں دنیا کی
ان کو احسان ٹال کر دیکھیں

احسان الٰہی احسان
 
Top