الیکشن 2025: مریم بمقابلہ محب۔۔۔ذہین کون؟

ذہین کون ہے؟

  • مریم افتخار

  • محب علوی


نتائج کی نمائش رائے دہی کے بعد ہی ممکن ہے۔
خواتین و حضرات!

یہ قصہ ہے پچھلی دہائی کا جب ہم نے سولہ دسمبر پر ہوئے ایک حادثے کی یاد میں کالج کی ایک تقریب میں اپنی نظم پڑھی۔ اس نظم کا ردیف تھا "تمہی کہو" اس کے قافیے کئی تھے مگر اس کی بحر کوئی نہ تھی سوائے اضطراب کے جو کہ بحر کی موجوں میں ہوا کرتا ہے۔ دسمبر 2015 میں جب ہم وہ نظم مجید امجید لائبریری کے ساتھ موجود سیمینار ہال میں سنا رہے تھے تو لوگوں کے چہروں کے تاثرات سے احساس ہوا کہ انڈے اور ٹماٹر مہنگے ہوگئے ہیں، اب لوگ صرف گھوریاں وٹتے ہیں! تاہم کسی نوجوان شاعرکے لیے یہ مقام بے عزتی کا تھا کہ اس کی ایسی پرسوز نظم جس میں تمام واقعات کا احاطہ اور قوم کے جذبات کی نمائندگی ہے اس کو لوگ یوں لیں گویا بات ہی کوئی نہ ہوئی۔ اس تقریب میں ایک شاعر اور تھا! اس کی نظم پہ لوگ تعریف کے ڈونگرے برسا رہے تھے اور وہ عاجزی کی تصویر بنا بیٹھا تھا۔ مجھے اس وقت معلوم نہ تھا کہ یہ شاعر "محفلین" بھی ہے۔ اس لمحے میں میں نے بس یہ سوچاکہ آئندہ کبھی کسی موقعے پر اپنے جذبات کی منظوم نمائندگی کرنی پڑ جائے تو آج والی حالت دوبارہ نہ ہونے کے لیے، اس عظیم انسان سے پوچھوں گی کہ اس کی نظم لکھنے کی تکنیک میں ایسا کیا تھا جو میں نہیں جانتی۔ علم دوست لوگوں کی خوبی یہ ہوتی ہے کہ ان سے کوئی سوال پوچھا جاتا ہے تو ان کی باچھیں کھل اٹھتی ہیں اور وہ اپنا سارا علم آپ کے اندر منتقل کرنے کے لیے بے تاب ہوجاتے ہیں۔ کچھ یہی حال ہمارے محمد بلال اعظم بھائی کا تھا۔ ان سے بات میں یہ بھی معلوم ہوا کہ وہ بہن کے رشتے سے ہی محروم ہیں اور یہ وہ پہلے انسان تھے جن کو ہم نے اپنی تمام تر ہمشیرانہ توانائیاں جہاں ممکن ہوں فراہم کرنا شروع کر دیں ۔ حتی کہ اپنے تھیسز اکنالجمنٹس میں اپنے چاروں بھائیوں کے ساتھ ان کا ذکر خیر بھی لکھا۔بلال بھائی نے نہ صرف مجھے علم عروض سے پہلی شناسائی دلائی بلکہ جب میری لکھائی کی مشقیں عروض پر پورا اترنے لگیں تو جھٹ سے ایک لنک فراہم کیا کہ اس پہ اکاؤنٹ بنا کر پوسٹ کر دو۔ اس لمحے مجھے علم نہ تھا محفل میرے لیے کیا ہوگی، میرا زیادہ انٹرنیٹ کی دنیا کا تجربہ بھی ابھی نہ ہوا تھا، بس مجھے لگا کہ بھائی چاہتے ہیں میری شاعری ان کی اصلاح کے علاوہ اور بھی جہتیں تلاش کرے۔یہاں آئی تو معلوم نہ تھا کہ اپنے نام کے علاوہ کسی قلمی نام سے بھی اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں، نہ یہ ذہن میں تھا کہ تعارف سوشل پریشر میں آ کر نہیں دینا ۔ میں تو تعارف کی لڑی میں ہی بھانت بھانت کی بولیوں سے گھوم چکی تھی اور ایسے لگا یہ کون سی دنیا ہے جس کا تو ذکر بھی کسی کتاب میں نہ تھا۔ تاہم اردو محفل کی یہ بات ورطہ حیرت میں ڈالنے کے لیے کافی تھی کہ لوگوں کا تنوع تو تھا ہی مگر انٹرنیٹ کی باقی دنیا کے برعکس خواتین کے لیے کافی ریسپیکٹ فل رویہ تھا۔ میرے شروع کے دنوں سے لے کر اب تک یہاں جو بھی حلقہ احباب رہا کبھی پچھتانے کا موقع نہ ملا کہ کیسے لوگوں سے واسطہ پڑا۔ جو لوگ آخر تک ساتھ رہے یا جو زمانے کی بھیڑ میں کہیں کھو گئے، وہ سب اچھے لوگ تھے ۔ اللہ ان کو آباد رکھے! میری ساری 20s میں جو ایک مشترک شے ہے وہ محفل ہی ہے جہاں میں اس دور کے آغاز میں آئی اور اس دور کے اختتام پر یہ جدا ہو رہی ہے مگر اس نے زندگی میں ایسے رنگ بھرے کہ حیران ہوں اسکے بغیر زندگی کیسی ہوتی!

محفل پہ اس سفر کے دوران ایک ایسی ہستی سے بھی پالا پڑا جن کے متعلق سب لوگ یہ کہتے پائے گئے کہ ان کی رگ ظرافت بہت پھڑکتی ہے۔ مجھے ان کی عمر تو معلوم نہیں مگر ایسے لگتا ہے کہ میرے آنے سے قبل ہی ان کی یہ رگ عمر کے لحاظ سے ریٹائر ہو چکی تھی۔ میں ان کی جس خصوصیت کو جانتی ہوں اور جو ان کے سوا اس لیول کی کہیں اور نظر نہ آئی وہ یہ ہے کہ یہ کسی کو کچھ سکھانے کے لیے بہت سنجیدہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے میرے انٹرویو کی لڑی میں میرے ارتقا پر تبصرہ جات پڑھے تو بہت سے جامع مقالے مجھے بھیج دیے۔ انہوں نے مجھے اردو ویکیپیڈیا پر اکاؤنٹ بنانا اور لکھنا سکھایا اور ہر کچھ دن بعد نئی اپڈیٹس کے ساتھ حاضر ہوتے۔ انہوں نے ہی مجھے کورسیرا پر "لرننگ ہاؤ ٹو لرن" کورس ریکمنڈ کیا جسے مکمل کر کے میری لرننگ کی کل بہت حد تک سیدھی ہوگئی۔ یہی وہ ہستی ہیں جنہوں نے مجھ جیسی پروگرامنگ سے نابلد شاگرد کو پائتھون کی بیسکس سکھا دیں اور یقین کریں یہ سب کچھ انہوں نے ایسے کیا جیسے اس میں اصل مفاد گویا ان کا تھا۔ میں ان دنوں اٹھارہ گھنٹے مصروف رہا کرتی تھی اور میرے اندر مزید سیکھنے کی کپیسٹی اور وقت مفقود محسوس ہوتے تھے مگر یہ ان کی مستقل مزاجی تھی جو ہمیشہ شامل حال رہی اور ان کی خوش مزاجی ایسی ہےکہ مجھے آج تک معلوم نہ ہوا کہ یہ عمر کے کس حصے میں ہے اور یہ خود مجھ سے بھی زیادہ مصروف شخصیت ہیں۔ یہ چند چیدہ چیدہ باتیں میں لکھ پائی ہوں مگر اس سے کہیں زیادہ کچھ میں ان سے سیکھ پائی ہوں اور ان کی ڈیڈیکیشن میرے لیے ہمیشہ مثالی رہی ہے۔ان سے حال چال بھی پوچھیں تو یہ آگے سے لائبریری میں کتابیں جمع کرنے کا ذکر کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں۔ میں اتنے سال بعد محفل میں آئی تو مجھے ایک مکالمے کاعنوان موصول ہوا "کچھ دیر کی خوشی". ایسے استاد پر سلامتی ہو جو یہ لکھتا ہے کہ محفل پر بہت عرصے بعد آ کر دیکھا کہ آپ ایکٹو ہیں اور کچھ دیر یہ خوشی ہوئی تھی کہ معلوم ہوا محفل خود ہی ختم ہو رہی ہے۔۔۔۔ یہ بھی ہمارے کچھ اور اساتذہ کی طرح خود کو استاد کہلوانے سے بھی عاجز آتے ہیں، جب کہ ہمارے لیے استاد تو ہر وہ انسان ہے جس سے ایک لفظ بھی سیکھا مگر سکھانے سے ایسی ڈیڈیکیشن اورمستقل مزاجی رکھنے والوں کو اور کیا کہیں گے!!! اگرچہ مجھے معلوم ہے لفظ پائتھون اور اردو وکیپیڈیا نے آپ کے کان کھڑے کر تو دیے ہوں گے مگر پھر بھی میں بتاتی چلوں کہ یہ سارا ذکر خیر ہے ایک بہت ہی ہر دلعزیز محفلین محب علوی کا۔ مجھے چند روز پہلے ہی معلوم ہوا کہ جناب ماضی میں الیکشنز میں خوب شکست فاش دیکھ چکے ہیں اور اس خبر پر میں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ بس فورا سے ان کے ساتھ الیکشن لڑنے کی ہامی بھر لی تاکہ جاتے جاتے کوئی ایسی حسرت رہ نہ جائے۔ اب تو پہلے کی نسبت بہت سے محفلین بدل چکے ہیں، تاہم میں نے ہم دونوں کا تفصیلی تعارف اسی لیے کروایا ہے کہ حجت تمام ہو جائے۔ یہ الیکشن اگر محب علوی جیتے تو میں سمجھوں گی میرا اس الیکشن کا مقصد پورا ہوا اور اگر یہ میں جیتی تو میں یہ جیت تب تک قبول نہ کروں گی جب تک ان کو آپ "شمس العلماء" کا خطاب نہ دے دیں۔ ووٹ آپ کا، فیصلہ بھی آپ کا!
اس ووٹنگ کی میعاد اگرچہ سات دن ہے مگر نبیل بھائی اور زیک کے تبصرہ جات سے اندازہ ہوتا ہے کہ محفل میں ہر دن آ ج کل آخری دن کی طرح گزارنا چاہیے۔ اس لیے اپنا قیمتی ووٹ ضرور کاسٹ کریں۔ باقی قیمے والے نان اور بریانی وقفے وقفے سے اپلوڈ کی جاتی رہے گی اور مریم اور محب دونوں کے نعرے وجن گئے بھئی وجن گے۔ آ جاؤ شیرو! میدان میں۔ 😁
 
آخری تدوین:

سیما علی

لائبریرین
آپ نے تو خطاب فرمادیا لیکن الیکشن سے پہلےخطاب کا ایک موقع مخالف امیدوار کو بھی ملناچاہیے۔تا کہ ووٹنگ میں آسانی ہو۔:)
آپ آم کھائیں پیڑ نہ گنیں۔۔۔۔الیکشن کے بعد موقع ان کو ہی ملنا ہےاس لیے میں نے پہلے خطاب کر دیا ہے ۔ 😁
 

سیما علی

لائبریرین
سارا ذکر خیر ہے ایک بہت ہی ہر دلعزیز محفلین @محب علوی کا۔ مجھے چند روز پہلے ہی معلوم ہوا کہ جناب ماضی میں الیکشنز میں خوب شکست فاش دیکھ چکے ہیں اور اس خبر پر میں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ بس فورا سے ان کے ساتھ الیکشن لڑنے کی ہامی بھر لی
مریم دے نعرے وجن گے
 
Top