کتنے قضیوں کے یوں ہی حل نکلے (تیا پانچہ)

جاسمن

لائبریرین
یاسر شاہ کی غزل کے چند اشعار کا تیا پانچہ میری ڈائری میں لکھا تھا۔ شاید پوری غزل مکمل کرنے کا ارادہ تھا۔ اب وہی ارسال ہے۔
کتنے قضیوں کے یوں ہی حل نکلے
راہ لی اپنی اور چل نکلے

واہ واہ! کمال کر دیا شاعر نے۔ گویا ہر مسئلہ کا شافعی و کافی علاج بتا دیا۔ یعنی جب بھی کسی کو کوئی مسئلہ ہو، پریشانی ہو، پرابلم ہو، اسے چاہیے کہ اپنی راہ لے، یاد رہے اپنی راہ لینی ہے، کسی اور کی نہیں اور بس پھر چل نکلنا ہے۔ سارا مسئلہ حل۔ ختم شد۔ دیکھیں سائینسدان، سیاہ ست دان، اور دوسرے تیسرے دان سب کتنے بڑے بڑے مسائل سے نبردآزما رہتے ہیں۔ شاعر نے ایسا نسخہء کیمیا پکڑا دیا ہے کہ بس اب ستے خیراں۔
بانیانِ محفل بھی یہی فارمولا اپنا رہے ہیں۔

آدمی ہو کہ تم گدھے ہو میاں!
کاہے کو اس قدر اٹل نکلے؟

پہلی بار جی ہاں شاعری میں پہلی بار گدھے کا ذکر اس قدر مثبت انداز میں دیکھا کہ آبدیدہ ہو گئی۔ ہمارے معاشرے میں اس محنتی، تابعدار، بلند ہمت جانور کو آج تک اہمیت نہیں ملی تھی۔ جس کسو نے بھی ذکر کیا، اچھے الفاظ میں نہیں کیا۔ اور پھر آدمی اور گدھے دونوں کا تقابل کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ گدھے کی طرح اٹل ہونے کی ضرورت چنداں نہیں۔ مزے کرو۔

جب دلِ جانِ بزم ٹوٹ گیا
مابدولت بمع غزل نکلے

لو جی یعنی کہ اب ایک غزل کے لیے ایک بار دل تڑوانا پڑے گا۔ لیکن دل جب ٹوٹا تھا تو اسے جوڑے بغیر کیسے نکلے۔ یہ تو شاعر نے ساری طب کو ہلا دیا۔ محفل کے ڈاکٹر بشمول ظہیراحمدظہیر کے۔ آج تک ٹوٹے دل کے ساتھ کسی کو نہ دیکھا گیا، ثابت دل والے ہی ادھر ادھر ٹرتے پھرتے پائے جاتے ہیں۔ ٹوٹے دل والے تو کارڈیالوجی میں ڈھیروں تاروں میں پروئے ہوتے ہیں۔
لیکن ہم نے یہی دیکھا ہے کہ یہ شاعر حضرات و خواتین جو چاہیں کر سکتے ہیں۔
جو چاہے آپ کا حسنِ کرشمہ ساز کرے
نیز یہ تشریح مدتوں پہلے کی ہے اور اب اس میں اضافہ مطلوب ہے کہ اس اردو محفل سے شاعر اب ایسے ہی نہیں نکلیں گے۔ وہ اپنی غزل بغل میں دبا کے نکلیں گے۔ سو بانیان اردو محفل شاعر کو غزل سمیت جانے سے نہیں روک سکتے۔


طالبِ علم خانقاہ گئے
نکلے تو طالبِ عمل نکلے

ہیں ں ں ں ں ں ں !!! لیں جی ایک اور آسان سا حل مل گیا۔ جو محفلین بھی سست الوجود ہیں، ہل کے پانی نہیں پی سکتے۔ ایک کام کو سالوں لگا دیتے ہیں۔ خاص طور پہ کوچہ الکساں کے بانی و رہائش پزیر محفلین عمل کے میدان میں نکلنا چاہتے ہیں تو نسخہ دیکھ لیں۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
ہیں ں ں ں ں ں ں !!! لیں جی ایک اور آسان سا حل مل گیا۔ جو محفلین بھی سست الوجود ہیں، ہل کے پانی نہیں پی سکتے۔ ایک کام کو سالوں لگا دیتے ہیں۔ خاص طور پہ کوچہ الکساں کے بانی و رہائش پزیر محفلین عمل کے میدان میں نکلنا چاہتے ہیں تو نسخہ دیکھ لیں۔
دلداری واعظ کو اک ہمیں ہیں ورنہ
اب شہر میں ہر رند خرابات ولی ہے
(یعنی اب اپنے تئیں محفل پر ہر دو مراسلے کرنے والا خود کو چوکس سمجھتا ہے)

جاسمن صاحبہ۔۔۔۔ ایسے ہی شرح کو دھار لگا کر رکھیں۔۔۔۔ زبردست۔۔۔۔ کوئی شاعر بچ کر نہ نکلنے پائے۔
 
Top