حریم ادب کے لیے میری تحریر ۔ ویزا

ام اویس

محفلین
ہر مہینے کی آخری جمعرات کو مجلس حریم ادب ہوتی ہے ۔ اس میں شامل ہونے کی شرط ہے کہ آپ کچھ نہ کچھ ضرور پڑھ کر سنائیں ۔ اپنی لکھی کہانی ، شاعری ، افسانہ ، آب بیتی ، جگ بیتی کچھ بھی
پھر وہاں اس پر بحث ہوتی ہے خامیاں بتائی جاتی ہیں ، اصلاح کی جاتی ہے اور بہت کچھ نیا سیکھنے کو ملتا ہے ۔ آج کی مجلس حریم ادب کے لیے میں نے یہ تحریر لکھی ہے ۔
سنانے کے بعد کیا ہوگا آکر بتاؤں گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عنوان ۔ ویزا
مجھے پتہ تھا آپ کوئی نہ کوئی غلطی ضرور کریں گی
دروازہ دھڑ سے کھول کرگھر میں داخل ہوتے ہوئے ساقی نے غصے سے کہا
میں نے کہا بھی تھا پھر میری بات کیوں نہیں مانی
سچی بات ہے مجھے خیال نہیں رہا میں نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا وہ کاغذات میرے بیگ میں رہ گئے تھے
ساجدہ بیگم نے ندامت سے ہلکی آواز میں جواب دیا
مجھے پتہ تھا ساقی بیسویں بار بولا آپ کوئی نہ کوئی غلطی ضرور کریں گی اسی لیے بار بار آپ سے کہہ رہا تھا ۔
ہر کام انسان کی مرضی ومنشا پر نہیں ہوتا کچھ چیزیں قسمت میں لکھ دی جاتی ہیں ۔ ساجدہ بیگم نے دھیمے سے کہا
ہونہہ غلطی اپنی ہو اور الزام قسمت پر ڈال دینا یہ عجیب منطق ہے
میں مانتی ہوں بیٹا یہ میری غلطی ہے مجھے بہت دھیان سے تمام کاغذات جمع کروانے چاہیے تھے شاید میں نے اس بات کو اتنی اہمیت نہیں دی ۔
اب زہرا کا سوچیں وہ کیا کرے گی ساقی کے تصور میں بہن کی رونی صورت آئی تو پریشان لہجے میں آہستہ سے بولا
اس کے پاس اس کا شوہر موجود ہے وہ سمجھدار ہے ۔ اپنی بیوی اور اولاد کے معاملے میں حساس ہے سنبھال لے گا ۔ اس معاشرے میں ماں سے زیادہ شوہر کی موجودگی ضروری ہے تم فکر نہ کرو ساجدہ بیگم نے اپنے بیٹے کو تسلی دیتے ہوئے کہا
اگرچہ خود ان کا ذہن مسلسل بیٹی کی پریشانی میں الجھا ہوا تھا
زہرا ان کی چھوٹی بیٹی تھی لندن میں اپنی پانچ سالہ بچی اور شوہر کے ساتھ خوش خوش زندگی گزار رہی تھی کچھ ہی دن بعد اس کے آنگن میں دوسرا پھول کھلنے والا تھا کہ اچانک پیچیدگی کی وجہ سے ذاکٹرز نے آپریشن تجویز کردیا ۔
زہرا اور اس کا شوہر پریشان ہوگئے پانچ سال پہلے بڑی بچی کی پیدائش پر زہرا نے اپنی ماں کو اپنے پاس بلا لیا تھا ۔ اس کے شوہر حسیب نے ساجدہ بیگم کو سپانسر کے کاغذات بھیجے تھے ۔ اس وقت ایجنٹ نے بڑی احتیاط سے ساجدہ بیگم کے تمام ضروری کاغذات ویزا درخواست کے ساتھ لگائے اور پوری ذمہ داری سے ویزا درخواست جمع کروائی ۔ ساجدہ بیگم ، ساقی خود زہرا اور اس کا شوہر حسیب بہت فکر مند تھے معلوم نہیں ویزا لگے گا یا نہیں ۔ تمام کاروائی احتیاط سے مکمل کرنے کے بعد بھی زہرا دن رات دعا کرتی رہی اور باربار ماں سے کہتی امی جان دعا کریں ویزا لگ جائے تاکہ اس مشکل وقت میں آپ میرے پاس ہوں ۔
اس بار ساجدہ بیگم کو محسوس تو ہو رہا تھا کہ سب نے اس معاملے کو اہمیت نہیں دی لیکن انہوں نے توجہ نہ دی ۔ درخواست جمع کرواتے وقت نہ غور سے پڑھی نہ مکمل ہدایات پر عمل کیا ۔ بیٹے کی تاکید کے باوجود ایک ضروری کاغذ جمع کروانا بھول گئیں ۔ایجنٹ بھی یہی کہتا رہا کوئی بات نہیں آپ کا ویزا ایک بار لگ چکا ہے اب بھی لگ جائے گا ۔ ادھر زہرا بھی مطمئن تھی کہ کوئی مسئلہ نہیں پہلے بھی امی میرے پاس تھیں اب بھی آجائیں گی لیکن جب ویزا نہ لگنے کی اطلاع ملی تو سب کو جیسے ایک جھٹکا لگا امیدوں اور خیالوں کے جہان سے حقیقت کی تلخ دنیا میں واپس آگئے ۔
ایک طرف بیٹی کی فکر دوسری طرف اپنی غلطی کا احساس ساجدہ بیگم سوچ رہی تھیں ایک معمولی سی کوتاہی ہوئی اگر میں درخواست کی تمام ہدایات خود پڑھ کر دیکھ لیتی ، اگر میں بیگ کھول کر دیکھ لیتی اور کاغذات کی اچھی طرح پڑتال کرلیتی ، اگرکوئی میری توجہ اس طرف مبذول کروا دیتا ، اگر کاونٹر پر بیٹھی خاتون ایک بار کہہ دیتی کہ کچھ رہ تو نہیں گیا ۔ اگر ۔۔ اگر
تو آج یہ پریشانی نہ ہوتی ۔ بیٹی کے اس مشکل وقت میں اس کے ساتھ ہوتی ۔
کاش کا لفظ انہیں پسند نہیں تھا اور انہیں اس بات پر بھی یقین تھا کہ الله کا حکم اور مشیت اسی میں تھی لیکن پھر بھی افسوس کا احساس سب خیالات پر حاوی تھا ۔
اسی ادھیڑ بن میں نماز کا وقت ہوگیا وضو کرکے جائے نماز پر کھڑی ہوئیں تو یکدم جیسے میدان حشر ان کی نگاہوں کے سامنے آگیا عجیب نفسا نفسی کا عالم تھا ہر شخص ہاتھ میں نامہ اعمال لیے ادھر سے ادھر پریشان و سرگرداں تھا ۔
وہ بھی ہاتھ میں نامہ اعمال لیے اس کے ورق ورق کو دیکھ رہیں تھیں
آہ میری نمازیں ، میری عبادتیں ، میرے نیک اعمال ، حقوق الله ، حقوق العباد ، آخرت میں کام آنے والے سکے زندگی کا ایک ایک لمحہ ان کی نگاہوں میں پچھتاوا بھرنے لگا
الله سبحانہ وتعالی نے اپنی رضا کے حصول کی جو درخواست طلب کی تھی اس پر غور کیوں نہیں کیا ، زندگی گزارنے کا ہدایت نامہ تومکمل تھا اس کو کھول کر کیوں نہیں دیکھا ، ایک اہم خط بھی تو تھا اسے کس طاق میں سجا کر رکھ دیا ، دستور زندگی کی ایک ایک شق موجود تھی اس سے لاپرواہی کیوں اختیار کی ۔ سپانسر کے کاغذات تو مکمل اور مضبوط تھے ان میں کوئی کمی تھی نہ کجی پھر ان کی اہمیت کا ادراک کیوں نہ ہوا ۔
کس اہم رشتے کو برتنے میں کہاں کوتاہی کی ، کس دستاویز کو سنوارنے میں وقت نہ لگایا ، لمحوں کے پنوں پر کس جگہ اپنی موجودگی کی مہر نہ لگائی ، کہاں ہونا چاہیے تھے اس وقت کہاں ناموجود ہوئی ، زندگی کے ہر پل کی لمحہ بلمحہ ، قدم بقدم رہنمائی موجود تھی پھر کیسے بھٹک گئی ۔ کتاب حیات کے ورق ورق جمع کراتے سمے جن اہم دستاویزات سے لاپرواہی برتی اب ان پر مہر شفقت کیسے لگے گی۔
افسوس افسوس ! پچھتاوا پچھتاوا
 
ام اویس

محفلین
مضمون پر بحث ہوئی کہا گیا کہ اچھا ٹرن لیا ہے لیکن دونوں جہتوں کو جوڑنے میں مزید وضاحت ہونی چاہیے ۔

آج حریم ادب میں اتفاق سے یہی موضوع یعنی موت اور مابعد موت زیر بحث رہا ۔
میری تحریر کا انجام طویل ہوجاتا ہے مجھے اس کا احساس بھی ہے لیکن سمیٹ نہیں پاتی ۔
مجھے ان لوگوں پر رشک آتا ہے جو ایک جملے میں ایسا انجام بیان کر دیتے ہیں کہ انسان حیران رہ جاتا ہے عبرت پکڑتا ، سبق حاصل کرتا اور غور وفکر پر مجبور ہوجاتا ہے ۔
ایک ساتھی نے بہت ہی پُر اثر تحریر پڑھی اور یکدم نہایت پر اثر اختتام
اسے سن کر مجھے اپنی تحریر ایویں سی لگی اور مزید محنت کا خیال آیا
 
فرقان احمد

محفلین
ماشاءاللہ!آپ بہت اچھا لکھتی ہیں تاہم ایک دو مشورے یا تجاویز پیش خدمت ہیں۔

براہ مہربانی اپنی تحریر میں رموز اوقاف کا استعمال ضرور کیا کریں۔ اس طرح جملہ نکھری ہوئی صورت میں سامنے آتا ہے۔

مثال کے طور پر، زیر نظر مقتبس تحریر کو
مجھے پتہ تھا آپ کوئی نہ کوئی غلطی ضرور کریں گی
دروازہ دھڑ سے کھول کرگھر میں داخل ہوتے ہوئے ساقی نے غصے سے کہا
میں نے کہا بھی تھا پھر میری بات کیوں نہیں مانی
سچی بات ہے مجھے خیال نہیں رہا میں نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا وہ کاغذات میرے بیگ میں رہ گئے تھے
ساجدہ بیگم نے ندامت سے ہلکی آواز میں جواب دیا
مجھے پتہ تھا ساقی بیسویں بار بولا آپ کوئی نہ کوئی غلطی ضرور کریں گی اسی لیے بار بار آپ سے کہہ رہا تھا ۔
اس طرح سے لکھ کر دیکھیے تو شاید قاری کے لیے پڑھنے میں آسانی رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
"مجھے پتہ تھا آپ کوئی نہ کوئی غلطی ضرور کریں گی۔" دروازہ دھڑ سے کھول کرگھر میں داخل ہوتے ہوئے ساقی نے غصے سے کہا۔
"میں نے کہا بھی تھا، پھر میری بات کیوں نہیں مانی۔"
"سچی بات ہے ، مجھے خیال نہیں رہا میں نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا۔ وہ کاغذات میرے بیگ میں رہ گئے تھے۔"، ساجدہ بیگم نے ندامت سے ہلکی آواز میں جواب دیا۔
"مجھے پتہ تھا"، ساقی بیسویں بار بولا، "آپ کوئی نہ کوئی غلطی ضرور کریں گی، اسی لیے بار بار آپ سے کہہ رہا تھا۔"
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جملے کی بناوٹ خوب ہے تاہم اس میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔ مثال کے طور پر،
'ساقی نے غصے سے کہا' کو کسی حد تک مزید بہتر بنانے کے لیے یوں بھی لکھا جا سکتا ہے، 'ساقی نے قدرے غصے سے کہا' یا 'ساقی نے درشت لہجے میں کہا'۔

آپ بہت اچھا لکھتی ہیں، صرف فائنل ڈرافٹ پر توجہ دیں تو آپ کی کہانی زیادہ نکھری ہوئی صورت میں سامنے آ سکتی ہے۔

امید ہے، آپ کو ہمارے مشورے برے نہ لگیں گے۔

جزاک اللہ!
 
ماشاء اللہ بہترین تحریر ہے جیسا اوپر ایک ساتھی بیان کر چکے ہیں کہ ہر دو مناظر کو ملانے والے ربط کی کمی ہے تو اسی سلسلے میں اگر برا محسوس نہ ہو تو یہ کوشش ہے
سی ادھیڑ بن میں نماز کا وقت ہوگیا وضو کرکے جائے نماز پر کھڑی ہوئیں تو یکدم جیسے میدان حشر ان کی نگاہوں کے سامنے آگیا عجیب نفسا نفسی کا عالم تھا ہر شخص ہاتھ میں نامہ اعمال لیے ادھر سے ادھر پریشان و سرگرداں تھا ۔
وہ بھی ہاتھ میں نامہ اعمال لیے اس کے ورق ورق کو دیکھ رہیں تھیں
آہ میری نمازیں ، میری عبادتیں ، میرے نیک اعمال ، حقوق الله ، حقوق العباد ، آخرت میں کام آنے والے سکے زندگی کا ایک ایک لمحہ ان کی نگاہوں میں پچھتاوا بھرنے لگا
الله سبحانہ وتعالی نے اپنی رضا کے حصول کی جو درخواست طلب کی تھی اس پر غور کیوں نہیں کیا ، زندگی گزارنے کا ہدایت نامہ تومکمل تھا اس کو کھول کر کیوں نہیں دیکھا ، ایک اہم خط بھی تو تھا اسے کس طاق میں سجا کر رکھ دیا ، دستور زندگی کی ایک ایک شق موجود تھی اس سے لاپرواہی کیوں اختیار کی ۔ سپانسر کے کاغذات تو مکمل اور مضبوط تھے ان میں کوئی کمی تھی نہ کجی پھر ان کی اہمیت کا ادراک کیوں نہ ہوا ۔
کس اہم رشتے کو برتنے میں کہاں کوتاہی کی ، کس دستاویز کو سنوارنے میں وقت نہ لگایا ، لمحوں کے پنوں پر کس جگہ اپنی موجودگی کی مہر نہ لگائی ، کہاں ہونا چاہیے تھے اس وقت کہاں ناموجود ہوئی ، زندگی کے ہر پل کی لمحہ بلمحہ ، قدم بقدم رہنمائی موجود تھی پھر کیسے بھٹک گئی ۔ کتاب حیات کے ورق ورق جمع کراتے سمے جن اہم دستاویزات سے لاپرواہی برتی اب ان پر مہر شفقت کیسے لگے گی۔
افسوس افسوس ! پچھتاوا پچھتاوا
اسی ادھیڑ بن میں نماز عصرکا وقت ہوگیا وضو کرکے جائے نماز پر کھڑی ہوئیں تو ذہن انہی سوچوں میں غلطاں بار بار اپنی کوتاہی کا خیال آتا، جیسے تیسے کرکے نماز مکمل کی اور اپنے کمرے میں چلی گئیں۔ بستر پر لیٹ کر سوچتے سوچتے نہ جانے کب وہ نیند کی وادیوں میں پہنچ گئیں۔
کیا دیکھتی ہیں کہ یکدم جیسے میدان حشر ان کی نگاہوں کے سامنے آگیا عجیب نفسا نفسی کا عالم تھا ہر شخص ہاتھ میں نامہ اعمال لیے ادھر سے ادھر پریشان و سرگرداں تھا ۔وہ بھی ہاتھ میں نامہ اعمال لیے اس کے ورق ورق کو دیکھ رہیں تھیں
آہ میری نمازیں ، میری عبادتیں ، میرے نیک اعمال ، حقوق الله ، حقوق العباد ، آخرت میں کام آنے والے سکے زندگی کا ایک ایک لمحہ ان کی نگاہوں میں پچھتاوا بھرنے لگا
الله سبحانہ وتعالی نے اپنی رضا کے حصول کی جو درخواست طلب کی تھی اس پر غور کیوں نہیں کیا ، زندگی گزارنے کا ہدایت نامہ تومکمل تھا اس کو کھول کر کیوں نہیں دیکھا ، ایک اہم خط بھی تو تھا اسے کس طاق میں سجا کر رکھ دیا ، دستور زندگی کی ایک ایک شق موجود تھی اس سے لاپرواہی کیوں اختیار کی ۔ سپانسر کے کاغذات تو مکمل اور مضبوط تھے ان میں کوئی کمی تھی نہ کجی پھر ان کی اہمیت کا ادراک کیوں نہ ہوا ۔
کس اہم رشتے کو برتنے میں کہاں کوتاہی کی ، کس دستاویز کو سنوارنے میں وقت نہ لگایا ، لمحوں کے پنوں پر کس جگہ اپنی موجودگی کی مہر نہ لگائی ، کہاں ہونا چاہیے تھے اس وقت کہاں ناموجود ہوئی ، زندگی کے ہر پل کی لمحہ بلمحہ ، قدم بقدم رہنمائی موجود تھی پھر کیسے بھٹک گئی ۔ کتاب حیات کے ورق ورق جمع کراتے سمے جن اہم دستاویزات سے لاپرواہی برتی اب ان پر مہر شفقت کیسے لگے گی۔
افسوس افسوس ! پچھتاوا پچھتاوا
امی ۔ امی ۔۔امی کیا ہوا۔۔؟؟ میں تو پریشان ہو گئی تھی آپ سوتے میں روئے جا رہی تھیں اور یہ کس مہر کی بات کر رہی تھیں-
ایک جھٹکے سے انکی آنکھ کھلی تو کیا دیکھتی ہیں کہ ان کی بیٹی ان کے ماتھے پر ہاتھ رکھے بیٹھی ہے اور پریشان نظر آ رہی ہے- جسم میں جیسے جان ہی نہیں تھی البتہ آہستہ آہستہ حواس میں آئیں تو ذہن وہیں اٹکا ہوا تھا۔ بار بار سوال اٹھ رہا تھا
۔۔۔۔کتاب حیات کے ورق ورق جمع کراتے سمے جن اہم دستاویزات سے لاپرواہی برتی اب ان پر مہر شفقت کیسے لگے گی۔
افسوس افسوس ! پچھتاوا پچھتاوا۔۔۔
اٹھ کر بیٹھیں پانی کا گلاس پیا اچانک دور کہیں سے آواز آنے لگی
اللہ اکبر اللہ اکبر
اللہ اکبر اللہ اکبر
اشہد ان لا الہ الا اللہ
احساس ہوا کافی دیر تک سو چکی ہیں اچانک جھماکا ہوا اور ان کے اس سوال کا جواب انہیں مل گیا۔ ذہن کے کسی کونے سے آواز آنے لگی
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
اللہ کے نام سے شروع جو نہایت مہربان اور رحم والا ہے

قُلْ يَا عِبَادِيَ الَّذِينَ أَسْرَفُوا عَلَى أَنْفُسِهِمْ لَا تَقْنَطُوا مِنْ رَحْمَةِ اللَّهِ إِنَّ اللَّهَ يَغْفِرُ الذُّنُوبَ جَمِيعًا إِنَّهُ هُوَ الْغَفُورُ الرَّحِيمُ﴿53﴾ وَأَنِيبُوا إِلَى رَبِّكُمْ وَأَسْلِمُوا لَهُ مِنْ قَبْلِ أَنْ يَأْتِيَكُمُ الْعَذَابُ ثُمَّ لَا تُنْصَرُونَ﴿54﴾وَاتَّبِعُوا أَحْسَنَ مَا أُنْزِلَ إِلَيْكُمْ مِنْ رَبِّكُمْ مِنْ قَبْلِ أَنْ يَأْتِيَكُمُ الْعَذَابُ بَغْتَةً وَأَنْتُمْ لَا تَشْعُرُونَ﴿55

[میری جانب سے] کہہ دو کہ اے میرے بندو! جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے تم اللہ کی رحمت سے ناامید نہ ہو جاؤ، بالیقین اللہ تعالیٰ سارے گناہوں کو بخش دیتا ہے، واقعی وه بڑی بخشش بڑی رحمت واﻻ ہے۔ (53) تم [سب] اپنے پروردگار کی طرف جھک پڑو اور اس کی حکم برداری کیے جاؤ اس سے قبل کہ تمہارے پاس عذاب آ جائے اور پھر تمہاری مدد نہ کی جائے۔ (54) اور پیروری کرو اس بہترین چیزکی جو تمہاری طرف تمہارے پروردگار کی طرف سے نازل کی گئی ہے، اس سے پہلے کہ تم پر اچانک عذاب آجائے اور تمہیں اطلاع بھی نہ ہو۔

اور انہیں اپنے روم روم میں سکون اور اطمینان کی لہریں دوڑتی ہوئی محسوس ہونے لگیں
 
ام اویس

محفلین
مجھے بھی اس طرح خوب تفصیل سے لکھنا پسند ہے لیکن “حریم ادب “میں بہت تنقید ہوتی ہے ۔۔۔
ڈاکٹر فرات غضنفر تو فورا ڈانٹ دیتی ہیں اور کہتی ہیں پہلے اس بات کا فیصلہ کرو کہ تم لکھنا کیا چاہتی ہو کہانی کو واعظ بنانے کی کوشش مت کرو بھاری بھرکم ہوجاتی ہے
اور ڈاکٹر سامعہ کہتی ہیں ۔۔۔آخر میں یہ کہنا کہ
“سب ہنسی خوشی رہنے لگے “
ضروری نہیں ۔
بس ایک لائن ایک فقرے پر اختتام ۔۔۔ اور ایسا ہو کہ قاری سوچنے پر مجبور ہوجائے
اور
ام عبد منیب کہتی ہیں کم از کم پندرہ بار لکھو ۔۔۔ فالتو الفاظ اور جملوں کی خود ہی صفائی ہوجائے گی
سب صحیح کہتے ہیں ۔۔۔
اچھی تحریر بہت محنت ، توجہ اور ذہنی سکون و ارتکاز چاہتی ہے ۔
اور فرصت ۔۔۔ جو مجھے میسر نہیں
دوڑتی بھاگتی زندگی میں بس میرا حصہ اتنا ہی ہے
 
میں پروفیشنل لکھاری نہیں ہوں البتہ لکھنے کی حد تک میری رائے یہ ہے کہ آپ ویسا لکھیں جیسا آپ کا اپنا دل کہے ویسا نہ لکھیں جیسا دوسرے چاہتے ہیں کیونکہ آپ دوسروں کی مرضی سے لکھتے ہوئے خود کو اس سانچے میں ڈھالتے ہیں جیسا دوسرا چاہتا ہے تو آپ کی شناخت انداز اور مطلوبہ پیغام کہیں گم ہو جاتا ہے۔ جسٹ بی یور اون سیلف پھر اسے چلنے دیں
 
آپ کا مشورہ بالکل صحیح ہے ۔ دل کولگی بات
ایسا ہی ہوتا ہے میں پہلی بار جو لکھتی ہوں اس میں میرا تمام ہنر شامل ہوتا ہے پھر اس کی نوک پلک سنوارتے اس کا اصل چہرہ بالکل بدل جاتا ہے ۔ بیوٹی پارلر سے تیارہ شدہ دلہنوں کی طرح
بہت شکریہ ۔۔۔ میں اس نصیحت کو یاد رکھوں گی
الله کریم آپ کو سکون و خوشیاں عطا فرمائے
 
Top