کیا پانچ برس؟! کیا عمر اپنی کے پانچ برس؟

باتیں بنانے میں اب وہ پہلے سی طرفگی کہاں، اب تو یہ حال ہے کہ (اردو محاورے کے مطابق) لکھنے کے نام پر چیک اور رسید سے زیادہ کچھ نہیں لکھتا۔ یہاں تک کہ پیغامات کے جواب تک وائس نوٹس میں دیتا ہوں اور اگر یہ سہولت موجود نہ ہو تو بشرط ضرورت متعلقہ سائل یا مسئول کو کال کر کے رفع ضروت کر لیتا ہوں۔ ہاں کبھی کوئی شعر کہہ لوں تو محفوظ کرنے کے لیے کسی یک طرفہ استعمال شدہ کاغذ کے پیچھے لکھ لیتا ہوں۔ البتہ اردو محاورے میں شعر لکھا نہیں جاتا، کہا سنا جاتا ہے، پڑھا جاتا ہے، ہو جاتا ہے، یا بہت ہوا تو سمجھ لیا جاتا ہے۔ یہ تو خیر ایک جملۂ معترضہ تھا، غرض تو اس زمانے کی یاد تازہ کرنا تھی کہ جب ہم پانچ برس ادھر اردومحفل میں تازہ وارد تھے۔ گو ہمارا محفل میں آنا غالب کے چمن میں جانے کی طرح نہ تھا کہ اس دبستاں میں تو سبھی بلبل و عندلیب، رقیب و حبیب اور شاعر و ادیب، پہلے ہی غزل سرا تھے۔ تھی یہی کوئی جون کی بائیس تاریخ لیکن تب اور اب میں کچھ اوپر پانچ برسوں اور کچھ کم پانچ ہزار مراسلوں کا فاصلہ پڑتا ہے۔
اردومحفل میرا گھر ہے! اور گھر اس لیے کہہ رہا ہوں کہ اختتام پر ایک مشہور فقرہ لکھ سکوں، ورنہ اردومحفل گھرانہ ہے۔ ایسا گھرانہ جہاں میری تربیت ہوئی اور مجھ سے بےلوث محبتیں کی گئیں۔ ہرچند اب ان وقتوں کے محفلین خال خال ہی محفل میں نظر آتے ہیں، اور کچھ تو ایسے ہیں جو نظر ہی نہیں آتے، لیکن بعد میں آنے والوں اور ان کی سرگرمیوں کو دیکھ کر مجھے پانچ برس پہلے کا وقت یاد آتا ہے تو نشاط اور "یادش بخیریا" کی ملی جلی سی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ حافظے پر مرحبا کہ ان رنگا رنگ بزم آرائیوں کی یادیں اب تک تاق نسیاں تک نہیں پہنچی ہیں۔ میں یہیں سے تمام بعد میں آنے والوں کو محفل میں خوش آمدید کہتا ہوں، اور اگلوں کو خدا قوت (فارسی محاورہ، یعنی خدا قوتیں بحال رکھے)۔
آخر میں دو شعر اور ایک تازہ تصویر پیش ہے۔
-
کھلی جو آنکھ تو کیا کیا دکھائی دینے لگا
میں اپنے باپ سے بوڑھا دکھائی دینے لگا
-
وہ جن کا ساتھ ضروری تھا زندگی کے لیے
وہ بہہ چکے تو کنارا دکھائی دینے لگا
16864769_1954758824751979_3000535705145654753_n_zpsvvrd5fmn.jpg
[/URL][/IMG]
16864769_1954758824751979_3000535705145654753_n_zpsvvrd5fmn.jpg
 
لاریب مرزا

محفلین
اردو محفل میں پانچ سال مکمل ہونے پر مبارکباد قبول کیجیے۔ :)
جب سے ہم محفل کا حصہ بنے ہیں آپ کو محفل میں متحرک نہیں دیکھا۔ آپ پانچ سال میں سے کتنا عرصہ متحرک رہے؟؟
 
عثمان

محفلین
او بھائی ۔۔ پرانے لوگ بھی ادھر ہی ہیں۔ اب آپ ہی کم کم آئیں تو محفل سے شکوہ کیسا۔ :)
محفل سے وابستگی کے پانچ برس مبارک ہوں! :)
 
نمرہ

محفلین
شاعری تو آپ کی کچھ عرصے سے پڑھنے کو نہیں ملی۔ نیچا، یا نیچے، یا نطشے کے پرستار ہیں ابھی تک؟ :)
 
اردو محفل میں پانچ سال مکمل ہونے پر مبارکباد قبول کیجیے۔ :)
جب سے ہم محفل کا حصہ بنے ہیں آپ کو محفل میں متحرک نہیں دیکھا۔ آپ پانچ سال میں سے کتنا عرصہ متحرک رہے؟؟
بہت شکریہ :)
محفل میں میرا تحرّک اولین تین سالوں میں زیادہ رہا
 
او بھائی ۔۔ پرانے لوگ بھی ادھر ہی ہیں۔ اب آپ ہی کم کم آئیں تو محفل سے شکوہ کیسا۔ :)
محفل سے وابستگی کے پانچ برس مبارک ہوں! :)
عثمان صاحب محفل سے مجھے قطعا کوئی شکوہ نہیں۔ جیسا کہ میں نے واضح کیا، اب لکھنے کی وہ ریاضت نہیں رہی، لیکن محفل کا خاموش قاری ضرور تھا :) بہت شکریہ :)
 
شاعری تو آپ کی کچھ عرصے سے پڑھنے کو نہیں ملی۔ نیچا، یا نیچے، یا نطشے کے پرستار ہیں ابھی تک؟ :)
آپ کو پڑھنے کو نہیں ملی تو کیا اچھنبا جبکہ ہم نے کم ہی شعر کہے :)
جی بالکل، میرے کچھ طور طریقے تبدیل ہوئے ہیں، پسند نا پسند پر اب تک آنچ نہیں آئی :)
 
عثمان

محفلین
عثمان صاحب محفل سے مجھے قطعا کوئی شکوہ نہیں۔ جیسا کہ میں نے واضح کیا، اب لکھنے کی وہ ریاضت نہیں رہی، لیکن محفل کا خاموش قاری ضرور تھا :) بہت شکریہ :)
شکوہ نہیں، وہ تو بس ایسے ہی کہا ہے۔ آپ کی تحریر بتاتی ہے کہ ریاضت نہ ہونے کے باوجود تحریر خوب ہے۔ آتے جاتے رہیے۔ آپ کے جاری کردہ کچھ دلچسپ سلسلے ادھورے پڑے ہیں۔ :)
 
شکوہ نہیں، وہ تو بس ایسے ہی کہا ہے۔ آپ کی تحریر بتاتی ہے کہ ریاضت نہ ہونے کے باوجود تحریر خوب ہے۔ آتے جاتے رہیے۔ آپ کے جاری کردہ کچھ دلچسپ سلسلے ادھورے پڑے ہیں۔ :)
جی ارادہ ہے ان سلسلوں کو آگے بڑھانے کا :)
 
Top