توجہ فرمائیے

محسن حجازی

محفلین
اسلام و علیکم!
میری طویل غیر حاضری کے سبب یقینا کافی مایوسی پھیل رہی ہے اور لوگ طرح طرح کی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ فونٹ کے سلسلے میں جس طرح جو کام میں کرنا چاہ رہا تھا وہ تو نہیں ہو سکا، اور میں اپنی اس ناکامی کا برملا اعتراف کرتاہوں۔ لیکن اظہار رائے کو بطور استحقاق استعمال کرتے ہوئے اتنا عرض کرنا چاہوں گا کہ اس میں بد نیتی کو قطعا دخل نہیں ہے البتہ نااہلی ضرور ایک عامل ہے۔میرا علم درگور قسم کا کوئی ارادہ نہیں نہ ہی یہ کوئی اتنا بڑا علم ہے جسے چھپایا جائے۔ میں اس وقت کئی معاملات میں الجھا ہوا ہوں جن میں یونی کوڈ سے بحث (آج ہی مارک ڈیوس کو جواب لکھنا ہے۔۔۔)، ،مبنی بر امثلہ مشینی ترجمہ کاری اور فونٹ سے متعلق کچھ امور شامل ہیں۔
بہرطور، اس علم کی منتقلی میری قومی ذمہ داری ہے میں اپریل کے وسط تک ایک جامع پوسٹ کروں گا جس میں تمام مراحل کو واضح کروں گا۔ مرکز نگاہ فی الوقت نسخ ہوگا۔ اور اگر اردو محفل نسخ میں قرآنی نسخ پر کام کر جائے تو یہ بہت بڑی سعادت ہوگی۔نستعلیق کے ضمن میں میں نے محسوس کیا ہے کہ پیچیدگی کے سبب براہ راست آغاز ممکن نہیں۔ ایک ہی پی ڈی ایف فائل میں کوشش ہوگی کہ تمام مراحل کو سمیٹ دوں جو نسخ کے سلسلے میں پیش آتے ہیں۔ اس کے بعد ہم قرآنی نسخ پر کام کریں گے اور بعد ازاں نستعلیق کی طرف پیش قدمی کریں گے۔۔۔ مجھے قوی احساس ہے کہ مسلسل تساہل کے باعث شاید میرے الفاظ اس قدر پر اثر نہ ہوں لیکن بہرطور۔۔۔ انشاءاللہ!
 

الف نظامی

لائبریرین
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ۔
آپ کی مصروفیات کا ہمیں احساس ہے اور آپ سے کوئی بدگمانی نہیں، البتہ آپ کے قلم سے اردو خط کی تیاری کے بارے میں اردو کتاب ‌
محسن حجازی نے کہا:
مرکز نگاہ فی الوقت نسخ ہوگا۔ اور اگر اردو محفل نسخ میں قرآنی نسخ پر کام کر جائے تو یہ بہت بڑی سعادت ہوگی۔‌‌
اس سلسلہ میں ایک عندیہ میرے ذہن میں ہے کیا پتہ کام کا ہو
اعراب والی گلفس سے کام چلے گا، یعنی اعراب کی علیحدہ سے گلف نہ ہو بلکہ ہر حرف کی ممکنہ اعرابی صورت کی گلف بنا لی جائے ۔ بجائے یہ کہ حرف اور اعراب کی علیحدہ گلف بنائی جائے۔
 

شاکرالقادری

لائبریرین
اس کا مطلب ہے گویا اردو نستعلیق فونٹ پروجیکٹ کو بند کرنے کا اعلان کیا جا رہا ہے ویسے بھی جو مایوسی پھیل چکی ہے اس کے پس منظر میں نئی توقعات قائم کرنا عبث ہے ۔
بس اب تو یہ دیکھنا ہے کہ پردہ غیب سے کیا ظہور میں آتا ہے
بخدا ہمیں آپ کی نیت پر کوئی شک نہیں
لیکن انسانی نفسیات کا مطالعہ کرنے والا ایک ادنی سا طالب علم بھی جانتا ہے کہ
علم ۔۔۔۔۔ کے نتیجہ میں
عجز اور حلم بھی پیدا ہوتا ہے
اور اسی علم کے نتیجہ مییں احساس تفاخر بھی پیدا ہوتا ہے اور اس احساس تفاخر کےے ساتھ اگر احساس ملکیت بھی پیدا ہوجائے تو یہ صورت حال انتہا درجہ کے منفی نتائج پیدا کرتی ہے
علم را بر تن زنی ماری بود
علم را بر دل زنی یاری بود
﴿رومی رح﴾
 

محسن حجازی

محفلین
میرا خیال ہے اس قدر تلخی کی تو کوئی بات نہیں، اردو نستعلیق کا پروجیکٹ بالکل بند نہیں کیا جا رہا بلکہ منجمد کیا جا رہا ہے۔ وہ بھی اگر رائے ہو تو چلتا رہنے دیا جائے۔ بات صرف اتنی ہے کہ پہلے ٹولز پر سادہ مسائل پر کام کر کے ہاتھ صاف کر لیا جائے پھر پیچیدگی کی طرف بڑھا جائے۔ وجہ یہ کہ نستعلیق کے ذیل میں صرف ٹائپوگرافی کے ٹول ہی نہیں نستعلیق کی اپنی کافی ساری منطق بھی شامل ہو جاتی ہے۔
ظہور احمد سولنگی میرے پاس ٹیم ممبر کے طور پر آئے تھے۔ ہدایت تھی کہ انہیں فوری طور پر نستعلیق پر لگایا جائے لیکن مجھے علم تھا کہ یک دم ایسا ہونا ممکن نہیں۔ ظہور کی مزاحمت کے باوجود میں نے انہیں کورل ڈرا میں ایک نسخ فونٹ کی اشکال تیار کرنے کو کہا۔اس فونٹ میں تمام اشکال مربع شکل میں تھیں اور نام تھا مربع نسخ۔ جب وہ یہ کر چکے تو پھر انہیں سکھایا کہ فونٹ لیب تک کا سفر کیسے طے کرنا ہے ایم سائز کیا ہوتا ہے ایف یونٹس وغیرہ وغیرہ۔ جب وہ یہ کر چکے تو پھر میں نے انہیں اوپن ٹائپ کی مبادیات اور یونی سکرائب کے گٹھ جوڑ کا بتایا اور اس کے بعد وولٹ۔ تب جا کر انہیں کچھ سمجھ آئی۔ اس کے بعد دو اور فونٹ ان سے اسی طریقے سے تیار کرنے کو کہا اب کے بار ان کی رفتار تیز تھی۔
پھر جب مجھے دوسری طرف آنا پڑا تو نستعلیق کی طرف توجہ دلائی۔ کیونکہ فونٹ کی تکنیکی باریکیوں سے تو آگاہ تھے، سو اب ان کے سامنے صرف یہ سوال تھا کہ اتنی شکلیں کیوں؟ کن قواعد کے تحت جڑتی ہیں؟ اوپر کو کیسے اٹھتی ہیں وغیرہ وغیرہ۔ تادم تحریر وہ نستعلیق پر مصروف عمل ہیں۔
تو یہ ہے ساری بات۔۔۔
میں قادری بھائی کے تبصرے پر قطعا افسوس نہیں کروں گا کیوں کہ ایسے معاشروں میں یہ معمول کی بات ہے۔ اپنی دانست میں ان کا اندازہ ٹھیک ہے لیکن میں ذرا مختلف قسم کا انسان ہوں۔ مجھ میں احساس تفاخر نہیں ہے کہ من آنم کہ من دانم۔
جو نسخ کے بارے میں لکھا تو شاید یہ تاثر پڑا کہ نستعلیق کے "راز" کسی کو نہیں دینا چاہتے، جناب ایسا کچھ نہیں۔۔۔ بات صرف یہ تھی کہ ٹول پر کچھ لوگ ہاتھ صاف کر لیتے تو پھر جو مرضی ہم مل کر کرتے رہیں۔۔۔۔
بے شک نیتوں کےحال اللہ جانتا ہے۔
بہرطور، اس تلخ ردعمل کے بعد میں سوچنے پر مجبور ہوں کہ کسی طرح نستعلیق ہی کو فٹ کیا جائے۔

والسلام،
محسن شفیق حجازی
 

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،

مجھے افسوس ہے کہ مجھے اس تھریڈ پر لکھنے میں تاخیر ہو گئی جس کے باعث کچھ غلط فہمی پھیل رہی ہے۔ دراصل میں نے ہی محسن سے درخواست کی تھی کہ وہ کم از کم نسخ طرز کے اردو فونٹس پر کام کرنے کی ہدایات فراہم کر دیں۔ اس سے نہ صرف ہماری ٹائپوگرافی کی بنیادی ٹریننگ ہو جائے گی بلکہ اس طرح ہم نستعلیق فونٹ پر کام کرنے کے لیے تیار بھی ہو جائیں گے جوکہ کئی گنا پیچیدہ کام ہے۔ میں اس موضوع پر مزید کچھ کہوں گا۔ اس وقت مجھے مصروفیت کے باعث کہیں جانا پڑ رہا ہے۔

والسلام
 

دوست

محفلین
چلو جی دیکھتے ہیں حضور نسخ بارے ہی کجھ دسو
ہم تو دیدہ دل فرش راہ کیے بیٹھے ہیں۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،

دوبارہ حاضر ہوں۔ تو جناب ہم لوگ ایک تو ویسے ہی ٹیکنالوجی کے میدانوں میں باقی دنیا سے پیچے رہ گئے ہیں اور اگر مل کر کوئی کام شروع بھی کر دیں تو ہماری گھٹی میں پڑی ہوئی جذباتیت اس میں رکاوٹ بنتی رہتی ہے۔

چلیں کچھ دیر کی تلخی کا مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اس سے دل کی بھڑاس نکل جاتی ہے۔

دراصل کچھ دنوں سے اردو فونٹ کی تیاری میں غیر معمولی دلچسپی کا اظہار ہو رہا ہے۔ کئی خوبصورت عربی فونٹس کی نشاندہی کی گئی کہ ان میں اردو سپورٹ شامل ہو جائے تو یہ اچھا اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ ہمارے خطاط دوست بھی اپنی مصورانہ صلاحیتوں کو بھی ٹائپوگرافی کے سانچے میں ڈھالنا چاہتے ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہم سب ٹائپو گرافی کی بنیادی مہارت نہیں رکھتے۔ یہ کوئی پروگرامنگ لینگویج یا پروگرامنگ فریم ورک ہوتا تو میں تھوڑے وقت میں اس پر مہارت حاصل کر سکتا تھا۔ لیکن اوپن ٹائپ ٹائپوگرافی کی جزئیات سیکھنے میں ڈیڑھ سے دو سال کا عرصہ لگ جاتا ہے۔ اس طرح کی بات محسن حجازی ایک مرتبہ کہہ چکے ہیں اور غالباً فجر نستعلیق فونٹ کے خالق عباس ملک بھی گزشتہ کئی سال سے اردو فونٹ پر کام کر رہے ہیں۔

ان حالات کو سامنے رکھتے ہوئے میں نے محسن حجازی سے درخواست کی تھی کہ وہ کم از کم ہمیں اوپن ٹائپ یا ٹروٹائپ فونٹس کو ریورس انجینیر کرنے، انہیں تبدیل کرنے اور خود سے بنائی ہوئی گلفس ان فونٹس میں فٹ کرنے کے بارے میں کچھ بنیادی ہدایات فراہم کر دیں۔ اگرچہ ہمیں وولٹ، ہائی لاجک اور اس جیسے دوسرے پروگرامز کے ناموں کا علم ہے، لیکن فونٹس پر کام کرنے کے بنیادی ورک فلو سے ہم ناواقف ہیں۔ اگر ہمیں اس بنیادی ورک فلو کا علم ہو جائے تو ہم لوگ کئی مہینے تک کام میں مصروف رہ سکتے ہیں۔ ایک مرتبہ اگر ہم اردو کے نسخ سٹائل کے فونٹس بنانے میں بھی مہارت حاصل کر جائیں تو ہم اس سے اگلے مرحلے یعنی کہ نستعلیق فونٹ بنانے کے لیے تیار ہو جائیں گے۔

ہمیں اردو کی ترویج کی راہ میں بہت سی رکاوٹوں کو عبور کرنا ہے۔ تکنیکی مشکلات ان رکاوٹوں کا ایک چھوٹا سا حصہ ہیں۔ زیادہ بڑا چیلنج ٹیم سپرٹ کو برقرار رکھنا اور جذبات پر قابو پانا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ تمام محترم دوست اپنے دلوں میں کسی رنجش کو جگہ نہیں دیں گے۔

والسلام
 

شاکرالقادری

لائبریرین
میں نے پہلے بھی عرض کیا کہ
بخدا ہمیں آپ کی نیت پر ذرا بھی شک نہیں
اور اب بھی اسی بات کو دھراتا ہوں
دراصل اس ٹیم ورک میں باقی لوگ تو بس شاباشے کہنے کے لیے موجود تھے لیکن مجھے آپ نے کلیدی کردار سپرد کیا ہوا تھا
سولنگی صاحب نے جو مراحل طے کیے اور جس طرح کیے وہ آپ کے سامنے ہیں اور انہیں یہ ایڈوانٹیج بھی حاصل ہے کے ان کے استاد ان کے پاس موجود رہتے ہیں اور ان کے کام کی نگرانی کرتے رہتے ہیں
لیکن اس کے برعکس میں نے آپ کی ایک پوسٹ میں درج ہدایات کے مطابق کس طرح قلم کاغز کو استعمال کیا سکین کرنے کے بعد کورل میں اشکال وضع کیں اور آپ کے سامنے پیش کردیں میری پہلی کاوش کو آپ نے رد نہیں کیا بلکہ پسند کیا
نہ تنخواہ کا لالچ نہ ڈیوٹی کی پابندی نہ کسی افسر کی چھڑکیں اس کے باوجود کام سو فیصد کیا اس سے ہمارے ذوق و شوق، طلب، جستجو اور کام کرنے کی لگن کا اندازہ نہیں ہوتا؟
اس قدر جوش و خروش کے بعد اگر تعطل کی کیفیت وہی رہے تو ایک بار پھر انسانی نفسیات کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کرونگا کہ میری ذہنی کیفیت کیا ہو سکتی ہے؟
کوئی اور ہوتا تو کب کا بھاگ گیا ہوتا
لیکن الل۔۔۔ہ کی قسم میں صرف اس پروجیکٹ کے لیے اردو محفل میں باذوق اور کارتوس خان جیسے ہٹ دھرم لوگوں سے مناظرے کرکے وقت گزارتا رہا اور نستعلیق پروجیکٹ کے دھاگے کو کھول کر اس کے تانے بانے دیکھتا رہتا کہ کب محسن آئیں گے اور کام آگے بڑھے گا۔
میری نفسیاتی اور ذہنی کیفیت کا اندازہ آپ کو ہو گیا ہوگا ایسے میں اگر میں نے آپ سے کچھ کہہ دیا تو اس میں میرا کچھ زیادہ قصور بھی نہیں اور عمر میں بھی آپ سے بڑا ہوں
پھر بھی اگر آپ مجھے یہ حق نہیں دیتے تو میں اپنے کہے ہوئے الفاظ کے لیے آپ سے معافی چاہتا ہوں ۔
اگر آپ مجھے مصروف رکھتے اور مہینے بھر میں ایک مختصر سی پوسٹ کے َذریعہ کچھ اشارۃ ہدایات دے دیتے تو شاید میں کام میں مصروف رہتا جس کے چند مثبت پہلو سامنے آتے یعنی
خام مال تیار ہو جاتا
اور کسی حد تک فونٹ کرییٹر یا فونٹ لیب کا کام بھی مکمل ہو جاتا
در اصل آپ نے میری صلاحیتوں کو درست طور پر نہیں جانا ورنہ آپ دیکھتے کہ میں کتنا اچھا اور بہتر شاگرد ثابت ہوتا
ایک دفعہ پھر تلخ لب ولہجہ کے لیے معافی چاہتا ہوں لیکن اس کا مثبت پہلو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا
:) :)
 

نبیل

تکنیکی معاون
شاکرالقادری نے کہا:
لیکن الل۔۔۔ہ کی قسم میں صرف اس پروجیکٹ کے لیے اردو محفل میں باذوق اور کارتوس خان جیسے ہٹ دھرم لوگوں سے مناظرے کرکے وقت گزارتا رہا اور نستعلیق پروجیکٹ کے دھاگے کو کھول کر اس کے تانے بانے دیکھتا رہتا کہ کب محسن آئیں گے اور کام آگے بڑھے گا۔

برادرم شاکر القادری، آپ ہمارے ٹرک کو نہیں سمجھے۔ :wink: یہ مناظروں کا بندوبست ہم نے آپ کی یہاں آمد برقرار رکھنے کے لیے ہی کیا تھا۔ :p لیکن آپ نے کارتوس کی وہ درگت بنائی کہ وہ دوبارہ نظر نہیں آئے۔ لگتا ہے ان کا پتا کرنا پڑے گا کہ وہ کہاں ہیں۔ :twisted:
 

محسن حجازی

محفلین
میں سمجھتا ہوں ردعمل کا اظہار بہت ضروری ہوتا ہے خواہ کتنا ہی کڑوا کیوں نہ ہو کیوں کے اس سے اطراف و جوانب میں بہتری آتی ہے۔ اگر آپ سخت ردعمل کا اظہار کر تے ہیں تو اطراف و جوانب میں کچھ تراش خراش کا عمل وقوع پذیر ہوتا ہے۔ اگر آپ کسی کی تعریف کرتے ہیں تو اس کی حوصلہ افزائی کرکے اچھے عمل کی بڑھوتری میں ممد و معاون ثابت ہوتے ہیں۔ تو میرے نقطہ نگاہ سے آپ نے بالکل مناسب بات کی۔ اس کا حتمی نتیجہ یہ ہوگا کہ مجھے اس کام کو کرنے میں عجلت کرنا پڑے گی جو کہ یقینی طور پر ایک مثبت بات ہے۔ دیگر یہ کہ قادری بھائی کی بات بالکل ٹھیک ہے وہ ویسے بھی ہم سے بڑے ہیں، پھر غلطی بھی میری ہے سو کان کھینچنے میں کوئی حرج نہیں۔
تعمیری کام خود سپردگی سے ہی آگے بڑھتے ہیں کارکنان کے درمیان جب تک جذباتی وابستگی نہیں ہوگی شاید رضاکارانہ کام نہیں کیے جاسکتے تجارتی پیمانے کی بات اور ہے۔
اچھا اب آتے ہیں کام کی طرف، پہلے تو یوں کرتا ہوں میں کچھ باتیں خود ہی طے کر لیتا ہوں اختلاف کی گنجائش ہے۔
ٹرو ٹائپ کیا ہے؟ اس پر کچھ بات۔ پہلا مرحلہ
اوپن ٹائپ کیا ہے؟ اس پر کچھ بات۔ دوسرا مرحلہ
یونی سکرائب کیا ہے؟ اس پر کچھ بات۔ تیسرا مرحلہ
ٹرو ٹائپ کے متعلقہ ٹول: فونٹ لیب، (کورل ڈرا ضمنی طور پر) چوتھا مرحلہ
اوپن ٹائپ کے متعلقہ ٹول: وولٹ پانچواں مرحلہ
آپس کا گٹھ جوڑ چھٹا مرحلہ

پھر اس کے بعد ایک اختلافی نقطہ:
یہ سب کچھ پی ڈی ایف فارمیٹ میں ہوگا کیوں کہ مجھے ذرا بہتر لگتا ہے۔۔۔ (نہیں؟ کیوں؟ اچھا۔۔۔ چلیں پھر آپ بتائیں۔۔۔)

نبیل بھائی:
میرے لیے سب سے بڑی الجھن ہے پوسٹ کرنے کی براہ کرم مجھے ذرا بڑے سائز کی فائلز کچھ عرصے کے لیے صرف اسی دھاگے پر پوسٹ کرنے کی اجازت دی جائے تو بہت آسانی ہوگی۔ بڑے سائز کی فائلز مذکورہ بالا پی ڈی ایف ہی ہوں گی۔ اگر کوئی اور طریقہ ہو تو بھی ٹھیک ہے۔

والسلام،
محسن
 

الف نظامی

لائبریرین
محسن حجازی نے کہا:
اچھا اب آتے ہیں کام کی طرف، پہلے تو یوں کرتا ہوں میں کچھ باتیں خود ہی طے کر لیتا ہوں اختلاف کی گنجائش ہے۔
ٹرو ٹائپ کیا ہے؟ اس پر کچھ بات۔ پہلا مرحلہ
اوپن ٹائپ کیا ہے؟ اس پر کچھ بات۔ دوسرا مرحلہ
یونی سکرائب کیا ہے؟ اس پر کچھ بات۔ تیسرا مرحلہ
ٹرو ٹائپ کے متعلقہ ٹول: فونٹ لیب، (کورل ڈرا ضمنی طور پر) چوتھا مرحلہ
اوپن ٹائپ کے متعلقہ ٹول: وولٹ پانچواں مرحلہ
آپس کا گٹھ جوڑ چھٹا مرحلہ
بہت اچھا ہے، یونی سکرائب کے علاوہ دوسرے انجنوں کا بھی تھوڑا سا تعارف ہوجائے تو کیا کہنے۔
 

شاکرالقادری

لائبریرین
پی ڈی ایف فارمیں بھی چلے گی
اور امید ہے کہ نبیل بھی بڑے سائز کی فائل اپلوڈ کرنے کی اجازت دینے میں بخل نہیں برتیں گے
آپ بسم اللہ کیجیئے
ٹائپ کرنے کا مسئلہ ہے تو
میں آجاتا ہوں اسلام آباد ایک آدھ دن کے لیے
آپ صرف املا کروا دیجئے گا
:) :)
 

نبیل

تکنیکی معاون
جناب، ڈسک سپیس کیا چیز ہے آپ کی محبت کے آگے۔ جتنی گیگابائٹ کہیں گے آپ کو ملے گی۔ :D اور اسلام آباد آنے والی بات آپ نے اچھی کی ہے۔ اس کے بارے میں ضرور کچھ ہونا چاہیے۔
 

مہوش علی

لائبریرین
محسن،
کیا آپ کچھ ایسے لنکز دے سکتے ہیں جہاں ہمیں ہنٹنگ ورک کے لیے ٹوٹوریلز مل سکیں؟
ویسے اگر آپ کو یاد ہو تو قادری بھائی سے قبل میں بھی ایک دفعہ آپ سے گذارش کر چکی تھی کہ چیزوں کو اب عام کرنا شروع کر دیں تاکہ قادری برادر اور دیگر باصلاحیت لوگ آپکی ٹیم میں شامل ہو کر آپکا ہاتھ بٹا سکیں۔
ایک اور ایک گیارہ ہوتے ہیں، اور شاید یہ گیارہ واقعی ہمارے مسائل حل کر سکیں۔ انشاء اللہ۔
 

شاکرالقادری

لائبریرین
نبیل نے کہا:
جناب، ڈسک سپیس کیا چیز ہے آپ کی محبت کے آگے۔ جتنی گیگابائٹ کہیں گے آپ کو ملے گی۔ :D اور اسلام آباد آنے والی بات آپ نے اچھی کی ہے۔ اس کے بارے میں ضرور کچھ ہونا چاہیے۔
بہت شکریہ نبیل!
بس محسن حجازی اجازت دییں تو میں ان کے پاس اسلام آباد پہنچنے میں دیر نہیں لگائوں گا۔
 
برادرم شاکر القادری، آپ ہمارے ٹرک کو نہیں سمجھے۔ :wink: یہ مناظروں کا بندوبست ہم نے آپ کی یہاں آمد برقرار رکھنے کے لیے ہی کیا تھا۔ :p لیکن آپ نے کارتوس کی وہ درگت بنائی کہ وہ دوبارہ نظر نہیں آئے۔ لگتا ہے ان کا پتا کرنا پڑے گا کہ وہ کہاں ہیں۔ :twisted:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔۔۔وبعد!۔
بھیا نبیل میں اردو مجلس پر ہوں جہاں‌ پر کچھ دنوں پہلے شاکر القادری تھے۔۔۔ اور اب جہاں‌ پر آپ رات کی تاریکی میں آتے ہیں اور شاکر القادری بھی خیر اچھا لطیفہ سنایا پڑھ کر بہت ہنسی آئی اسی طرح لطیفے اور شوشے چھوڑتے رہا کریں طبعیت میں تناؤ باقی نہیں‌ رہتا۔۔۔
 
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔۔۔وبعد!۔
بھیا نبیل میں اردو مجلس پر ہوں جہاں‌ پر کچھ دنوں پہلے شاکر القادری تھے۔۔۔ اور اب جہاں‌ پر آپ رات کی تاریکی میں آتے ہیں اور شاکر القادری بھی خیر اچھا لطیفہ سنایا پڑھ کر بہت ہنسی آئی اسی طرح لطیفے اور شوشے چھوڑتے رہا کریں طبعیت میں تناؤ باقی نہیں‌ رہتا۔۔۔
ہاں آپ لوگوں کو ہنسی ہی تو آئے گئ۔
نا دین خود مانو نا کسی کو ماننے دو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 
Top