راسخ کشمیری
محفلین
بسم اللہ الرحمن الرحیم
والصلاۃ والسلام علی رسولہ الکریم
والصلاۃ والسلام علی رسولہ الکریم
میں نے کسی ایک پوسٹ میں اس بات کا تذکرہ کیا تھا کہ نستعلیق کے حوالے سے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ اس مقصد کے لیے میں نے ایک ویب سائٹ یا بلاگ مختص کرنے کی ٹھانی ۔ بلکہ میں نے اپنے آخری سفر میں پاکستان سے نستعلیق کے حوالے سے چند کتابیں بھی خریدی تھیں جوکہ ورق گردانی کے لیے اب بھی میرے انتظار میں میرے مختصر سے کتب خانے کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
الغرض (ڈومین) سوچنے کا وقت آیا تو نستعلیق کے حوالے سے سب سے بہتر نام (نستعلیق) ہی ہوسکتا تھا۔ سو میں نے بسم اللہ پڑھ کے نام لکھا تو اول تو مجھے مایوسی ہوئی کے (Nastaleeq.com) لیا جا چکا تھا۔ لیکن اگلے ہی لمحے میری خوشی کی انتہا نہ رہی کہ (Nastaleeq.org) اور (Nastaleeq.net) دونوں میری آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچا رہے تھے۔ میں نے دائیں دیکھا نہ بائیں ۔ ٹھک کرکے یہ دونوں ڈومین خرید لیے۔ اب یہ میرے ہوچکے ہیں۔ (الحمد للہ)۔اور میں (نستعلیق) سے عشق کرتا ہوں۔
اکیلا تو میں نستعلیق کی خدمت کر نہیں سکتا بلکہ کسی بھی کام میں اتحاد واتفاق برکت کی علامت ہوتی ہے۔ یہ کام اگر میں اکیلا شروع کرتا ہوں تو نجانے کب تک انجام دے پاؤں۔ سوچا اپنی پیاری زبان اردو اور اردو رسم الخط(نستعلیق) کے لیے دوست احباب سے مشورہ کروں اور انہیں شاملِ کام کروں۔ اور مجھے قوی امید ہے اور اسی امید پر آپ احباب سے یہ باتیں شئیر کر رہا ہوں کہ نستعلیق کے لیے کچھ کریں۔۔۔ کیا کرنا چاہئے؟ اس ڈومین کو کس طرح کام میں لانا چاہئے؟ (نستعلیق) کی ویب سائٹ یا بلاگ پر کیا مواد ہونا چاہئےٍ؟ کس حوالے سے (نستعلیق ) کی خدمت ہونی چاہئے؟ یہ سب سوالات جواب طلب ہیں۔ میری بے بضاعتی ہے کہ میں ان سوالوں کے جوابوں کا احاطہ کرنے سے قاصر ہوں۔ اس لیے یہ سارےسوالات آپ کے سپرد کرتے ہوئے جوابات کا منتظر ہوں۔ یہاں محبانِ اردو ونستعلیق کا جھمگٹا موجود ہے۔۔۔۔ اور مجھے یقین ہے کہ اس کام کو کرنے کے لیے سب بے چین ہوں گے۔
رہی بات میری تو میں نستعلیق کے کام کے حوالے سے چند کلمات قلمبند کرتا ہوں۔ ان باتوں میں اضافہ یا ان باتوں میں روح پھونکنا آپ کی ذمہ داری ہوگی۔اگر میں اپنی بات کرتا ہوں تو میں یہ کہوں گا کہ میں نستعلیق کے حوالے سے جو کچھ بھی کام ہوا ہے یا ہو رہا ہے۔ اس خط کے فن پارے۔ اس خط کے بارے میں لکھے گئے مضامین احاطہ میں لانا چاہتا ہوں کہ یہ سائٹ یا بلاگ نستعلیق کے حوالے سے ایک مصدر ومرجع بن جائے۔عربی میں نستعلیق کے حوالے سے میرے محدود مطالعہ میں کوئی ایسی چیز نہیں گزری جو قابلِ ذکر ہو۔ اولا تو اردو ہی میں یہ کام کرنے کا ارادہ پھر رب نے توفیق وہمت دی تو عالمِ عرب تک بھی (نستعلیق) کی سحر انگیزی پہنچانے کے اہتمام کا خواہشمند ہوں۔۔۔ خیر فی الحال تو ہم اردو ہی میں کام شروع کریں گے۔
اس کام کے لیے میں (وورڈ پریس) کو ہی بنیاد بنانا چاہتا ہوں۔ بات (Theme) کی چلے گی تو اس حوالے میری نظروں سے ایک انتہائی زبردست (Theme) گزری ہے۔ جسے آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔ مجھے تو یہ (Theme)بہت ہی بھلی اور مناسب معلوم ہو رہی ہے۔ آپ اس (Theme)کے لنک کو وزٹ کریں اور اس کے بارے اپنی رائے قلمبند کریں۔ اس کے علاوہ جو (Theme) مجھے پسند ہے وہ (ممبو پرو)(Theme) ہے۔ جسے یہاں دیکھا جاسکتا ہے۔ان دونوں (Themes) کو دیکھیں اور جو آپ کو مناسب لگے اس کے حق میں ووٹ دیں اور اس کے علاوہ اگر آپ کے علم میں کوئی (Theme) ہے تو وہ بھی احاطۂ علم میں لائیں تاکہ اس پر بھی بات ہو۔ پھر جس (Theme) پر اتفاق ہوگا اسے ان شاء اللہ خریدلوں گا۔
نستعلیق سے پہلے مجھے (قرآنی خطوط) کی بات کرنی چاہئےتھی۔ تو میرا خیال ہے کہ (نستعلیق) کے فورم سے ہی (قرآنی خطوط) کا بھی کام ہونا چاہئے۔ چونکہ (قرآنی خطوط) بھی نسخ خطوط ہی میں شمار ہوتی ہیں۔ اس حوالے سے آپ احباب کا کیا مشورہ ہے؟
قرآنی خطوط سے پہلے میں قرآن پاک کی خدمت کرنے کا بھی متمنی ہوں۔ ہمارے خطِ دہلوی کے مصاحف میں آج تک جتنا بھی کام ہوا ہے وہ قابلِ ستائش تو ضرور ہے لیکن ان کاموں میں آج تک ناشرانِ قرآن نے جو کوتاہیاں برتی ہیں وہ منظرِ عام پر آئیں تو کان کو ہاتھ لگیں اور استغفار کا ورد زبانوں سے نہ چھوٹے کہ ہم نے اس عالیشان کتاب کا حق پڑھنے کے حوالے اور نہ ہی طباعت کے حوالے سے کما حقہ ادا کیا۔۔۔۔ مجھے ہر کام میں حکومت کو کوسنا بھی اچھا نہیں لگتا۔ پاکستان کا جو عالمِ اسلام میں ایک مقام ہے اس حوالے سے قرآن کی خدمت میں اسے پیش پیش ہونا چاہئے اور ان جیسے عظیم اور بڑے پراجیکٹ کے لیے حکومتوں کا دخل انداز ہونا ضروری ہے۔ ہم افراد بھلا اس میں کیا کرسکتے ہیں؟ لیکن کم سے کم اتنا تو کر سکتے ہیں کہ بیج بودیں باقی اگانا اللہ تعالی کا کام ہے۔ میں تین کام یعنی (1) نستعلیق (2) قرآن پاک (3) قرآنی خطوط کے کاموں کو فرضِ عین سمجھتا ہوں۔ ہر شخص کو قوم کی خدمت کے لیے جتنا ہو سکے کردار ادا کرنا چاہئے۔
اخیر میں سمجھتا ہوں میں نے بہت کچھ کہہ دیا لیکن ابھی بہت کچھ کہنا باقی ہے۔ اب آپ احباب کے افکار کے بند کھلیں گے تو راستہ بھی متعین ہوتا چلا جائے گا۔ جو احباب نستعلیق کی خدمت کی استطاعت رکھتے ہوں وہ آگے آئیں اور ان تاریک راہوں کو روشن کرنے میں مدد کریں ۔۔۔ اللہ تعالی سب کا حامی وناصر ہو۔
راسخ کشمیری
مدینہ شریف
2 مئی 2009
مدینہ شریف
2 مئی 2009