یا رب نصیب ہو درِ محبوب ﷺ پر قیام

یا رب نصیب ہو درِ محبوب ﷺ پر قیام
طیبہ کے رات دن ہوں مدینے کے صبح شام
گزرے حیات کوئے رسولِ کریم میں
چومے نگاہ بام و درِ سید الانام
اللہ سے تھیں طور پہ باتیں کلیم کی
سرکار لامکاں میں ہوئے حق سے ہمکلام
اس بارگاہ پاک کی اللہ رے عظمتیں
جس بارگاہِ پاک کا جبرئیل ہے غلام
بہتر ہے ساری صبحوں سے طیبہ کی اک صبح
افضل ہے ساری شاموں سے طیبہ کی اک شام
ملتی رہے فقیر کو تیرے کرم کی بھیک
حاصل رہے کریم کو کیفیت مدام
دونوں جہاں میں تیرے سوا اور کون ہے
مولائے کل شفیع امم رحمتش تمام
حل ہو گئ ہے مشکل مجھ خستہ حال کی
جب بھی زباں پہ آیا ہے مُشکل کشا کا نام
ان پر درود جن سے ہے کعبہ کی آبرو
ان پر سلام جن سے مدینہ نیک نام
یا رب نصیب ہو درِ محبوب پر قیام
طیبہ کے رات دن ہوں مدینے کے صبح شام
صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
 
Top