ہوتا ہے گماں مجھ کو کہ اُردو ہے کہ تم ہو

فاخر

محفلین
غزل
فاخر
پھولوں میں یہ مہکی ہوئی خوشبو ہے کہ تم ہو
مجھ پر کوئی چھایا ہوا جادُو ہے کہ تم ہو

الفاظ ادا ہوں کبھی لب سے جو تمہارے
ہوتا ہے گماں مجھ کو کہ اُردو ہے کہ تم ہو

اے جانِ غزل میرے تخیل کے اُفق پر
روشن سا چمکتا ہوا جگنو ہے کہ تم ہو

حافظؔ کی غزل ہو کہ اسد ؔکا ہو بیاں تم
بتلاؤ کہ بلبل کی یہ کوکو ہے کہ تم ہو

زُہرہ ہو عطارِد ہو کہ مہوش ہو سراپا
آفاق میں تاباں کوئی مہرو ہے کہ تم ہو

تم راگ ہو دیپک کا، کہ ملہار کی لَے ہو
ہر ساز میں پنہاں کوئی جادو ہے کہ تم ہو

فاخر کا ہو دکھڑا کہ کوئی شام حزیں ہو
آنکھوں سے یہ ٹپکا ہوا آنسو ہے کہ تم ہو

فاخر

نوٹ : دیپک اور ملہار موسيقي كا ايك راگ ہے
 
آخری تدوین:

عظیم

محفلین
پھولوں میں یہ مہکی ہوئی خوشبو ہے کہ تم ہو
مجھ پر کوئی چھایا ہوا جادُو ہے کہ تم ہو
••• پھولوں میں سے/پھولوں سے یہ آتی، بہتر ہوں گے، 'مہکی ہوئی خوشبو' آپ خود غور کریں کہ کیسا لگتا ہے

الفاظ ادا ہوں کبھی لب سے جو تمہارے
ہوتا ہے گماں مجھ کو کہ اُردو ہے کہ تم ہو
••••• 'کہ یہ اردو' کا محل معلوم ہوتا ہے، پھر بھی اردو کہنا محبوب کو تھوڑی دور کی بات لگتی ہے، میرا خیال ہے کہ مکمل شعر ہی بدل دیں

اے جانِ غزل میرے تخیل کے اُفق پر
روشن سا چمکتا ہوا جگنو ہے کہ تم ہو
••••• روشن سا بھی اور چمکتا ہوا بھی ٹھیک نہیں، پیارا سا/ننھا سا، وغیرہ جیسے الفاظ لائیں

حافظؔ کی غزل ہو کہ اسد ؔکا ہو بیاں تم
بتلاؤ کہ بلبل کی یہ کوکو ہے کہ تم ہو
••••• پہلے مصرع کی مطابقت دوسرے کے ساتھ اچھی نہیں، میرا خیال ہے کہ بلبل کی کو کو کے ساتھ پہلے میں بھی کسی قدرتی منظر/خوبصورتی کا تذکرہ ہونا چاہیے تھا

زُہرہ ہو عطارِد ہو کہ مہوش ہو سراپا
آفاق میں تاباں کوئی مہرو ہے کہ تم ہو
••••• گرامر کی غلطی لگتی ہے، پہلے میں 'ہے' کا محل معلوم ہوتا ہے

تم راگ ہو دیپک کا، کہ ملہار کی لَے ہو
ہر ساز میں پنہاں کوئی جادو ہے کہ تم ہو
•••••ساز کس کا ہے یہ واضح نہیں ہو رہا

فاخر کا ہو دکھڑا کہ کوئی شام حزیں ہو
آنکھوں سے یہ ٹپکا ہوا آنسو ہے کہ تم ہو
••••• 'کہ کوئی' میں جو تنافر ہے اس کو 'یا کوئی' کے ساتھ آسانی سے دور کیا جا سکتا ہے، مزید یہ کہ دونوں مصرعوں کا اختتام 'ہو' پر ہو رہا ہے جو مستحسن نہیں مانا جاتا، دوسرے میں 'آنکھوں سے ٹپکتا ہوا' کہیں تو روانی بہتر ہوتی ہے، معنوی اعتبار سے اگر 'ٹپکا ہی ضروری ہو تو وہ آپ کی مرضی، مجموعی طور پر ایک اچھی غزل ہے ماشاء اللہ
 
Top