گہرے تعلقات ہیں اُس رنگ و بُو کے ساتھ - ثاقب جالندھری

کاشفی

محفلین
غزل
(ثاقب جالندھری)
گہرے تعلقات ہیں اُس رنگ و بُو کے ساتھ
جنّت رگوں میں دوڑ رہی ہے لہو کے ساتھ
گذرے گی جس طرح بھی گذاریں گےزندگی
وعدہ نباہ کا ہے ہر اک آرزو کے ساتھ
یہ جانتی ہے سوختہ سامانیوں کا راز
صحرا نہ جل اُٹھے مری آوازِ ہُو کے ساتھ
ہے اضطراب اور بلا کا ہے اضطراب
بجلی سی دوڑتی ہے رگوں میں لہو کے ساتھ
بے لطفیء حیات کی رُوداد کچھ نہ پوچھ
دن کاٹنے پڑے دلِ بے آرزو کے ساتھ
منّت پذیر دیدہء خونبار ہے بہار
میں جنّتیں بکھیر رہا ہوں لہو کے ساتھ
الفاظ کو لباسِ حقیقت میں پیش کر
اشکوں کا سلسلہ بھی رہے گفتگو کے ساتھ
میری طرح فضائیں دو عالم کی مست تھیں
وہ انجمن ہی اُٹھ گئی اک خوش گلو کے ساتھ
ثاقب امیر ہو کہ گدائے فتادہ پا
انساں ہے وہی جو رہے آبرو کے ساتھ
 
Top