گہرے تعلقات ہیں اُس رنگ و بُو کے ساتھ - ثاقب جالندھری

کاشفی

محفلین
غزل​
(ثاقب جالندھری)​
​
گہرے تعلقات ہیں اُس رنگ و بُو کے ساتھ​
جنّت رگوں میں دوڑ رہی ہے لہو کے ساتھ​
​
گذرے گی جس طرح بھی گذاریں گےزندگی​
وعدہ نباہ کا ہے ہر اک آرزو کے ساتھ​
​
یہ جانتی ہے سوختہ سامانیوں کا راز​
صحرا نہ جل اُٹھے مری آوازِ ہُو کے ساتھ​
​
ہے اضطراب اور بلا کا ہے اضطراب​
بجلی سی دوڑتی ہے رگوں میں لہو کے ساتھ​
​
بے لطفیء حیات کی رُوداد کچھ نہ پوچھ​
دن کاٹنے پڑے دلِ بے آرزو کے ساتھ​
​
منّت پذیر دیدہء خونبار ہے بہار​
میں جنّتیں بکھیر رہا ہوں لہو کے ساتھ​
​
الفاظ کو لباسِ حقیقت میں پیش کر​
اشکوں کا سلسلہ بھی رہے گفتگو کے ساتھ​
​
میری طرح فضائیں دو عالم کی مست تھیں​
وہ انجمن ہی اُٹھ گئی اک خوش گلو کے ساتھ​
​
ثاقب امیر ہو کہ گدائے فتادہ پا​
انساں ہے وہی جو رہے آبرو کے ساتھ​
 
محفل فورم صرف مطالعے کے لیے دستیاب ہے۔
Top