گدھوں کا اجلاس اور حاسدین کا پروپیگنڈا

ہم نے گدھوں کے اجلاس کی کارروائی کیا نشر کردی، ایسے لگتا ہے یار لوگوں کو ایک موقع مل گیا اس بندہ ناچیز کو پھنسانے کا۔ کوئی کہتا ہے ایسے لگ رہا ہے جیسے ہم نے پاکستانی پارلیمنٹ کی بات کی ہو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ توبہ توبہ ۔۔۔۔ کسی صاحب کو لگ رہا ہے کہ گدھوں کے اجلاس میں گدھے ہی جاتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔ اسی لئے فورم پر میری اس تحریر پر تبصرے میں مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ وہاں کیا کرنے گئے تھے؟ رپورٹنگ کے لئے یا دعوتِ خاص تھی؟

ہمیں پہلے ہی شک تھا کہ لوگ ہماری صلاحیتوں سے جلتے ہیں، اس لئے معصومانہ انداز میں یہ مشورے بھی دئیے گئے کہ گدھوں پر لکھی گئی تحریر میں پاکستانی سیاستدانوں کو بھی تھوڑی سی جگہ دی جائے۔ یعنی تحریر نہ ہوئی کسی غریب کی میت ہوگئی، جس کی قبر کے لئے تھوڑی سی جگہ کی درخواست کی جاتی ہے۔ ویسے یہ بھی اچھا طریقہ ہے کسی سیدھے سادے بندے کو پھنسانے کا۔ ہم اپنی تعریف دیکھ کر خوش ہوجائیں گے اور ایک اور تحریر لکھ ماریں گے۔ پھر کیا ہوگا؟ اپنے ہاتھوں اپنی قبر کھودنا ہے یہ تو۔ :eek:

ہم نے لاکھ سمجھایا، کہ بھئی ہمیں‌ 'باخبر اور باوثوق ذرائع' سے اطلاع ملی ہے، لیکن کوئی یقین کرنے کو تیار ہی نہیں۔ الٹا کہتے ہیں باخبر ذرائع ہمیشہ جھوٹ ہی نکلتے ہیں۔ اب اس کا ایک ہی حل ہے کہ شک کرنے والوں کو بنفس نفیس اگلے اجلاس کی کارروائی کی کوریج کرنے کے لئے بھیج دیا جائے، تاکہ ان کو یقین ہوجائے کہ گدھوں کے اجلاس میں کیا ہوتا ہے! :rolleyes:

ہمیں جن باوثوق ذرائع سے اس اجلاس کی کارروائی کی خبر ملی تھی، اس میں یہ بات بھی صد فی صد یقینی ہے کہ اجلاس کے بعد فیقے کے کھیت کا چارہ بطورِ تواضع گدھوں کے لئے پیش کیا گیا تھا، کیونکہ گدھے چارے کی لالچ کے بغیر کوئی کام نہیں‌ کرتے۔ اس پر یار لوگ طرح طرح کی باتیں بنا رہے ہیں، جو ہمیں اپنے ذرائع سے پہنچ جاتی ہیں۔ ہمیں تو اس پر یہی کہنا ہے کہ ایسے لوگ شائد فیقے سے ہمدردی رکھتے ہیں، اس لئے 'خاطر تواضع' کا سن کر ان کے ماتھے پر بل پڑ جاتے ہیں۔

ہمیں پتا ہے کہ اس طرح کی حرکتوں میں جاگیردار ملوث ہیں، کیونکہ وہ فیقے کے برادری کے لوگ ہیں۔ ہم اس تحریری نوٹس کے ذریعے اپنے ان حاسدین کو متنبہ کرتے ہیں کہ اس طرح کی حرکتوں سے باز آجائیں، بصورتِ دیگر گدھوں کے اگلے اجلاس کے بعد سارے گدھے جلوس کی شکل میں خاطر تواضع کے لئے ان جاگیرداروں کے کھیتوں کا رخ کرسکتے ہیں۔ جاگیردار سن لیں! اب ان کی من مانی نہیں چلے گی۔ بس ایک اجلاس کی دیر ہے!
 

شمشاد

لائبریرین
مجھے تو ایسا لگ رہا کہ لکھنے والے کے منہ میں الطاف بھائی بول رہے ہیں جو جاگیرداروں کو ایسے للکارا جا رہا ہے۔ لیکن یہ یاد رکھیں کہ جاگیردار گھاس بھی نہیں ڈالیں گے۔
 

شمشاد

لائبریرین
بتانا ضروری ہے کیا؟ آٹھ دس مربعے ہیں، دو چار اور لینے والا ہوں، شہد کی بوتل بھی ہے۔ ان سے اگر میں جاگیردار بنتا ہوں تو ایسے ہی سہی۔
 
Top