جوش کیا ہو گا؟ - جوش ملیح آبادی

حسان خان

لائبریرین
× ایوب خان کے دورِ حبس میں یہ نظم کہی گئی تھی، لیکن کسی اخبار نے اسے چھاپنے کی جرات نہیں کی۔

یقین ڈوب گیا تو گماں سے کیا ہو گا
زمیں سے جو نہ ہوا، آسماں سے کیا ہو گا

مزا تو جب ہے کہ نظمِ چمن پہ چھا جاؤ
شکایتِ روشِ باغباں سے کیا ہو گا

بہار۔۔ خونِ جگر سے اُگے تو بات بنے
نوائے شکوۂ جورِ خزاں سے کیا ہو گا

جو رند ہو تو اٹھا لو پیالہ خود بڑھ کر
اس انتظارِ عطائے مغاں سے کیا ہو گا

غرورِ قلعہ شکن، وقت کا تقاضا ہے
سجودِ بارگہِ خسرواں سے کیا ہو گا

سرِ یزید اتارے بغیر اے یارو
فقط حُسین پر آہ و فغاں سے کیا ہو گا

جو مرد ہو تو چنین و چناں کو زیر کرو
اس احتجاجِ چنین و چناں سے کیا ہو گا

مجاہداتِ زمان و مکاں میں در آؤ
مذاکراتِ زمان و مکاں سے کیا ہو گا

ہوا کے دوش کو بارود کی ضرورت ہے
شمیمِ گیسوئے عنبر فشاں سے کیا ہو گا

جو سورما ہو تو چنگیز خاں سے ٹکر لو
فقط مذمتِ چنگیز خاں سے کیا ہو گا

سنو سنو کہ یہ گردوں سے آ رہی ہے صدا
کہ ذوالفقار سے بولو۔۔ زباں سے کیا ہو گا

(جوش ملیح آبادی)
 
Top