کراچی : رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے قریب دھماکہ، 8 افراد زخمی

کراچی : رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے قریب دھماکہ، 8 افراد زخمی

21 مئی 2014 (10:22)

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ) نارتھ ناظم آباد میں رینجرز ہیڈ کوارٹر کے قریب دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے بلاک بی میں واقع سچل رینجرز کے ہیڈ کوارٹر کے قریب ایک بیکری کے باہر زور دار دھماکے سے8 افراد زخمی جبکہ بیکری سمیت دو دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے جس نے جائے واقعہ سمیت علاقے بھر کو گھیر لیا ہے۔ مزید دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ سرچ آپریشن کررہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شواہد کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اڑایا گیا تھا۔واضح رہے کہ نارتھ ناظم آباد میں واقع اس رینجرز ہیڈ کوارٹر کو گزشتہ 2 برسوں کے دوران 3 مرتبہ دہشتگردی کا نشانہ بن چکا ہے۔

http://www.dailypakistan.com.pk/karachi/21-May-2014/104582
 
Top