کتا ب و سنت ڈاٹ کام کی لائیبریری سے...

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
ایمان کے ثمرات اور نفاق کے نقصانات
مصنف
سعید بن علی بن وہف القحطانی
مترجم
ابو عبد اللہ عنائت بن حفیظ سنابلی مدنی
تحقیق و تخریج
عبد اللہ یوسف ذہبی
ناشر
مکتبہ اسلامیہ،لاہور

تبصرہ
دینِ اسلام عقیدہ،عبادات،معاملات ،سیاسیات وغیرہ کا مجموعہ ہے ، لیکن عقیدہ اور پھر عبادات کامقام ومرتبہ اسلام میں سب سے بلند ہے کیونکہ عقیدہ پورے دین کی اساس اور جڑ ہے ۔اور عبادات کائنات کی تخلیق کا مقصد اصلی ہیں ۔ ایمان کے بالمقابل کفر ونفاق ہیں یہ دونوں چیزیں اسلام کے منافی ہیں ۔لیکن کفر کی بہ نسبت نفاق اسلام اور مسلمانوں کے لیے زیادہ خطر ناک ہے ۔مدینہ میں مسلمانوں کوکافروں سے زیادہ منافقوں سے نقصان اٹھانا پڑا۔ منافقین مسلمانوں کونقصان پہنچانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتےتھے ۔اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم بالخصوص سورۂ توبہ میں ان کی نقاب کشائی کی ہے اور ا کےگھناؤنے کردار اور برے اوصاف سے نبی کریم ﷺ اور مسلمانوں کو مطلع فرمایا ہے او رانہیں ان کے دینوی واخروی انجام کار سے بھی آگاہ فرمایا ہے ۔ زیر نظر کتاب’’ایمان کے ثمرات نفاق کے نقصانات‘‘ مملکت سعودی عرب کے معروف عالم فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر سعید بن علی قحطانی کی عربی کتاب کا ترجمہ ہے ۔جس میں شیخ نے کتاب وسنت کے نصوص اور سلف صالحین کےفرمودات پر مشتمل مستند حوالوں کی روشنی میں ایمان کےمفہوم،اس کے ثمرات وفوائد،اس کی شاخوں،مومنوں کے اوصاف،نیز نفاق کا مفہوم، اس کےانواع واقسام اور منافقین کے اوصاف کی وضاحت فرمائی ہے ۔کتاب کے اردوترجمہ کی سعادت انڈیا کے ممتاز عالم دین جناب ابو عبد اللہ عنایت اللہ سنابلی نے حاصل کی ہے۔موصوف اس کتاب کےعلاوہ بھی کئی کتب کے مترجم ومصنف ہیں ۔جن میں بعض کتب کتاب وسنت ویب سائٹ پربھی موجود ہیں ۔ اور اس کتاب پر تخریج وتحقیق کا کام مکتبہ اسلامیہ ،لاہورکےممتاز ریسرچ سکالر محترم مولانا عبد اللہ یوسف ذہبی نے سر انجام دیاہے اللہ تعالیٰ مصنف ،مترجم اورناشرین کتاب کی مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے ۔(آمین)(م۔ا)
اس کتاب ایمان کے ثمرات اور نفاق کے نقصانات کو آن لائن پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کا طریق تربیت
مصنف
سراج الدین ندوی
ناشر
اسلامک پبلیکیشنز، لاہور

تبصرہ
دنیا میں بے شمار مصلحین پیدا ہوئے ۔ بہت سے اصلاحی اورانقلابی تحریکیں اٹھیں مگر ان میں سے ہر ایک نے انسان کے خارجی نظام کو تو بدلنے کی کوشش کی لیکن اس کے اندرون کو نظر انداز کردیا۔ مگر نبی کریم ﷺ کی تحریک میں شامل ہونے والا انسان باہر کے ساتھ ساتھ اندر سے بھی بدل گیا اور کلیۃً بدل گیا۔جو لوگ آپﷺ کی دعوت پر لبیک کہتے گئے وہ آپ کی تربیت پاکر کندن بنتے گئے۔ اسلام کی آغوش میں آنے والے ہر شخص کے اندر ایسا رکردار نمودار ہوا جس کی نظیر تاریخِ انسانی پیش کرنے سے قاصر ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’رسولِ خدا ﷺکا طریق ِتربیت‘‘ جناب مولانا سراج الدین ندوی کی تصنیف ہے ۔جس میں نے انہو ں تاریخ وسیرت کی کتب کا گہرائی سے مطالعہ کر کے نبی کریم ﷺکی آغوش میں جو کردار پروان چڑھے او ران نکات واصولوں کوپیش کیا ہے جو رسول اللہﷺ کردادر سازی میں پیش نظر رکھتے تھے ۔تاکہ رسول اللہﷺ کے اصولِ تربیت کی روشنی میں نئی نسل کی اصلاح وتربیت کا عظیم کام انجام دیا جاسکے ۔(م۔ا)
اس کتاب رسول خدا ﷺ کا طریق تربیت کو آن لائن پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
سائنسی ترقی میں اسلام اور مسلمانوں کی خدمات
مصنف
حافظ زاہد علی
ناشر
راحت پبلشرز لاہور

تبصرہ​
سائنس کو مذہب کا حریف سمجھا جاتا ہے،لیکن یہ محض غلط فہمی ہے۔دونوں کا دائرہ کار بالکل مختلف ہے ،مذہب کا مقصد شرف انسانیت کا اثبات اور تحفظ ہے۔وہ انسان کامل کا نمونہ پیش کرتا ہے،سائنس کے دائرہ کار میں یہ باتیں نہیں ہیں،نہ ہی کوئی بڑے سے بڑا سائنس دان انسان کامل کہلانے کا مستحق ہے۔اسی لئے مذہب اور سائنس کا تصادم محض خیالی ہے۔مذہب کی بنیاد عقل وخرد،منطق وفلسفہ اور شہود پر نہیں ہوتی بلکہ ایمان بالغیب پر زیادہ ہوتی ہے۔اسلام نے علم کو کسی خاص گوشے میں محدود نہیں رکھا بلکہ تمام علوم کو سمیٹ کر یک قالب کر دیا ہےاور قرآن مجید میں قیامت تک منصہ شہود پر آنے والے تمام علوم کی بنیاد ڈالی ہے۔چنانچہ مسلمانوں نے تفکر فی الکائنات اور حکمت تکوین میں تامل وتدبر سے کام لیا اور متعددسائنسی اکتشافات سامنے لائے ۔تاریخ میں ایسے بے شمار مسلمان سائنسدانوں کے نام ملتے ہیں،جنہوں نے بے شمار نئی نئی چیزیں ایجاد کیں اور دنیا میں مسلمانوں اور اسلام کا نام روشن کیا۔ زیر تبصرہ کتاب’’ سائنسی ترقی میں اسلام اور مسلمانوں کی خدمات ‘‘ محترم حافظ زاہد علی صاحب کی تصنیف ہے۔جس میں انہوں نے سائنس کی ترقی میں مسلمانوں کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ہےاور آخر میں ابن الہیثم،البیرونی،بو علی سینا ،الکندی،الفارابی اور الخوارزمی سمیت متعدد مسلمان سائنس دانوں کے نام،سوانح،حالات زندگی اور ان کی ایجادات کا تذکرہ کیا ہے۔اللہ تعالی ان کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول ومنظور فرمائے۔آمین(راسخ)
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
فضائل صدقات
مصنف
عبد اللہ یوسف ذہبی
مترجم
حافظ ندیم ظہیر
ناشر
مکتبہ اسلامیہ،لاہور

تبصرہ
صدقہ ایک مستحب اور نفلی عبادت ہے جس کا تعلق تزکیہ نفس سے بھی ہے اور تزکیہ مال سےبھی۔ اللہ کی راہ میں خرچ کیا گیا مال تبھی صدقہ کہلا سکتا ہے اوراس پر اجر مل سکتا ہے جب کہ وہ مشروع آداب وشرائط کے ساتھ دیا جائے ۔ ایک مسلمان ایمان لانے کےبعد ہر کام صرف اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق اور اس کی خوشنودی ،اس کی تعظیم، اس کی عبادت اوراس کی رحمت حاصل کرنے کےلیے کرنے کا پابند ہے ۔ صدقہ چونکہ مالی عبادت اور ایک نیک عمل ہے لہٰذا یہ اللہ کے علاوہ اور کسی کےلیے کرنا حرام ہے ۔جوشخص حلال کمائی میں سے ایک کھجور کےبرابر صدقہ کرے تو اللہ اس کواپنے ہاتھ میں لیتا ہے پھر صدقہ دینے والے کےلیے اسے پالتا ہے جیسے تم میں سے کوئی اپنابچھڑا پالتا یہاں تک کہ وہ احد پہاڑ کےبرابر ہوجاتا ہے۔ اور حرام کمائی سے دیا ہوا صدقہ اللہ تعالیٰ قبول نہیں کرتا ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ فضائلِ صدقات ‘‘ مکتبہ اسلامیہ ،لاہور کے ریسرچ سکالر محترم عبد اللہ یوسف ذہبی کی کاوش ہے ۔ جس میں انہو ں نے فضائل صدقات ، افضل ترین صدقات،صدقے کے آداب ومسائل قرآن وحدیث کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے صدقہ کرنے کی چند روشن مثالیں بھی بیان کی ہیں ۔اس کتاب کی امیتازی خوبی یہ کہ اس میں ضعیف اور من گھڑت روایات کوپیش کرنے سے اجتناب کیا گیا ہے ۔اور اس میں بیان شدہ ہر حدیث کی مکمل تخریج اور اس پر صحیح یا حسن کا حکم نمایاں ہے۔اگر کہیں ضعیف روایت ہے تواس کی وضاحت کردی گئی ہے۔۔اللہ تعالیٰ اس کتاب کو عوام الناس کےلیے نفع بخش بنائے اور اسے مؤلف وناشر کی نجات کا ذریعہ بنائے (آمین) (م۔ا)
اس کتاب فضائل صدقات کو آن لائن پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
سیرت طیبہ رحمت دارین صلی اللہ علیہ وسلم
مصنف
طالب ہاشمی
ناشر
القمر انٹر پرائزر غزنی سٹریٹ لاہور
تبصرہ
فخر بنی آدم رسول الثقلین شافع روزِ محشر ساقی کوثر حضرت محمد ﷺ کی سیرت طیبہ ایک موضوع ہے جس پر دنیا کی مختلف زبانوں میں اب تک بے شمار کتابیں لکھی جاچکی ہیں ۔اور سیرت طیبہ کا یہ ہر دلعزیز موضوع گلشنِ سدابہار کی طرح ہے ۔جسے شاعرِ اسلام سیدنا حسان بن ثابت سے لے کر آج تک پوری اسلامی تاریخ میں آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کے جملہ گوشوں پر مسلسل کہااور لکھا گیا ہے او رمستقبل میں لکھا جاتا رہے گا۔اس کے باوجود یہ موضوع اتنا وسیع اور طویل ہے کہ اس پر مزید لکھنے کاتقاضا اور داعیہ موجود رہے گا۔ دنیا کی کئی زبانوں میں بالخصوص عربی اردو میں بے شمار سیرت نگار وں نے سیرت النبی ﷺ پر کتب تالیف کی ہیں۔ اردو زبان میں سرت النبی از شبلی نعمانی ، رحمۃللعالمین از قاضی سلیمان منصور پوری اور مقابلہ سیرت نویسی میں دنیا بھر میں اول آنے والی کتاب الرحیق المختوم از مولانا صفی الرحمن مبارکپوری کو بہت قبول عام حاصل ہوا۔ زیر تبصرہ کتاب ’’سیرت رحمت دارین ﷺ‘‘ سیرت النبی ﷺ پر جناب طالب الہاشمی کی اہم کتاب ہے ۔موصوف کی سیرت پاک کے مختلف پہلوؤں پر اس کتاب کے علاوہ بھی سات کتب(اخلاق پیمبری،معجزات سرور کونین، ارشادات دانائے کونین،و فودِ عرب بارگاہِ نبوی میں، ہمارے رسول پاکﷺ،جنت کے پھول،حسنت جمیع خصالہٖ) منظر عام آچکی ہیں ۔ کتاب ہذا تین سال کی محنت شاقّہ کے بعد پایۂ تکمیل کو پہنچی۔اس کتاب میں مصنف مرحوم نے نبی کریم ﷺ کی حیات اقدس کےتمام اہم واقعات کا احاطہ کرنے کی سعی کی ہے ۔ یہ کتا ب نوجوان نسل کے لیے سر مایہ ہدایت ہے اگرچہ اس سے ہر عمر کا انسان یکساں کسبِ فیض کر سکتاہے۔ متوسط کتب سیرت میں یہ کتاب ایک اہم حیثیت رکھتی ہے۔اللہ تعالیٰ تمام اہل ایمان کو نبیﷺکی سیرت کو اپنانے کی توفیق عطافرمائے (آمین) (م۔ا)
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
التبیان شرح خلاصۃ البیان
مصنف
قاری محمد ایوب سورتی
تحقیق و تخریج
قاری نجم الصبیح تھانوی
ناشر
قرآءت اکیڈمی لاہور

تبصرہ
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو بندوں کی رشد و ہدایت کے لیے نازل فرمایاہے۔،یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کیا جانے والا ایسا کلام ہے جس کے ایک ایک حرف کی تلاوت پر دس دس نیکیاں ملتی ہیں۔اور قرآن مجید کی درست تلاوت اسی وقت ہی ممکن ہو سکتی ہے، جب اسے علم تجویدکے قواعد وضوابط اوراصول وآداب کے ساتھ پڑھا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ترتیل کے ساتھ پڑھنے کا حکم دیا ہے ۔لہٰذا قرآن کریم کو اسی طرح پڑھا جائے جس طرح اسے پڑھنے کا حق ہے۔اور ہرمسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمِ تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے۔فن تجوید پر اب تک عربی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی بہت سارے رسائل و کتب لکھی جا چکی ہیں۔ جن سے استفادہ کرنا اردو دان طبقہ کے لئے اب نہایت سہل اور آسان ہو گیا ہے ۔ پیشِ نظر کتاب بھی انہی کتب میں ایک اضافہ ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ التبیان شرح خلاصۃ البیان ‘‘ محترم قاری محمد ایوب سورتی صاحب کی تصنیف ہے۔جس میں مولف نے علم تجوید کے مسائل کو بیان کیا ہے۔اس کی تصحیح وتبویب کا کام محترم قاری نجم الصبیح تھانوی نے کیا ہے۔ شائقین علم تجوید کے لئے یہ ایک مفید اور شاندار کتاب ہے،جس کا تجوید وقراءات کے ہر طالب علم کو مطالعہ کرنا چاہئے۔اللہ تعالی مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)
اس کتاب التبیان شرح خلاصۃ البیان کو آن لائن پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
اولاد کی تربیت کیسے کریں

مصنف
محمد بن ابراہیم الحمد
مترجم
نصر اللہ شاہد
نظرثانی
محمد اختر صدیق
ناشر
مکتبہ اسلامیہ،لاہور

تبصرہ
جس طرح والدین کے اولاد پر حقوق ہیں اسی طرح اولاد کےوالدین پر حقوق ہیں اور جیسے اللہ تعالیٰ نے ہمیں والدین کےساتھ نیکی کرنے کا حکم دیا ہے ایسے ہی اس نے ہمیں اولاد کےساتھ احسان کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔ان کے ساتھ احسان اور ان کی بہترین تربیت کرنا دراصل امانت صحیح طریقے سے ادا کرنا ہے اورانکو آزاد چھوڑنا اور ان کے حقوق میں کوتاہی کرنا دھوکہ اور خیانت ہے۔ کتاب وسنت کے دلائل میں اس بات کا واضح حکم ہے کہ اولاد کے ساتھ احسان کیا جائے ۔ ان کی امانت کوادا کیا جائے ، ان کوآزاد چھوڑنے اوران کےحقوق میں کتاہیوں سے بچا جائے ۔کیونکہ اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک بہت بڑی نعمت اولاد بھی ہے ۔ اور اس بات میں کوشک نہیں کہ اگر اولاد کی صحیح تربیت کی جائے تو وہ آنکھوں کا نور اور دل کا سرور بھی ہوتی ہے ۔ لیکن اگر اولاد بگڑ جائے اور اس کی صحیح تربیت نہ کی جائے تو وہی اولاد آزمائش بن جاتی ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’ اولاد کی تربیت کیسے کریں‘‘شیخ محمد بن ابراہیم الحمد کی تصنیف ہے ۔ جس میں شیخ نے جہاں والدین سے اولاد کی تربیت میں سرزد ہونے والی چند مشہور کوتاہیوں کا تذکرہ کیا ہے وہاں بچوں کی تربیت کے کچھ سنہری اصول بھی ذکر کیے ہیں ۔اور تربیتِ اطفال میں جو چیزیں معاون ہیں ان کا تذکرہ کرتے ہوئے چند عظیم ماؤں کا ذکر خیر بھی کیا ہے ۔ مزید برآں اس کتاب میں بعض ایسی شخصیات کا ذکر بھی ہے جنہوں نے یتیمی کے ایام صرف ماں کے زیر اثر گزارے اور ان کی حسنِ تربیت سے اعلیٰ اخلاق وبہترین اوصاف کے مالک بنے ۔اس عربی کتاب کو اردو قالب میں ڈھالنے کا فریضہ جناب محترم نصر اللہ شاہد صاحب نے انجام دیا ہے اور چند مقامات پر اضافہ جات بھی کیے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کتاب کے مصنف،مترجم ،ناشرین اور کتاب کی تصحیح ونظر ثانی کرنے والے محترم محمد اختر صدیق صاحب (فاضل جامعہ لاہورالاسلامیہ و مدینہ یونیورسٹی ) کی کاشوں کو قبول فرمائے اور ہمیں اسلامی اصولوں پرعمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے نونہالوں کی تربیت کرنے کی توفیق عطا فرمائے (آمین) (م۔ا)
 

عبد المعز

محفلین
تبصرہ
قرآن مجید اللہ تعالی کی طرف سے نازل کی جانے والی آسمانی کتب میں سے سب سے آخری کتاب ہے ۔جسےاللہ تعالی نے امت کی آسانی کی غرض سے قرآن مجید کو سات حروف پر نازل فرمایا ہے۔ یہ تمام کے تمام ساتوں حروف عین قرآن اور منزل من اللہ ہیں۔ان تمام پرایمان لانا ضروری اور واجب ہے،اوران کا انکار کرنا کفر اور قرآن کا انکار ہے۔اس وقت دنیا بھر میں سبعہ احرف پر مبنی دس قراءات اور بیس روایات پڑھی اور پڑھائی جارہی ہیں۔اور ان میں سے چار روایات (روایت قالون،روایت ورش،روایت دوری اور روایت حفص)ایسی ہیں جو دنیا کے کسی نہ کسی حصے میں باقاعدہ رائج اور متداول ہیں،عالم اسلام کے ایک بڑے حصے پر قراءت امام عاصم بروایت حفص رائج ہے، جبکہ مغرب ،الجزائر ،اندلس اور شمالی افریقہ میں قراءت امام نافع بروایت ورش ، لیبیا ،تیونس اور متعدد افریقی ممالک میں روایت قالون عن نافع ،مصر، صومالیہ، سوڈان اور حضر موت میں روایت دوری عن امام ابو عمرو بصری رائج اور متداول ہے۔ہمارے ہاں مجلس التحقیق الاسلامی میں ان چاروں متداول روایات(اور مزید روایت شعبہ) میں مجمع ملک فہد کے مطبوعہ قرآن مجید بھی موجود ہیں۔عہد تدوین علوم سے کر آج تک قراءات قرآنیہ کے موضوع پر بے شمار اہل علم اور قراء نے کتب تصنیف فرمائی ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری وساری ہے۔الدرۃ المضیئہ علامہ ابن الجزری کی قراءات سبعہ کے بعد والی قراءات ثلاثہ پر اہم ترین اساسی اور نصابی کتاب ہے ۔ اللہ تعالی نے اسے بھی شاطبیہ کی مانند بے پناہ مقبولیت سے نوازا ہے،جو قراءات ثلاثہ کی تدریس کے لئے ایک مصدر کے حیثیت رکھتی ہے۔متعدد علماء اور قراءنے اس کی شروحات لکھی ہیں، جنہیں یہاں بیان نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’ الفوائد البھیۃ شرح الدرۃ المضیئہ‘‘ شیخ القراءقاری ابو الحسن علی اعظمی صدر شعبہ تجوید دار العلوم دیو بندکی تالیف ہے۔جس میں مولف نے الدرۃ کے اشعارکو انتہائی آسان اور سہل انداز میں پیش کیا ہے۔مولف موصوف علم قراءات کے میدان میں بڑا بلند اور عظیم مقام ومرتبہ رکھتے ہیں۔آپ نے علم قراءات پر متعددعلمی وتحقیقی کتب تصنیف فرمائی ہیں۔ اللہ تعالی قراء ات قرآنیہ کے حوالے سے سر انجام دی گئی ان کی ان خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے۔آمین(راسخ)
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
فیہ ذکر کم جلد اول ( پارہ 1 تا 30 )
مصنف
نگہت ہاشمی
ناشر
النور پبلی کیشنز/النور انٹرنیشنل

تبصرہ
قرآن مجید اللہ تعالی کی وہ آخری کتاب ہے،جسےاس نے اپنے آخری پیغمبر جناب محمد رسول اللہ ﷺ پر نازل فرمایا۔ یہ کتاب قیامت تک آنے والے لوگوں کےلئے ذریعۂ ہدایت و رُشد اور راہ نجات ہے۔ یہ کتاب ایک ایسی گائیڈ بک ہے ،جو کسی بھی انسان کے لئے ہرقسم کے حالات وواقعات میں شاندار اور کامیاب راہنمائی کرتی ہے۔ یہ کتاب آسمانی وزمینی علوم کا احاطہ کرنے والی ہے۔ اس کائنات میں کیاہوا، کیا ہوچکا اورکیا ہونے والاہے،اس کے بارے میں تمام معلومات اس کتاب میں موجودہے۔ صرف یہ نہیں بلکہ اس کتاب میں دنیا میں رونما ہونے والے کسی بھی قسم کے حالات وواقعات کے اسباب اور وجوہات کا تذکرہ تفصیلی طور پر گیا ہے۔ اللہ کی نازل کردہ اس کتاب میں اور بھی بہت کچھ ہے،جس کا احاطہ کرنا کسی انسان کے لئے ناممکن ہے۔اس کتاب میں انسان جتنا غور وفکر کرکے پڑھے گا، اتنا ہی اس کتاب سے استفادہ کرکے اس کے اسرار ورموز اور معلومات سے آگاہ ہوسکے گا۔ یہ دنیا کی وہ تنہا معجزاتی کتاب ہے، جسے بار بار پڑھنے سے بوریت اوراکتاہٹ کی جھلک بھی محسوس نہیں ہوتی اور ہر بار پڑھتے وقت اس کلام کی گہرائی کا ادراک ہوکر نئی معلومات انسان کے ذہن کو ملتی ہے۔اس کتاب کی حقانیت کے لئےصرف ایک ہی دلیل کافی ہے کہ اس کتاب میں جو کچھ لکھا ہے، آج تک اس میں سے ایک حرف کی معلومات کو کوئی غلط ثابت نہیں کرسکا اور نہ ہی کبھی کرسکے گا۔ یہ اس کتاب کاکھلم کھلا چیلنج ہے۔زیر تبصرہ کتاب ’’ فیہ ذکرکم‘‘ النور انٹر نیشنل کی مدیرہ محترمہ ڈاکٹر نگہت ہاشمی صاحبہ کی مضامین قرآن پر مشتمل ایک منفردتصنیف ہے جو انہوں نے اپنےادارے کے تحت خواتین کو کروائے جانے والے مختلف کورسز کے لئے تیار کی ہے۔اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ وہ سب سے پہلے رکوع کی ہیڈنگ قائم کرتی ہیں،پھر اس رکوع کا موضوع متعین کرتی ہیں ،پھر اس کے مضامین ترتیب کے ساتھ بیان کرتے ہوئے کرنے کے کام اور آخر میں اپنا جائزہ لینے کے حوالے سے چند سوالات پیش کرتی ہیں کہ اس رکوع کی روشنی میں آیا ہم درست سمت پہ جا رہے ہیں یا غلط راستے پر چل رہے ہیں۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولفہ کی اس عظیم الشان کاوش پر ان کو جزائے خیر دے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)
اس کتاب فیہ ذکرکم جلد اول کو آن لائن پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
اس کتاب فیہ ذکرکم جلد دوم کو آن لائن پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
اس کتاب فیہ ذکرکم جلد سوم کو آن لائن پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
اسلام میں ربا کے حکم امتناعی کی اہمیت
مصنف
شیخ عمران نذر حسین
مترجم
ابو عمار سلیم
ناشر
شاد پبلیکیشنز کراچی

تبصرہ​
سود کو عربی زبان میں ”ربا“کہتے ہیں ،جس کا لغوی معنی زیادہ ہونا ، پروان چڑھنا ، او ر بلندی کی طرف جانا ہے ۔ اور شرعی اصطلاح میں ربا (سود) کی تعریف یہ ہے کہ : ” کسی کو اس شرط کے ساتھ رقم ادھار دینا کہ واپسی کے وقت وہ کچھ رقم زیادہ لے گا “۔سودخواہ کسی غریب ونادار سے لیاجائے یا کسی امیر اور سرمایہ دار سے ، یہ ایک ایسی لعنت ہے جس سے نہ صرف معاشی استحصال، مفت خوری ، حرص وطمع، خود غرضی ، شقاوت وسنگدلی، مفاد پرستی ، زر پرستی اور بخل جیسی اخلاقی قباحتیں جنم لیتی ہیں بلکہ معاشی اور اقتصادی تباہ کاریوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، اس لیے دین اسلام اسے کسی صورت برداشت نہیں کرتا۔ شریعت اسلامیہ نے نہ صرف اسے قطعی حرام قرار دیاہے بلکہ اسے اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ جنگ قرار دیاہے ۔اللہ تعالی فرماتے ہیں۔" جولوگ سود کھاتے ہیں وہ یوں کھڑے ہوں گے جیسے شیطان نے کسی شخص کو چھو کر مخبوط الحواس بنا دیا ہو ۔اس کی وجہ ان کا یہ قول ہے کہ تجارت بھی تو آخر سود کی طرح ہے، حالانکہ اللہ نے تجارت کو حلال قرار دیا ہے اور سود کو حرام۔ اب جس شخص کو اس کے رب کی طرف سے یہ نصیحت پہنچ گئی اور وہ سود سے رک جائے تو پہلے جو سود کھا چکا اس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے مگر جو پھر بھی سود کھائے تو یہی لوگ دوزخی ہیں ، جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے، اللہ تعالیٰ سود کو مٹاتا ہے اور صدقات کی پرورش کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ کسی ناشکرے بندے کو پسند نہیں کرتا ۔ زیر تبصرہ کتاب" اسلام میں ربا کے حکم امتناعی کی اہمیت " محترم شیخ عمران نذر حسین کی کتاب کا اردو ترجمہ ہے۔اور ترجمہ محترم ابو عمار سلیم نے کیا ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف موصوف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور تمام مسلمانوں کو سود جیسی لعنت سے چھٹکارا عطا فرمائے۔آمین(راسخ)
 

عبد المعز

محفلین
اسلام ایک کامل اور اکمل دین ہے جواپنے ماننے والوں کوصرف مخصوص عقائد ونظریات کو اپنانے ہی کی دعوت نہیں دیتا بلکہ زندگی کے ہر موڑ پر یہ دین مسلمانوں کی رہنمائی کرتا ہے۔ اسلام کی یہ روشن اور واضح تعلیمات اللہ تعالیٰ کی عظیم کتاب قرآن مجید او رنبی کریم ﷺ کی صحیح احادیث کی شکل میں مسلمانوں کے پاس محفوظ ہیں۔ انہی دوچشموں سے قیامت تک مسلمان سیراب ہوتے رہے ہیں گے اور اپنے علم کی پیاس بجھاتے رہیں گے۔زیر نظر کتاب ’’اسلامی ضابطۂ حیات‘‘عالمِ عرب کے مشہور مصنف ومفسرِ قرآن علامہ عبد الرحمٰن بن ناصر السعدی کی عربی کتاب منہج السالکین وتوضیح الفقہ فی الدین کا اردو ترجمہ ہے ۔یہ کتاب قرآن وحدیث کی تعلیمات کو آسان فہم انداز میں عام مسلمانوں تک پہنچانے کی ایک کوشش ہے ۔اس کتاب میں مصنف موصوف نے طہارت،نماز، روزہ، زکوٰۃ، اور حج جیسی اہم عبادات کے مسنون طریقہ کار اور اہم مسائل کے ساتھ ساتھ جائز وناجائز کاروبار،حلال وحرام ،کھانے ،نکاح وطلاق، جنازہ ، وراثت اور شرعی حدود وغیرہ کے مسائل کو نہایت اختصار کے ساتھ بیان کیا ہے ۔اللہ تعالیٰ تمام اہل ایمان کو دین کا صحیح علم سیکھنے اور پھر اس پر عمل کرکے دنیا و آخرت کی بھلائیاں سمیٹنے کی توفیق بخشے او راس کتاب کے مصنف،مترجم، ناشر اورمعاونین کے لیے اسے ذریعہ نجات بنائے ۔ (آمین)(م۔ا)
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
حجیت حدیث ( البانی ،سلفی)
مصنفین
علامہ ناصر الدین البانی ، محمد اسماعیل سلفی
ناشر
ادارہ بحوث الاسلامیہ بنارس

تبصرہ
اللہ تعالیٰ نے بنی نوع ِ انسان کی رشد وہدایت کے لیے انبیاء ورسل کو اس کائنات میں مبعوث کیا،تاکہ ان کی راہنمائی کی بدولت اللہ تعالیٰ کی رضا کو حاصل کیا جاسکے۔انسان اپنے تیئں کتنی ہی کوشش اور محنت کیوں نہ کرلے ، اسے اس وقت تک اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل نہیں ہوسکتی جب تک وہ زندگی گزارنے کے لیے اسی منہج کو اختیار نہ کرے جس کی انبیاء علیہم السلام نے تعلیم دی ہے ،اسی لیے اللہ تعالیٰ نے ہر رسول کی بعثت کا مقصد صرف اس کی اطاعت قراردیا ہے ۔جو بندہ بھی نبی اکرم ﷺ کی اطاعت کرے گا تو اس نے اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی اور جو انسان آپ کی مخالفت کرے گا ،اس نے اللہ تعالی کے حکم سے روگردانی کی ۔ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کی تاکید کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: وَمَا آتَاكُمُ الرَّسُولُ فَخُذُوهُ وَمَا نَهَاكُمْ عَنْهُ فَانْتَهُوا(الحشر:7) اللہ تعالیٰ کے اس فرمان ِعالی شان کی بدولت صحابہ کرام ،تابعین عظام اور ائمہ دین رسول اللہ ﷺ کے ہر حکم کو قرآنی حکم سمجھا کرتے تھے اور قرآن وحدیث دونوں کی اطاعت کویکساں اہمیت وحیثیت دیا کرتے تھے ،کیونکہ دونوں کا منبع ومرکز وحی الٰہی ہے ۔عمل بالحدیث کی تاکید اورتلقین کے باوجود کچھ گمراہ لوگوں نےعہد صحابہ ہی میں احادیث نبویہ سےمتعلق اپنےشکوک وشبہات کااظہارکرناشروع کردیا تھا ،جن کوپروان چڑہانے میں خوارج ، رافضہ،جہمیہ،معتزلہ، اہل الرائے اور اس دور کے دیگر فرق ضالہ نےبھر پور کردار ادا کیا۔ لیکن اس دور میں کسی نے بھی حدیث وسنت کی حجیت سے کلیتاً انکار نہیں کیا تھا،تاآنکہ یہ شقاوت متحدہ ہندوستان کے چند حرماں نصیبوں کے حصے میں آئی،جنہوں نے نہ صرف حجیت حدیث سے کلیتاً انکار کردیا بلکہ اطاعت رسولﷺ سے روگردانی کرنے لگے اور رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کو عہد نبوی تک ہی قرار دینے کی سعی نامشکور کرنے لگے ۔اگر کوئی حدیث انکار کردے تو قرآن کا انکار بھی لازم آتا ہے۔ منکرین اور مستشرقین کے پیدا کردہ شبہات سےمتاثر ہو کر مسلمانوں کی بڑی تعداد انکار حدیث کے فتنہ میں مبتلا ہوکر دائرہ اسلام سے نکلنے لگی ۔ لیکن الحمد للہ اس فتنہ انکار حدیث کے رد میں برصغیر پاک وہند میں جہاں علمائے اہل حدیث نے عمل بالحدیث اورردِّ تقلید کے باب میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں وہیں فتنہ انکار حدیث کی تردید میں بھی اپنی تمام تر کوششیں صرف کردیں۔اس سلسلے میں سید نواب صدیق حسن خان، سید نذیر حسین محدث دہلوی،مولانا شمس الحق عظیم آبادی ،مولانا محمد حسین بٹالوی ، مولانا ثناء اللہ امرتسری ، مولانا عبد العزیز رحیم آبادی،حافظ عبداللہ محدث روپڑی، مولانا ابراہیم میر سیالکوٹی ،مولانا داؤد راز شارح بخاری، مولانا اسماعیل سلفی ، محدث العصر حافظ محمدگوندلوی وغیرہم کی خدمات قابل تحسین ہیں۔اور اسی طرح ماہنامہ محدث، ماہنامہ ترجمان الحدیث ،ہفت روزہ الاعتصام،لاہور ،پندرہ روزہ صحیفہ اہل حدیث ،کراچی وغیرہ کی فتنہ انکار حدیث کے رد میں صحافتی خدمات بھی قابل قدر ہیں ۔اللہ تعالیٰ علماءاور رسائل وجرائد کی خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے (آمین) زیر کتاب’’ حجیت حدیث‘‘ علامہ محمد ناصر الدین البانی ، شیخ الحدیث محمد اسماعیل سلفی  کی دفاع وحجیت حدیث کے موضوع پر اہم مقالات کا مجموعہ ہے ۔اس کتاب کے حصہ اول میں علامہ ناصر الدین البانی کے تین رسالوں کا اردو ترجمہ شامل ہے ۔ اور دوسرا حصہ مولانا محمد اسماعیل سلفی کے حجیت حدیث کے موضوع پر پانچ مقالات پر مشتمل ہے ۔اس میں مولانا سلفی کا ’’حسن البیان فیما سیرۃ نعمان ‘‘کے لیے لکھا گیا وقیع مقدمہ بعنوان ’’ درایت اور فقہ راوی‘‘ بھی شامل ہے ۔یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک اہم دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے ۔اللہ تعالیٰ شیخ البانی  اور مولانا سلفی  کی دفاع حدیث کےسلسلے میں کاوشوں کو قبول فرمائے اور اس مجموعہ کو مفید ومقبول بنائے (آمین) (م۔ا)
اس کتاب حجیت حدیث ( البانی ، سلفی ) کو آن لائن پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
گناہوں سے کیسے بچیں
مصنف
محمد ظفیر الدین
نظرثانی
حافظ صلاح الدین یوسف
ناشر
دار الابلاغ پبلشرز،لاہور

تبصرہ​
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور زندگی کے ہر شعبےمیں مکمل راہنمائی فراہم کرتاہے ۔ اسلام میں جس طرح مردوں کے لیے تزکیہ وتطہیر کاطریقہ کار دیاگیا اسی طرح عورتوں کی عفت وعصمت اور پاکدامنی کی طرف بھی توجہ دی گئی ہے ۔ اسلام نے طہارت وپاکیزگی کا ایسا گراں مایہ گوہر عطاء کیا کہ جس کے باعث اسے قدروقیمت کی نگاہ سےدیکھا جانے لگا۔ اور اسے اخلاقی ودینی اعتبار سے اوجِ ثریا تک پہنچا دیا اور گھر کی چار دیواری میں محصور کر کے ایک انمول موتی اور ہیرا بنادیا ۔ زمانہ جاہلیت کی طرح آج مغربیت اور اس کے دلدادہ افراد عورت کوپھر سے بازاروں ،چوکوں، چوراہوں،تفریح گاہوں ، فائیوسٹار ہوٹلوں اور ہواؤں میں اڑا کر شرمناک مناظر دکھانا چاہتے ہیں ۔اور اس کوانسانیت کے عظیم منصب سےنکال کر حیوانیت کا لبادہ پہنانا چاہتے ہیں ۔تحریک نسوانیت اور تحریک آزادی جیسے خوشنما اور دل فریب نعروں کے سائے تلے اسے حیا باختگی اور ایمان سوز مناظر کارسیا بنانا چاہتے ہیں ۔ایسے حالات میں اسلام کے نظام عفت وعصمت اور پاکیزگی وپاکدامنی کو اجاگر کرنا بہت ضروری ہے تاکہ بنتِ آدم قرونِ اولیٰ کی عورتوں کی طرح صاف ستھری اور ایمان کی بلندیوں کو چھونے والی عورت بن سکے ۔ اور ماں بہن ،بیٹی اور بیوی کے مرتبہ عالیہ پر فائز رہتے ہوئے صالحیت اور نیک نامی سے کنارہ کش نہ ہو۔ زیر نظر کتاب ’’گناہوں سے کیسے بچیں‘‘مولانا محمد ظفیر الدین کی تصنیف ہے ۔ انہوں نے موضوع کے تمام گوشوں کوتشنہ نہیں چھوڑا البتہ بعض مقامات پر کمزور اور ضعیف روایات بھی بیان کردی تھی۔ لیکن محترم طاہر نقاش نے اس ایڈیشن میں کتاب کی تہذیب وتنقیح اور کمزور روایات کو نکالنے کی بھر پور سعی کی ہے اور قارئین کو عمدہ اور تشکیک واعتراض سے پا ک مواد فراہم کیا ہے کتاب ہذا پہلے متعد د بار ’’اسلام کا نظام عفت وعصمت ‘‘ کے نام سے شائع ہوئی ۔محترم طاہر نقاش صاحب نے اس کتاب پر اس انداز سے تحقیقی وتوضیحی نوعیت کا کام کیا ہے کہ پاک وہند میں اس کتاب پر اس طرح کا کام اس قبل نہیں ہوا تھا ۔کتاب ہر اعتبار سے اپنی مثال آپ ہے اور پاکستان وہندوستان میں شائع ہونے والی تمام اشاعتوں پر اپنی افادیت اور اثر پذیری کے اعتبار سے فوقیت حاصل کر گئی ہے ۔ اور اپنے معیار ،تحقیق وتدقیق کےاعتبار سے سب سے آگے نکل گئی ہے ۔ کتاب میں موصوف نے تقریبا 70 صفحات پر مشتمل مفید توضیحی فٹ نوٹ لکھے ہیں ۔ یوں یہ کتاب اب تک شائع ہونے والی اشاعتوں میں سب سے مفصل محقق جامع اور معیاری ہے ۔اللہ تعالیٰ اس کتاب کو تمام خواتینِ اسلام کےلیے نفع بخش بنائے اور اسے ہر خاتون کےلیے مشعلِ راہ اور نجات کاذریعہ بنائے ۔ اورخواتین کو بے حجابی وبے پردگی ، عریانی وفحاشی کے قعر مذلت سے نکار منہاج سدید پر گامزن کردے ۔اور اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطافرمائےمحترم محمد طاہر نقاش کو اور ان کے علم وعمل ،کاروبار میں برکت او ران کو صحت وتندرستی والی زندگی عطائے فرمائے کہ وہ اصلاحی وتبلیغی کتب کی اشاعت کے ذریعے دین ِاسلام کی اشاعت وترویج کے لیے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے اپنے ادارے’’ دار الابلاغ‘‘ کی مطبوعات مجلس التحقیق الاسلامی کی لائبریری اور کتاب وسنت ویب سائٹ پر پبلش کرنے کے لیے ہدیۃً عنائت کی ہیں (آمین) (م۔ا)
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
جواہر التجوید
مصنف
قاری عبدالرحمن
نظرثانی
قاری محمد ادریس العاصم
ناشر
مکتبہ قدوسیہ،لاہور

تبصرہ
علم تجوید قرآنی علوم کے بنیادی علوم میں سے ایک ہے ۔ اس علم کی تدوین کا آغاز دوسری صدی کے نصف سے ہوا۔ائمۂ حدیث وفقہ کی طرح تجوید وقراءات کے ائمہ کی بھی ایک طویل لسٹ ہے اور تجوید وقراءات کے موضوع ماہرین تجوید وقراءات کی بے شمار کتب موجود ہیں ۔ عرب قراء کی طرح برصغیر پاک وہند کے علماء کرام اور قراءعظام نے بھی علم تجوید قراءات کی اشاعت وترویج کےلیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ۔پاکستان میں دیوبندی قراء کرام کےعلاوہ سلفی قراء عظام جناب قاری یحییٰ رسولنگری، قاری محمداریس العاصم ،قای محمد ابراہیم میرمحمدی حفظہم اللہ اور ان کےشاگردوں کی تجوید قراءات کی نشرواشاعت میں خدمات قابل تحسین ہیں ۔مذکورہ قراء کی تجوید وقراءات کی کتب کے علاوہ جامعہ لاہور الاسلامیہ کے کلیۃ القرآن ومجلس التحقیق الاسلامی ،لاہور کے زیر نگرانی شائع ہونے علمی مجلہ رشد کےعلم ِتجویدو قراءات کے موضوع پر تین ضخیم جلدوں پر مشتمل قراءات نمبر اپنے موضوع میں انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتے ہیں ۔جس میں مشہور قراء کرام کے تحریر شدہ مضامین ، علمی مقالات اور حجیت قراءات پر پاک وہند کے کئی جیدمفتیان کرام کے فتاوی ٰ جات بھی شامل ہیں اور اس میں قراءات کو عجمی فتنہ قرار دینے والوں کی بھی خوب خبر لیتے ہوئے ان کے اعتراضات کے مسکت جوابات دیئے گئے ہیں۔تلاوت ِقرآن کا بھر پور اجروثواب اس امر پرموقوف ہے کہ تلاوت پورے قواعد وضوابط اور اصول وآداب کے ساتھ کی جائے قرآن کریم کی تلاوت کا صحیح طریقہ جاننا اورسیکھنا علم تجوید کہلاتا ہے ہرمسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علم تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے ۔ کیونکہ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی وہ عظیم الشان کتاب ہے کہ ہر مسلمان پراس کتاب کو صحیح پڑھنا لازمی اور ضروری ہے جس حکم ورتل القرآن ترتیلا سے واضح ہوتا ہے۔ اس قرآنی حکم کی تکمیل اور تجویدکوطالب تجوید کےلیے آسان اورعام فہم بناکر پیش کرناایک استاد کے منصب کا اہم فریضہ ہے ۔ایک اچھا استاد جہاں ادار الحروف کی طرف توجہ دیتا ہے ۔ وہیں وہ اپنے طالب علم کو کتاب کےذریعے بھی مسائل تجوید ازبر کراتا ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ جواہر التجوید‘‘ استاد القراء جناب قاری المقری محمد ادریس العاصم کے شاگرد رشید قاری عبد الرحمن (مہتمم جامعہ عثمانیہ سیالکوٹ ) کی کاوش ہے ۔انہو ں نے اس کتاب میں علم تجوید،اس کی اصطلاحات لحن، اوراس کی اقسام ،مخارج کا بیان باتصویر بیان کرنے کے علاوہ حروف کی آواز وصفات اور ان کے حکام، ادغام ، مد ،ہمزہ ، وقف ، سکتہ، اور رموز اوقاف کے احکام وبیان کےسلسلہ تمام کی مثال قرآن کریم سے بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔اللہ تعالیٰ قاری صاحب کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور طلباء وطالبات کے لیے اس کتاب کونفع بخش بنائے (آمین)(م۔ا)
اس کتاب جواہر التجوید کو آن لائن پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
اسلام میں تحقیق کے اصول و مبادی
مصنف
ڈاکٹر طفیل ہاشمی
ناشر
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد

تبصرہ
علم حدیث اسلامی علوم میں شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے ۔آیات کے شانِ نزول اوران کی تفسیر ،احکام القرآن کی تشریح وتبین ،اجمال کی تفصیل ،عموم کی تخصیص ،مبہم کی تبین سب علم حدیث کے ذریعہ معلوم ہوتی ہیں ۔اسی طرح حامل ِقرآن حضر ت محمد ﷺ کی سیرت اور حیات ِطیبہ اخلاق وعادات مبارکہ آپﷺ کے اقوال واعمال علم حدیث کے ذریعہ ہم تک پہنچے ہیں ۔علمائے اسلام نے علم حدیث کی حفاظت ،جمع وتدوین، اور تحقیق وتدقیق کے سلسلہ میں قابل قدر کاوشیں سر انجام دی ہیں۔احادیث کی چھان بین کے لیے انہوں نے جرج وتعدیل کے اصول وضع کیے ہیں جن کی بدولت اسماء الرجال کا مستقل فن معرض وجود میں آیا اور کم وبیش چھ صدیوں تک جرح وتعدیل اور فن اسماء الرجال بر پر کتابیں لکھی جاتی رہیں ۔ایک جرمن مستشرق ڈاکٹر سپرنگر کے بقول علم اسماء الرجال کی وساطت سے مسلمانوں نے کم ازکم پانچ لاکھ راویوں کی حالات محفوظ کیے ہیں جن کا مقصد صرف ایک ذاتِ مقدس کے حالات کو معلوم اور محفوظ کرنا تھا۔زیر کتاب ’’ اسلام میں تحقیق کے اصو ل ومبادی کو ڈ نمبر712 ‘‘ ڈاکٹر طفیل ہاشمی کی تصنیف ہے ۔ جوکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ایم فل پروگرام میں شامل نصاب ہے ۔ یہ کتاب اسلام میں تحقیق کے دو اصول روایت اور درایت پر مشتمل ہے ۔اس کتاب کے مطالعہ سے طلبہ روایت ودرایت کے میں خاصی معلوما ت حاصل کرسکتے ہیں ۔(م۔ا)
اس کتاب اسلام میں تحقیق کے اصول و مبادی کو آن لائن پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
 

عبد المعز

محفلین
کتاب کا نام
خطبات قرآن
مصنف
ڈاکٹر ذاکر نائک
مترجم
سيّد امتیاز احمد
ناشر
دار النوادر،لاہور

تبصرہ​
محترم ڈاکٹر ذاکر نائیک ہندوستان کے ایک معروف مبلغ اور داعی ہیں۔آپ اپنے خطبات اور لیکچرز میں اسلام اور سائنس کے حوالے سے بہت زیادہ گفتگو کرتے ہیں ،اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ اسلام نے آج سے چودہ سو سال پہلے جو کچھ بتا دیا تھا ،آج کی جدید سائنس اس کی تائید کرتی نظر آتی ہے۔اور یہ کام وہ زیادہ تر غیر مسلموں کو اسلام کی دعوت دیتے وقت کرتے ہیں ،تاکہ ان کی عقل اسلام کی حقانیت اور عالمگیریت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے سامنے سر تسلیم خم کر دے۔اسلام اگرچہ سائنس کی تائید کا محتاج نہیں ہے ،اور اس کا پیغام امن وسلامتی اتنا معروف اور عالمگیر ہے کہ اسے مسلم ہو یا غیر مسلم دنیا کا ہر آدمی تسلیم کرتا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ خطبات قرآن ‘‘ ان کی انگریزی کتاب کا اردو ترجمہ ہے ۔ترجمہ کرنے کی سعادت سید امتیاز احمد نے حاصل کی ہے۔اس کتاب میں انہوں نے اسلام اور اس کی تعلیمات کی عالمگیریت پر روشنی ڈالی ہے ۔ اور بائبل اور قرآن کا تقابلی جائزہ لیا ہے۔کتاب کے شروع میں انہوں نے معروف عیسائی پادری ڈاکٹر ولیم کیمپبل کے ساتھ ہونے والے اپنے دو مناظروں کی روداد بیان کی ہے اور اس کے بعد قرآن مجید کے مختلف موضوعات پر اپنے دئیے گئے خطبات کو جمع فرما دیاہے۔اللہ تعالی ان کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائیں اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائیں۔(راسخ)
 
Top