ڈی جی رینجرز کی یقین دہانی پر ایم کیو ایم نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

ڈی جی رینجرز کی یقین دہانی پر ایم کیو ایم نے ہڑتال کی کال واپس لے لی
292667_42288527.jpg_B

کارکنوں کا قتل کراچی کا امن تباہ کرنے کی کوشش ہے ، واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائے گی :اجلاس میں فیصلہ
کراچی (دنیا نیوز ) ایم کیو ایم نے ڈی جی رینجرز کی یقین دہانی پر کارکن کے قتل کے خلاف آج ہڑتال کی کال واپس لے لی ، الطاف حسین کا کہنا ہے کہ قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ایم کیو ایم کے رہنما عبدالحسیب کہتے ہیں محمد ہاشم کے قتل کا سوموٹو ایکشن لیا جائے ۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا رات گئے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ڈی جی رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے کارکن محمد ہاشم کے قتل کے بارے میں بیان پر غور کیا گیا ، اجلاس میں کہا گیا کہ ڈی جی رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے کارکن کے قتل کی تحقیقات کی یقین دہانی خوش آئند ہے جس کے بعد ہڑتال کی کال واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس سے پہلے رابطہ کمیٹی نے محمد ہاشم کے قتل کیخلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں آج ہڑتال کا اعلان کیا تھا ۔ ادھر ڈی جی رینجرز بلال اکبر نے خبردار کیا تھا کہ کسی کو بھی ہڑتال کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا متحدہ کے کارکن محمد ہاشم کے قتل کی تحقیقات کرائی جائیں گی ۔ دوسری جانب الطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں محمد ہاشم کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایم کیو ایم کے رہنما عبدالحسیب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا متحدہ کا کوئی کارکن کسی جرم میں ملوث ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے ۔ عبدالحسیب نے کہا محمد ہاشم کے قتل کا سوموٹو ایکشن لیا جائے ۔
 
Top