انیس چہلم ہے آج سرورِ عالی مقام کا (نوحہ)

حسان خان

لائبریرین
چہلم ہے آج سرورِ عالی مقام کا
عریاں ہے سر رسول علیہ السلام کا
زنداں سے چھُٹ کے آئے ہیں مقتل میں اہلِ بیت
لاشہ اٹھانے سبطِ رسولِ انام کا
تیاریاں ہیں دفنِ شہیدانِ پاک کی
مرقد بنا ہے ان میں ہر اک نیک نام کا
فضّہ پکاری بی بیو! آ کر شریک ہو
سجاد دفن کرتے ہیں لاشہ امام کا
بھائی کے ساتھ گاڑ دو اے کاش مجھ کو بھی
تھا یہ بیان زینبِ ناشادکام کا
کہتی تھی بانو ملتا جو اک جام شِیر کا
دلواتی فاتحہ علی اصغر کے نام کا
یا رب دعا ہے تجھ سے یہ ہر دم انیس کی
روضہ دکھا حُسین علیہ السلام کا
(میر انیس)
 
Top