چنے ،چھولے کی مزیدار ڈشیز ۔

چنا چاٹ، چنے کی دال کا حلوہ، چنا پلاؤ اور سب سے پسندیدہ چکڑ چھولے پنجاب بھر میں خاص مقبول ہیں۔نان چنے کے بغیر پنجاب کا ناشتہ ادھورا ہوتا ہے۔پوری چنے بھی بہت شوق سے کھائے جاتے ہیں۔خواتین چنوں کے مختلف پکوان بناتی ہیں۔ ان میں سے چند پکوانوں کی ریسیپیز توجہ فرمائیں۔
چکڑ چھولے

اجزاء:
چکن۔ ایک کلو (بارہ ٹکڑے)
سفید چنے۔ آدھا کلو
دال مسور۔ 3/4 کپ
بیکنگ سوڈا۔ آدھا چائے کا چمچ
ہلدی ۔آدھا چائے کا چمچ
پسی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
دیگی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
پسا دھنیا۔ ایک چائے کا چمچ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
تیل یا گھی۔ 3/4 کپ
پیاز۔ ایک عدد (باریک کٹا)
ادرک،لہسن پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
ٹماٹر۔ دو سے تین عدد (باریک کٹے)
دہی۔ 1/4 کپ
ادرک (باریک کٹا)۔ ایک کھانے کا چمچ
چھولے مصالحہ۔ دو کھانے کے چمچ
اْبلے انڈے۔ چھ عدد
ہرا دھنیا، ہری مرچ۔ گارنش کیلئے
چھولے مصالحہ
زیرہ (بھنا) ۔تین کھانے کے چمچ
ثابت دھنیا (بھنا)۔ دو کھانے کے چمچ
سونف(بھنی)۔ ایک کھانے کا چمچ
اجوائن۔ آدھا چائے کا چمچ
سونٹھ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ
لونگ۔ بارہ عدد
دار چینی۔ چار سے پانچ عدد
بڑی الائچی۔ چار سے پانچ عدد
چھوٹی الائچی۔ چھ سے آٹھ عدد

ترکیب:
1۔ چھولے مصالحہ:ان تمام اجزاء کو پیس کے بوتل میں رکھ لیں اور چکڑ چھولے بناتے ہوئے دو کھانے کے چمچ استعمال کریں۔
2۔پانی میں بیکنگ سوڈا ملا کر چنوں کو رات بھر کیلئے بھگو دیں اور صبح اْسی پانی میں اْبال لیں کہ نرم ہو جائیں۔
3۔دال مسور کچھ دیر بھگو کے اْبال لیں۔
4۔دال مسور کو چنوں میں ملا دیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔
5۔تیل یا گھی میں چکن کو فرائی کر لیں جب رنگت بدل جائے اور چکن تھوڑا گل جائے تو اسے نکال لیں۔
6۔اْسی گھی میں پیاز کو ہلکا فرائی کرکے ادرک،لہسن پیسٹ،پسی لال مرچ،دیگی مرچ، ہلدی، پسا دھنیا،نمک،ادرک، ٹماٹر اور دہی ڈال کے اتنا پکائیں کہ سارا مصالحہ مکس ہو جائے اور گھی اوپر آ جائے۔
7۔اب اس میں چھولے اور دال کا مکسچر ڈال کے مکس کریں اور اسپیشل چھولے مصالحہ ڈال کے تیز آنچ پر مکس کریں۔
8۔لکڑی کے چمچ کی مدد سے چنوں کو دبائیں کہ وہ ٹوٹ جائیں اور مکس ہو جائیں۔
9۔اب چنوں کی آدھی مقدار نکال لیں اور اسے اْبلے انڈوں کے ساتھ پیش کریں اور باقی چنوں میں چکن شامل کرکے تھوڑا پکائیں۔
10۔ان دونوں کو ہرا دھنیا، ہری مرچ کے ساتھ سجا کے پیش کریں۔

چنے کی دال کا حلوہ
اجزاء:
چنے کی دال۔2 کپ چنے کی دال
خشک دودھ۔دوپیالی۔
چینی۔آدھا کپ۔
گھی۔اڑھائی پیالی۔
سبز الائچی۔15 عدد
بادام۔آدھا کپ ابلے (کٹے ہوئے)
پستے۔ایک چوتھائی کپ
اخروٹ۔حسبِ ضرورت
کھویا۔حسبِ ضرورت

ترکیب:
1۔پہلے چنے کی دال نیم گرم پانی میں سے دھو کر دوبارہ نیم گرم پانی میں ڈال کر اُبال (boil) لیں۔
2۔جب وہ گَل جائے تو اسے ٹھنڈا کرکے چوپر میں پیس لیں۔
3۔اب کڑاہی میں گھی گرم کرکے ایک چائے کا چمچ چینی کے ساتھ پسی ہوئی چھوٹی الائچی فرائی کریں۔
4۔جب خوشبو آنے لگے تو اس میں دال شامل کرکے خوب اچھی طرح بھونیں اور براؤن ہونے پر اس میں اڑھائی کپ چینی ڈال دیں۔
5۔چینی کا شیرہ الگ ہونے لگے تو اس میں خشک دُودھ اور باریک کٹے اخروٹ شامل کرکے اچھی طرح بھون لیں۔
6۔پھر تیل الگ ہونے پر تیار حلوے کو ایک بڑی ڈِش میں تھوڑی چکنائی لگا کر پھیلا کر رکھیں۔
7۔آخر میں کھویا، باریک کٹے اور ابلے بادام اور باریک کٹے پستے ڈال کر مزے دار چنے کی دال کا حلوہ سرو کریں۔

چنا پلاؤ
اجزاء:
چاول۔ سات سو پچاس گرام
پیاز۔ ایک کپ
ابلے چنے۔ تین کپ
دہی۔ ایک چوتھائی کپ
تیل۔ تین چوتھائی کپ
نمک۔ حسبِ ذوق
زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ
ادرک لہسن پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
بڑی الائچی دانہ۔ آدھا چائے کا چمچ
دار چینی۔ دو سے تین اسٹکس
ثابت ہری مرچ۔ آٹھ سے دس
ٹماٹر۔ تین سے چار
کالی مرچ۔ چھ سے آٹھ
لونگ۔ چھ سے آٹھ
ہری الائچی۔ چار سے پانچ
تیز پتا۔ ایک عدد
چکن کیوبز۔ دو عدد
سلاد۔ سرونگ کے لئے
رائتہ۔ سرونگ کے لئے

ترکیب:
1۔ایک پین میں تیل کو گرم کر کے پیاز کو براؤن کر لیں۔
2۔ساتھ ہی گرم مصالحہ اور زیرہ ڈال دیں۔
3۔اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ،کٹے ٹماٹر،ثابت ہری مرچ اور پھینٹا ہوا دہی شامل کر کے ڈھک کر اتنا پکائیں کہ تیل علیحدہ ہو جائے۔
4۔پہلے سے ابلے چنے شامل کر کے مزید چھ سےآٹھ منٹ پکائیں۔پھر اس میں نمک اور چکن کیوبز ڈالیں۔
5۔آخر میں بھیگے ہوئے چاول شامل کر کے تھوڑا سا پانی ڈال کر پکائیں۔
6۔جب پانی خشک ہونے لگے تو پین کو توے کے اوپر رکھیں اور دم پر چھوڑ دیں۔
7۔تیار ہونے پر رائتہ اور سلاد کے ساتھ سرو کریں۔

چنا چاٹ
اجزاء:
سفید چنے ۔ چار سو گرام (ابلے ہوئے)
پیاز۔ آدھی (کٹی ہوئی)
ٹماٹر ۔ ایک کپ (کٹا ہوا)
ہرا دھنیا ۔ آدھی گٹھی (کٹا ہوا)
ہری مرچ ۔ ایک عدد (بڑی، کٹی ہوئی)
املی کا پیسٹ۔ پانچ کھانے کے چمچ
آلو بخارے کا پیسٹ ۔ چار کھانے کے چمچ
آلو ۔ ایک عدد (ابلا اور سلائس میں کٹا ہوا)
نمک ۔ حسب ذائقہ
کالی مرچ ۔ ایک چائے کا چمچ (کٹی ہوئی)
سفید زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ (بھنا اور کٹا ہوا)
چاٹ مصالحہ۔ حسب ضرورت
دہی ۔ ایک کپ

ترکیب:
1۔ایک پیالے میں چنے، پیاز، ٹماٹر، ہرا دھنیا، ہری مرچ، املی کا پیسٹ، آلو بخارے کا پیسٹ، آلو، نمک، کالی مرچ، سفید زیرہ اور چاٹ مصالحہ ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔
2۔اس کےاوپر دہی، پاپڑی اور چاٹ مصالحہ ڈال کر پیش کریں ۔
روزنامہ جنگ
 
Top