امیر مینائی پلا ساقیا ارغوانی شراب ۔ امیر مینائی

فاتح

لائبریرین
پلا ساقیا ارغوانی شراب
کہ پیری میں دے نوجوانی شراب

وہ شعلہ ہے ساقی کہ رنجک کی طرح
اڑا دیتی ہے ناتوانی شراب

کہاں بادۂ عیش تقدیر میں
پیوں میں تو ہو جائے پانی شراب

نہ لایا ہے شیشہ نہ جام و سبو
پلاتا ہے ساقی زبانی شراب

کہاں عقلِ برنا کہاں عقلِ پیر
نئے سے ہے بہتر پرانی شراب

مرے چہرۂ زرد کے عکس سے
ہوئی ساقیا زعفرانی شراب

ہوئے مست دیکھا جو پھولوں کا رنگ
پیالوں میں تھی ارغوانی شراب

کہاں چشمۂ خضر کیسے خضر
خضر میں مری زندگانی شراب

خضر ہوں اگر میں تو جا کر پیوں
سرِ چشمۂ زندگانی شراب

گلستاں ہے پھولوں سے کیا لعل لعل
چلے ساقیا ارغوانی شراب

عجب ساقیِ گندمی رنگ ہے
کہ پرتو سے بنتی ہے دھانی شراب

رہے طاق پر پارسائی امیرؔ
پلائے جو وہ یار جانی شراب

امیر مینائی
از: دیوانِ امیر مینائی معروف نہ اسمِ تاریخی مراۃ الغیب​
 
انجانا

محفلین
خوبصورت غزل ہے۔
براہ کرم ان الفاظ کے معنی بتائیں تو غزل سمجھنے میں آسانی ہو۔

رنجک
عقل برنا
 
فاتح

لائبریرین
خوبصورت غزل ہے۔
براہ کرم ان الفاظ کے معنی بتائیں تو غزل سمجھنے میں آسانی ہو۔

رنجک
عقل برنا
رنجک: بارود جو بندوق یا توپ کے پیالے میں آگ دینے کے واسطے رکھی جاتی ہے۔
رنجک اڑانا: رنجک (بارود) میں آگ دینا۔
یعنی شراب وہ شعلہ ہے جو بارود کی طرح ناتوانی کو اڑا دیتی ہے۔
برنا: پیر، بوڑھے یا ضعیف کی ضد یعنی جوان اور نو عمر
کہاں نوجوان کی عقل اور کہاں عمر رسیدہ شخص کی عقل
 
بہت شکریہ فاتح صاحب۔ برنا کے معنی تو مجھے معلوم نہیں تھے۔ رنجک کے معنی میں مجھے شک تھا کیوں کہ ہماری زبان پشتو میں بھی رنجک انہیں معنوں میں مستعمل ہے جو آپ نے بتائے۔ نوازش
 
فاتح

لائبریرین
بہت شکریہ فاتح صاحب۔ برنا کے معنی تو مجھے معلوم نہیں تھے۔ رنجک کے معنی میں مجھے شک تھا کیوں کہ ہماری زبان پشتو میں بھی رنجک انہیں معنوں میں مستعمل ہے جو آپ نے بتائے۔ نوازش
انجانا صاحب (معذرت کہ آپ کے اصل نام سے واقف نہیں) آپ درست فرما رہے ہوں گے کیونکہ خطے کی اکثر زبانوں کے کئی الفاظ ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔
عرض کرتا چلوں کہ بَرنا فارسی کا جب کہ رَنجَک ہندی کا لفظ ہے۔
 
Top