پروف ‌ریڈنگ کیا ہے؟

زیک

مسافر
میری ذاتی رائے یہ ہے کہ برقیانے کے حوالے سے پروف‌ریڈنگ صرف یہ ہے کہ اصل کتاب اور ٹائپ‌شدہ مواد بالکل ایک سا ہو۔ اس سے زیادہ پروف‌ریڈنگ کا کوئی کام نہیں۔

آپ لوگوں کا کیا خیال ہے؟
 

الف عین

لائبریرین
نہیں زکریا۔ میں متفق نہیں۔ دوسرے پروجیکٹس کو ہی دیکھیں۔ کیا گٹن برگ والے بھی یہ ساری تفصیلات دیتے ہیں کہ کتاب کہاں چھپی، اس کی قیمت کتنی ہے۔ وغیرہ۔ ہاں، جہاں تم محض اصل متن کا سوال ہے، پروف ریڈنگ محض اس کا نام ہے کہ وہ دونوں شکلوں میں یکساں ہو۔ ہاں اگر املا میں کچھ وقت کے ساتھ تبدیلیاں آ گئی ہیں، یا کہیں کوئ غلط املا لکھی گئ ہے تو اس کی اصلاح ضرور کی جائے۔ یہ نہیں کہ اصل کتاب میں اگر ’ہے‘ کو ’ھے‘ لکھا گیا ہے تو آپ بھی ’ھے‘ ہی لکھیں ای بک میں۔۔
اس کے علاوہ کتاب در اصل محض اصل متن کا نام ہے، کور ٹو کور ہر چھپے لفظ کا نہیں۔ دیوانِ غالب کو ہی لیجئے۔ مرقعِ چغتائ بھی دیوانِ غالب ہے جس میں چغتائ کی تصویریں شامل ہیں، لیکن کلام وہی ہے۔ سردار جعفری کا نسخہ ہے، یا کالی داس وفا کا، ان کی خصوصیات ان کے مقدمے ہیں۔ تو اگر آپ وہ مقدمے بھی شامل کریں تو یہ آپ دیوان غالب مرقع چغتائ کی ای بک بنا رہے ہیں، محض دیوعانِ گالب کی نہیں۔ اصل متن کو ہی ہم کاپی رائٹ فری کہہ سکتے ہیں، چغتائ، جعفری ایڈیشنس کو نہیں۔
کسی مصنف کا کاپی رائٹ بھی محض اصل متن سے عبارت ہے۔ اگر اس متن کے ساتھ اور مواد بھی ہے تو اس کا کاپی رائٹ ناشر کا ہوتا ہے۔
غرض مقصد یہ ہے کہ ہم کو کوشش کرنی ہے کہ ہم محض اصل مواد دیں جو خود مصنف کا ہے، اور فلیپ، مقدمے، ناشر اور مصنف کے پتے یہ سب شامل کرنے سے گری کریں۔
کل سے جو میں خواجہ بخارا کی پروف ریڈنگ میں لگا ہوں تو میں نے محض اصل مصنف اور مترجم کا نام رہنے دئے ہیں۔ باقی سب حذف کر دئے ہیں۔
 

محمد وارث

لائبریرین
میں کوئی پچھلے عرصہ تین چار سال سے پروجیکٹ گٹن برگ کے پروجیکٹ Distributed Proofreaders کا ممبر ہوں کہ وہیں سے کتابیں پروف ریڈ ہو کر گٹن برگ پر جاتی ہیں۔ اور کئی کتابوں کی پروف ریڈنگ پر کام بھی کر چکا ہوں۔ انکی گائیڈ لائنز کے مطابق پروف ریڈنگ یہی ہے کہ ٹائپ شدہ متن کو کتاب کے اصل متن کے ساتھ سو فیصدی مطابقت ہونی چاہیے۔ اور اگر اصل کتاب میں کوئی غلطی ہے، چاہے وہ سپیلنگ کی غلطی ہے تو اسکو صحیح نہیں کرنا۔

لیکن یہ اس معاشرے کا معیار ہے جہاں علم و ادب کے کام کو "عبادت" کی حد تک درجہ دیا جاتا ہے۔ ناشر اور مصنف اصل کتاب کو مارکیٹ میں لانے سے پہلے کئی کئی بار اسکی پروف ریڈنگ کرتے ہیں اور انکی کوشش یہی ہوتی ہے کہ کتاب میں "زیرو ایرر" ہو۔ لہذا جب وہ کتاب برقیائی جاتی ہے تو اس میں پروف ریڈنگ کے اتنے مسائل نہیں ہوتے۔

اب آئیے اپنے حالات کی طرف، میرا ذاتی تجربہ ہے، اور ایک نہیں کئی کتابوں کے ساتھ کہ آجکل ہمارے ناشر اردو ٹائپنگ کیلیے ایف۔اے پاس لڑکے رکھتے ہیں، وہ جب کوئی ادق کتاب جیسے فلسفے کی یا تاریخ کی کاپی رائٹ فری کتاب، ٹائپ کرتے ہیں تو بیسیوں ایسے الفاظ انکے سامنے آتے ہیں جو کبھی انہوں نے سنے بھی نہیں ہوتے اور وہ ان کو عجیب سے لگتے ہیں لہذا ٹائپ کرتے ہوئے انکو جو لفظ مناسب لگتا ہے اسکو لکھ دیتے ہیں اور ناشر تو کتاب مارکیٹ میں لانے کے چکروں میں ہوتا ہے، عرق ریزی سے پروف ریڈنگ کون کرتا ہے۔ میرے پاس کئی ایسی کتب ہیں جو جدید کمپیوٹرز پر کمپوز ہوئی ہیں لیکن ان میں فاش غلطیاں ہیں، اور بعض دفعہ تو قدرے سوچنا پڑتا ہے کہ مصنف یہ کیا لکھ گیا ہے اور بعد میں عقدہ کھلتا ہے کہ اصل لفظ تو کوئی اور ہے۔

اسی طرح املاء کی غلطیاں اردو میں عام ہیں، جیسے زکریا کو "ذکریا" لکھ جانا (زکریا سے معذرت کے ساتھ) یا معذرت کو "معزرت" لکھ جانا۔ پھر شاعری کی کتب میں اضافتوں کی بے شمار غلطیاں ہوتی ہیں۔ اور اب جب کہ میں کچھ اردو کتب کو برقیانے پر کام کر رہا ہوں، ان اغلاط کا بھر پور احساس ہو رہا ہے۔

لہذا، میرا ذاتی خیال یہ ہے، کہ اردو کتب کو برقیاتے وقت اور انکی پروف ریڈنگ کرتے وقت اگر کوئی غلطی، کسی بھی قسم کی، نظر آئے تو اسے درست کردینا چاہیئے، وگرنہ ہوگا یہ کہ ویب پر قاری اسے اصل کتاب کی غلظی کی بجائے، برقیانے والے کی ہی غلطی سمجھے گا۔ باقی رہے "کلاسیکس" کی بات تو انکی املاء کو نہیں چھیڑنا چاہیے جسیے کہ دیوانِ غالب کے نسخہٌ مہر میں مولانا غلام رسول مہر نے کیا تھا۔ غالب کی املاء "آوے" اور "فرماویں" تھی انہوں نے اس کو "آئے" اور "فرمایں" نہیں بنایا جیسا کہ بعض مرتبین اب کر رہے ہیں۔


۔
 

زیک

مسافر
نہیں زکریا۔ میں متفق نہیں۔ دوسرے پروجیکٹس کو ہی دیکھیں۔ کیا گٹن برگ والے بھی یہ ساری تفصیلات دیتے ہیں کہ کتاب کہاں چھپی، اس کی قیمت کتنی ہے۔ وغیرہ۔ ہاں، جہاں تم محض اصل متن کا سوال ہے،

میں صرف متن کی بات کر رہا ہوں۔ مقدمہ، قیمت اور ایسی دوسری چیزیں تو نکال ہی دینی چاہئیں۔
 

الف عین

لائبریرین
لیکن خواجہ بخارا والی ای یک میں ناشر کا نام، پتہ سب تھا۔ میں یہ سب نکال دیتا ہوں۔ پروف ریڈنگ تو میں ہی یہ کہہ رہا ہوں کہ محض مصنف کا اپنا متن کی ہی جانچ کی جائے۔
 
Top