پاک امریکی فوجی تعلقات کی مضبوطی

Fawad -

محفلین
فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ

امریکی چیف آف نیول آپریشنز ایڈمرل گرینرٹ کی وزیر اعظم نوازشریف اور اعلی عسکری حکام سے ملاقاتیں


اسلام آباد (۱۳ مئی ۲۰۱۴ء)___امریکی چیف آف نیول آپریشنز ایڈمرل جوناتھن گرینرٹ اسلام آباد اور کراچی میں وزیر اعظم نواز شریف اور اعلی فوجی حکام سے ملاقاتوں کے بعد آج پاکستان سے روانہ ہوگئے۔ایڈمرل گرینرٹ اور وزیر اعظم نوازشریف نے علاقائی استحکام کے لئے پاک امریکہ سلامتی کے تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور مضبوط تر اشتراک کار کے فروغ اور مشترکہ اغراض ومقاصد کے حصول کے لئے مل جل کرکام کرنے پر اتفاق کیا۔

ایڈمرل گرینرٹ نے کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اُن کے مزار پر حاضری دی ، پاکستان کے نیول اسٹیشن "رہبر "میں فوجیوں سے ملاقات کی اور نیوی عجائب گھر کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے ساحلی علاقوں کے کمانڈر ریئر ایڈمرل سید عارف اللہ حسینی اور پاکستانی بیڑے کے کمانڈر وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق سے بھی ملاقات کی۔

ایڈمرل گرینر ٹ نے وفاقی دارالحکومت میں اپنے دورہ کے آخر میں وزیر اعظم نوازشریف ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل آصف سندھیلہ اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ اور دیگر سینئر فوجی حکام سے سلامتی کے متعددمشترکہ امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

امریکہ پاکستانی سیکورٹی فورسزکی شورش سے نمٹنے اور دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے پاکستان کی امداد جاری رکھے گاجو کہ مغربی سرحدی علاقوں میں تشدد کا سدباب کرنے کے لئے اشد ضروری ہیں۔ ۲۰۰۲ ء سے اب تک پاکستان سلامتی میں اعانت اور اخراجات کی ادائیگیوں کی مد میں سولہ ارب ڈالر سے زیادہ وصول کرچکا ہے۔ اپنی سرزمین سے دہشت گردی اور عسکریت پسندی کی بیخ کنی کےلئے پاکستان کی پُرعزم کوشش اقتصادی ترقی اور خوش حالی کے فروغ کے لئے مستحکم فضا کے قیام کے لئے ناگزیر ہے۔

فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ

www.state.gov

http://www.facebook.com/USDOTUrdu
 
Top