پاک افغان سرحد پر آباد قبائلیوں کا جرگہ، فورسز سے تعاون کا اعلان

پاک افغان سرحد پر آباد قبائلیوں کا جرگہ، فورسز سے تعاون کا اعلان

غلنئی (نمائندہ جنگ)پاک افغان سرحد پر آباد قبیلوں کے عمائدین اور امن کمیٹی کے سربراہوں کا گرینڈ امن جرگہ ہوا۔ جس میں سیکڑوں مشران اورلوگوں نے شرکت کی ۔ جرگے نے حکومت اور فورسز سے مکمل تعاون کا اعلان کر دیا۔ مشکوک افراد کے بارے میں فورسز، امن کمیٹی اور پولیٹیکل انتظامیہ کو بروقت اطلاع دینے کا فیصلہ اور خود بھی شرپسندوں کے خلاف کارروائی کا عزم کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مہمند ایجنسی کی پاک افغان سرحد پر واقع تحصیل بائیزئی کے علاقہ عیسی خیل شندرہ میں آباد تمام قبیلوں اور امن کمیٹیوں کا ایک امن جرگہ ہوا۔ جرگے میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ہم سرحدی دیہات کے لوگ فورسز اور امن کمیٹیوں کے ساتھ غیر مشروط طور پر حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ ملک حاجی زرجان کے حجرے میں قوم عیسیٰ خیل، اتمرخیل، میروخیل، بابازئی اور سڑہ خوا کے مشران ملک صنوبر، ملک مسکین، ملک زرے طورخیل، ملک تاجے، ملک زبیر اور ملک خانزادہ عیسی خیل نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک افغان سرحد پر آباد بسنے والے قبائل نے ہمیشہ پاکستان سرحدوں کی حفاظت کی ہے اورہم بھی اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چل کر سرحدوں کی حفاظت کریں گے۔ ہم ملکی سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور فورسز اور امن کمیٹیوں کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر لڑیں گے دہشت گردوں کے خاتمے تک ان کے ساتھ ہونگے۔

http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=210907
 
Top