پاکستان کے غیر مسلم ہیرو

فرحت کیانی

لائبریرین
پاکستان اور پاکستانیت کے بارے میں میری پہلی یادیں پاکستانی جھنڈے سے وابستہ ہیں اور مجھے ابھی بھی سکول کی ابتدائی جماعتوں میں پڑھائے گئے اسباق یاد ہیں جن میں پاکستانی پرچم کے سبز و سفید رنگ کی تشریح کی جاتی تھی۔ اتفاق سے پاکستان میں رہتے ہوئے بھی میرا غیر مسلموں سے کافی میل جول رہا چاہے وہ ایک ہی سکول میں پڑھنے کی وجہ سے ہو، بعد میں عملی زندگی میں ساتھیوں کی صورت میں یا کسی اور صورت میں ہو۔ پاکستان سے باہر تو خیر آپ خود ہی اقلیت ہوتے ہیں۔
خیر پچھلے کچھ عرصے سے بلکہ جب سے میں عملی زندگی میں آئی ہوں اورمعاشرے کی حقیقتوں کو کتابوں سے باہر نکل کر دیکھنااور سمجھنا شروع کیا ہے،مجھے اندازہ ہوا ہے کہ بے حد خوش امید ہونے کے باوجود بہت سی حقیقتیں ایسی ہیں جو آپ کو مایوس کر دیتی ہیں۔ اور مجھے جو بات گزشتہ چند برسوں میں شدت سے محسوس ہو رہی ہے وہ ہے ہم عام لوگوںمیں بڑھتی ہوئی مذہبی و ثقافتی منافرت۔ میں نے سکول کے بچوں میں مسلم و غیر مسلم کے بارے میں مباحثوں کے بارے میں سنا ہے، صوبائی منافرت تو خیر مذہب سے بھی بالاتر ہے۔ایسی صورت میں مجھے اور تو کوئی طریقہ نہیں ملتا ۔ میں یہی سوچتی ہوں کہ جہاں صورت نکلے وہاں انٹر فیتھ برداشت کے بارے میں گفتگو کی جائے۔ اور جب میں پاکستان کے لیے غیر مسلم پاکستانیوں کی قربانیوں اور خدمات کے بارے میں پڑھتی یا سوچتی ہوں تو میرا دل ان کے لیے تشکر سے لبریز ہو جاتا ہے کہ کیسے کیسے ہیرے اور ہیرو تھے جب کہ ہمارےاپنے لوگوں میں سے کیسے کیسے کھوٹے سکے تھے جنھوں نے مذہب یا حب الوطنی کے نام پر ملک کو بڑے سے بڑا نقصان پہنچا ڈالا۔
چند دن قبل گھر میں ہمارے موجودہ جسٹسِ اعلیٰ کے اوصاف کے بارےمیں ذکر ہو رہا تھا تو میرے والد نے جسٹس کیانی اور جسٹس کارنیلئس کے بارے میں بتایا کہ کس طرح انھوں نے خود کو ہر طرح کے متنازعہ حالات سے دور رکھا اور سخت حالات اور دباؤ کے باوجود اپنے عہدے کے تقدس کو قائم رکھا۔ چلتے چلتے بات رانا بھگوان داس تک آئی اور پھر وہیں سے پاکستان کے غیر مسلم ہیروز کا ذکر شروع ہوا۔
میں بہت عرصے سے اس موضوع پر کچھ نہ کچھ پڑھنے کی کوشش میں ہوں لیکن ڈھونڈے سے بھی کچھ زیادہ معلومات نہیں مل سکیں اور اردو میں تو یہ مواد مزید کم رہ جاتا ہے۔ اس دن کی گفتگو نے مزید تحریک دی۔ آن لائن ڈھونڈا تووہی چند پوسٹس ملیں ۔ سوچا اردو محفل سے مدد لینی چاہیے۔ لہٰذا آپ لوگوں سے درخواست ہے کہ ممکن ہو تو یہاں پاکستان کے ماضی یا حال کی اہم غیر مسلم شخصیات چاہے وہ مشہور ہوں یا گمنام ، کی معلومات یہاں پوسٹ کریں۔ اس طرح ہم کافی سارا مواد ایک جگہ پر اکٹھا کر سکیں گے۔
بہت شکریہ
 
Top