پاکستان توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہوا سے بجلی پیدا کرے : ہالبروک

اسلام آباد (ریڈیو نیوز) امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ ہالبروک نے کہا پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہوا سے بجلی پیدا کرے اگر آپ جرمنی جائیں تو ہر جگہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے نظر آتے ہیں تو پھر پاکستان کیوں ہوا سے بجلی پیدا نہیں کر سکتا پاکستانی سمندر میں تیز ہوائیں آتی ہیں جس سے آسان اور مفت بجلی حاصل کر سکتے ہیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا امید ہے کہ جب ہم دس سال بعد پاکستان آئیں گے تو ہر جگہ ایسے منصوبے نظر آئیں گے۔ پاکستان‘ امریکہ دوطرفہ تجارتی معاہدے کے سوال پر کہا اس حوالے سے امریکی حکومت کو مرکزی پالیسی بنانے میں مسائل کا سامنا ہے۔ پروگرام میں موجود ہالبروک کی سینئر معاشی مشیر میری بیتھ گڈمین نے کہا حالیہ دنوں میں پاکستانی حکومت کے دوطرفہ تجارتی معاہدے پر پہلے بات ہوئی اور اس سلسلے میں دوبارہ مذاکرات کریں گے جبکہ دسمبر کے شروع میں اس پر کانفرنس بھی ہو گی اور اگلے سال بات چیت کیلئے امریکی وفد بھی پاکستان آئے گا تاخیر کی وجہ یہ ہے کہ کانگریس اس حوالے سے ایک بنیاد پر کام کر رہی ہے جو تمام معاہدوں کیلئے ضروری ہو گی۔ امریکی کانگریس کسی نئے آزادانہ تجارت کے معاہدے پر کام نہیں کر رہی اس کیلئے ٹریڈ پروموشن اتھارٹی چاہئے ہماری حکومت کے پاس اس حوالے سے مذاکرات کرنے کی اجازت نہیں رچرڈ ہالبروک کا کہنا تھا ہم پہلے سرمایہ کاری کے معاہدے پر توجہ دینا چاہتے ہیں جبکہ انٹر پرائس فنڈ پر بھی توجہ دینا چاہتے ہیں جو کیری لوگر بل کا حصہ ہے یہ سرکاری نجی فنڈ ہو گا جو دوسرے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ اس فنڈ کو 6 کروڑ ڈالر کے سرمائے سے شروع کریں گے جسے 30 کروڑ ڈالرتک بڑھایا جا سکتا ہے یہ فنڈ خود بخود اپنے لئے مالی وسائل لائے گا کانگریس کی طرف سے ری کنسٹرکشن مواقع زون کی منظوری نہ دینے کے سوال پر کہا اس میں کئی مشکلات ہیں پچھلے سال ایوان نمائندگان سے متفقہ طو پر منظور کرالیا مگر سینٹ کی مالیاتی کمیٹی نے کوئی توجہ نہ دی۔ ہم اس میں تبدیلیاں کرکے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں۔ ہالبروک نے کہا آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان کا امریکہ سے اچھا کوئی دوست نہیں پاکستان کی حمایت کیلئے کچھ بھی کریں گے۔ امریکی مڈٹرم انتخابات میں شکست کے سوال پر کہا اس سے فرق پڑے گا ایوان نمائندگان کو چلانے والے ری پبلکنز کی طرف سے اضافی دباﺅ ضرور پڑے گا تاہم کولیشن سپورٹ فنڈ میں کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ یہ امریکہ کی ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی رقم واپس کرے۔ صدر زرداری نے یہ معاملہ اٹھایا تھا اس رقم کا حجم اربوں ڈالر میں تھا پاک فوج کے ساتھ ملکر اس حساب کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے بہت سے اقدامات کر رہے ہیں ہم پاکستان میں اکاﺅنٹنٹ اور آڈیٹرز بھیج رہے ہیں۔ میری بیتھ گڈمین نے کہا اس حوالے سے پاکستانی میڈیا مبالغہ آرائی سے کام لے رہا ہے ہم نے 2009ء کے تمام مطالبات پر کام مکمل کر لیا ہے اور حکومت پاکستان کو ادائیگی کر دی ہے۔ 2010ء کی ادائیگی جلد ہو جائے گی۔ ہم اس حوالے سے شفافیت لا رہے ہیں کچھ مطالبات مسترد بھی کئے جاتے ہیں ہالبروک نے بتایا کولیشن سپورٹ فنڈ کی رقم احتیاط سے تقسیم کر رہے ہیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں‘ فاٹا اور سوات میں جگہیں تلاش کر رہے ہیں جہاں رقم کی ادائیگی ہو سکے۔ فوج کو کارروائیوں کیلئے رقم کی ضرورت ہوتی ہے لہذا یہ ضروری ہے کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی رقم اسے ملے ریفارمڈ جی ایس ٹی کے حوالے سے کہا پاکستان میں محصولات کے اقدامات ضروری ہیں پاکستانی حکومت کی مشکلات سمجھتے ہیں پاکستان کے امیروں کی ٹیکس ادا کرنے کی شرح کم ہے اس حوالے سے تنقید درست ہے ریفارمڈ جی ایس ٹی پاکستان کو خودانحصاری کی طرف لے جائے گا۔
http://www.nawaiwaqt.com.pk/pakistan-news-newspaper-daily-urdu-online/National/17-Nov-2010/44791
 
Top